مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]دسمبر 2023ء[ حدیث کے مشمولات اور اس کی حیثیت

شاہد محمود اردو

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام گذشتہ کچھ عرصے سے 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ”حدیث کیا ہے؟“ کے موضوع پر بحث چل رہی ہے۔ ماہ نومبر کے مہینے میں اس موضوع کے تحت حدیث کے مشمولات اور اس کی حیثیت پر گفتگو ہوئی۔ اس میں غامدی صاحب نے بتایا کہ حدیث میں کون سی چیزیں بیان ہوتی ہیں اور جب کسی حدیث کے ذریعے سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی فیصلہ ہم تک پہنچ جائے تو اس کی کیا حیثیت ہو گی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

”اسرا و معراج“، ’شق القمر“ اور ”نزول مسیح“

یہ المورد، امریکہ کے ریسرچ اسکالر اور ماہنامہ ”اشراق، امریکہ“ کے مدیر سید منظور الحسن کی تالیفات ہیں۔ ان کو منظورالحسن صاحب نے’’غامدی صاحب کے فکر پر 23 اعتراضات کے جواب میں‘‘ کی اقساط سے اخذ کر کے تحریر کیا ہے۔ مصنف نے ان کتابوں میں روایتی نقطۂ نظر کی تشریح کی ہے، اُس کے دلائل کا تجزیہ کیا ہے اور اُس کے مقابل میں غامدی صاحب کے موقف کو پوری وضاحت کے ساتھ پیش کر دیا ہے۔

مزید برآں تفصیلی بحثیںاجزا میں تقسیم کی ہیں اور اشارات کی وضاحت اور اجمالی نکات کی تفصیل کی ہے۔حسبِ موقع غامدی صاحب کی تصانیف سے متعلقہ اقتباس نقل کیے ہیں۔ تشریح و توضیح اور تائید و تاکید کے لیے جلیل القدر اہل علم کی کتابوں کے حوالے بھی درج ہیں۔ یہ تینوں کتابیں شائع ہو چکی ہیں اور مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔

” قصر نماز “

یہ محمد حسن الیاس صاحب کا مضمون ہے۔ اس مضمون میں انھوں نے قصر نماز کے حوالے سے سورۂ نسا کی آیت 101 کو زیر بحث لاتے ہوئے بیان کیا ہے کہ جنگ کے سفر میں پیدا ہونے والی افراتفری اور پریشانی والی کیفیت اگر دوسرے کاموں میں پیدا ہو جائے تو عقل کا تقاضا ہے کہ ان کاموں میں بھی نماز میں کمی کی رخصت دی جانی چاہیے۔ سیدنا ابن عباس کی ایک روایت سے استدلال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اسی عقلی اور فطری اصول کو سامنے رکھ کر اس آیت سے قیاس کیا ہے کہ عام سفروں میں اضطراب، افراتفری اور پریشانی سے اندیشہ کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے، لہٰذا وہاں بھی نماز کو قصر کیا جا سکتا ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق، امریکہ‘‘ کے نومبر کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

ہفتہ وار درس قرآن و حدیث

نومبر کے مہینے میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی 16نشستوں کا انعقاد ہوا۔ غامدی صاحب نے ان نشستوں میں سورۂ نحل (16) کی آیات96تا115 کا درس دیا۔ درسِ حدیث میں’’توہم پرستی‘‘، ’’اتمام حجت اور عذاب‘‘ اور ’’جنت کی حور‘‘ جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

’’دین کے طلبہ کے لیے غامدی صاحب کا پیغام ‘‘

یہ مضمون جناب جاوید احمد غامدی کی گفتگو سے ماخوذ ہے جو انھوں نے ملایشیا میں مختصر قیام کے دوران میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں زیر تعلیم پی ایچ ڈی کے طلبہ سے کی۔ مصنف نے اس مضمون میں غامدی صاحب کی طلبہ کو کی گئی نصیحتوں کو ضروری حک و اضافے کے بعد درج کیا ہے۔ اس مضمون کو ’’اشراق، امریکہ‘‘ کے نومبر کے شمارے میں دیکھا جا سکتا ہے۔

