ــــــ 1 ــــــ
ابو حوراء سعدی کہتے ہیں: میں نے حسن بن علی رضی اللہ عنہ سے پوچھا: آپ کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی کچھ باتیں یاد ہیں؟ انھوں نے فرمایا: ایک مرتبہ آپ مجھے اُس کمرے میں لے گئے، جہاں صدقے کا مال پڑا ہوتا تھا ۔مجھے اتنا یاد ہے کہ میں نے صدقے کی ایک کھجور وہاں سے اٹھا کر اپنے منہ میں ڈال لی۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس پر لگے ہوئے تھوک سمیت اُسے باہر نکالا اور دوسری کھجوروں میں ڈال دیا۔ ایک شخص نے یہ دیکھا تو کہا: اگر یہ ایک کھجور کھا لیتے تو کیا ہو جاتا؟ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہم صدقے کا مال نہیں کھاتے۔ سیدنا حسن کا بیان ہے کہ آپ فرمایا کرتے تھے: اُن چیزوں کو چھوڑ کر جو شک پیدا کرتی ہیں، بے شبہ چیزیں اختیار کیا کرو، اِس لیے کہ سچائی اطمینان اور جھوٹ سراسر تردد اور خلجان ہے۔ (مسند احمد، رقم 1723)
ــــــ 2 ــــــ
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ غرور و تکبر خیمے والوں میں ہے جو چِلّا کر بولتے ہیں اور وقار و اطمینان بھیڑ بکری والوں میں ہے۔ (مسلم، رقم 80)
ــــــ 3 ــــــ
حضرت ابوسعید خدری اور ابوہریرہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عزت پروردگار کی ازار اور بزرگی اُس کی ردا ہے ۔ اللہ فرماتا ہے: جو شخص اِن چیزوں کو مجھ سے لینے کے لیے جھگڑے گا، میں اُس کو عذاب دوں گا۔ (مسلم، رقم 4758)