”الاسلام“ اور ’’مقامات‘‘ کا عربی میں ترجمہ

جاویداحمد غامدی صاحب کے افکار کو عالم عرب سے متعارف کرانے کے لیے اُن کی کتابوں کے عربی تراجم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اِ س سلسلے کا پہلا قدم ’’الاسلام“ اور ’’مقامات‘‘ ہیں۔ یہ دونوں کتابیں ”غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ“ اور عالم اسلام کے مشہور مکتبہ ’’دار القلم‘‘ کے اشتراک سے شائع ہو گئی ہیں اور مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ ان کتابوں کے ای ورژن بھی تیار ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر خالد ظہیر کا پروگرام

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ڈاکٹر خالد ظہیر کے سوال و جواب کے ہفتہ وار پروگرام کا کینیڈا سے آغاز ہو چکا ہے۔ اس پروگرام کے میزبان ملک فیصل اسلم صاحب لوگوں کی طرف سے بھیجے گئے سوالات ڈاکٹر خالد ظہیر کے سامنے رکھتے ہیں اور خالد ظہیر صاحب قرآن و حدیث کی روشنی میں ان کے جوابات دیتے ہیں۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کا انگریزی زبان میں خلاصہ

اس ویڈیو سیریز میں غامدی صاحب کے افکار پر روایتی مذہبی فکر کی طرف سے کیے گئے اعتراضات اور تنقیدات کو زیرِ بحث لایا جاتا ہے۔ ڈاکٹر شہزاد سلیم اس سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کریں گے، جو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کیائے گا۔

مدرسۃ الاصلاح کا قیام

”حیات امین“ کے عنوان سے مولانا امین احسن اصلاحی کی سوانح سلسلہ وار ”اشراق، امریکہ“ میں شائع ہو رہی ہے۔ گذشتہ ماہ اس کی تیسری قسط شائع ہوئی۔ اس میں نعیم بلوچ صاحب نے مولانا کے مدرستہ الاصلاح میں داخلے اور وہاں پر ابتدائی تعلیمی مشکلات کا ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ مدرستہ الاصلاح کے قیام، منہج، نصاب اور تعلیمی مقاصد کو بھی بیان کیا ہے۔ مضمون کے آخر میں مصنف نے مدرستہ الاصلاح کے حوالے سے اپنے تاثرات کو بھی بیان کیا ہے۔

شہزاد سلیم صاحب کے نجی مشاورتی سیشن

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ لوگوں سے نجی طور پر ملاقاتیں کرتے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں شہزاد سلیم صاحب سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ ڈاکٹر شہزاد سلیم نے مختلف لوگوں کے ساتھ 15پرائیویٹ سیشن کیے۔ ان ملاقاتوں میں لوگوں نے شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری اور ازدواجی مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔

’’میرا کیا بنے گا؟‘‘

یہ سوال غامدی سینٹر کے ہفتہ وار پروگرام ’’سوال و جواب سید منظور کے ساتھ‘‘ میں زیر بحث آیا ہے۔ زندگی کے بعد موت، موت کے بعد دوبارہ زندگی میں کیا حکمت ہے اور موت کے بعد کیا معاملات ہوں گے،یہ اور اس طرح کے مختلف سوالات پر اس پروگرام میں گفتگو ہوئی ہے۔ یہ اور اس سلسلے کے دیگر ایپی سوڈ ہمارے یو ٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ ہفتہ وار پروگرام ہے، جو ہر جمعہ کے روز پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے نشر ہوتا ہے۔

حسن الیاس صاحب کا ’’شبان المسلمین‘‘ کے سالانہ اجتماع سے خطاب

گذشتہ ماہ جناب حسن الیاس نے ڈاکٹر اسرار احمد کی فکر پر مبنی تنظیم ’’شبان المسلمین‘‘ کے سالانہ اجتماع میں آن لائن شرکت کی۔ حسن الیاس صاحب نے ’’جوابی بیانیہ‘‘ کے زیر عنوان گفتگو کرتے ہوئے نہایت مربوط، موثر اور منظم انداز میں سامعین کے سامنے اپنا موقف رکھا۔ اور آخر میں سامعین کی طرف سے کیے جانے والے سوالات کے تسلی بخش جواب دیے۔

’’البیان‘‘ اور ’’میزان‘‘ کے انگریزی زبان میں لیکچرز

غامدی صاحب کی تفسیرِ قرآن ’’البیان‘‘ اور اسلام پر ان کی کتاب ’’میزان‘‘کی انگریزی زبان میں تدریس کا سلسلہ جاری ہے۔ پچھلے ماہ ’’البیان‘‘ کی 4 نشستوں کا انعقاد ہو ا، جن میں سورۂ بقرہ کی آیات 142 تا 185 زیر بحث آئیں۔ ’’میزان‘‘ سیریز کے تحت ‘‘The Social Shariah’’ کے عنوان سے ڈاکٹر شہزاد سلیم نے دو لیکچرز ریکارڈ کیے۔ یہ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

’’ذوالفقار علی بھٹو ـــــ بیانیہ، شخصیت اور تاثرات‘‘

اس موضوع کا آغاز غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہر ماہ ہونے والی ہفتہ وار سوال و جواب کی براہ راست نشست میں گذشتہ ماہ کیا گیا۔ اس میں ذوالفقار علی بھٹو صاحب کی شخصیت،ان کے سیاسی اور فکری پس منظر اور ان کے اقتدار سے لے کر زوال تک کے حالات پر بات کی گئی ہے۔ ماہ نومبر میں اس موضوع کے 2 پروگرام ریکارڈ ہوئے، جو ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہے۔

ڈاکٹر عمار خان ناصر کا غامدی سینٹر کا دورہ

دیو بندی فکر کے معروف عالم دین سرفراز خان صاحب کے پوتے، علامہ زاہد الراشدی کے صاحبزادے اور محقق عالم ڈاکٹر عمار خان ناصر گذشتہ ماہ غامدی سینٹر کی دعوت پر وہاں پہنچے۔ ان کی آمد کا مقصد جاوید احمد غامدی صاحب کی زیر نگرانی حدیث پراجیکٹ کے پہلے مجموعے ’’علم النبی‘‘ کی نظرثانی اور بہتری کے عمل میں شریک ہونا اور اہم سوالات سے متعلق غامدی صاحب سے استفادہ کرنا تھا۔ مزید برآں انھوں نے غامدی سینٹر کے اسٹوڈیو میں اپنی کتابوں کی آڈیو ریکارڈنگ بھی کرائی۔

’’البیان‘‘ ترجمۂ قرآن کی آڈیو بک

غامدی سینٹر نے تذکیر بالقرآن پراجیکٹ کے تحت پہلی بار قرآن مجید کو ایک سال میں سنانے کا اہتمام کیا ہے ۔ قرآن مجید کی تلاوت مشاری راشد العفاسی کی آواز میں ہے، جب کہ جاوید احمد غامدی صاحب کے ترجمۂ قرآن کو شاہ نواز صاحب نے اپنی دل کش آواز میں ریکارڈ کرایا ہے۔ ہر ہفتے اس کی ایک قسط غامدی سینٹر کے یوٹیوب پر نشر کی جاتی ہے۔ گذشتہ ماہ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر اس کی چار اقساط نشر ہو ئی ہیں۔

Lessons of Life Series

Lessons of Life Series کے زیر عنوان شہزاد سلیم صاحب نے گذشتہ ماہ انگریزی زبان میں 9 لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان کے موضوعات یہ ہیں: ”آئیے ہارنے سے انکار کریں“، ”دنیا کے شہری“، ”زندگی میں جذبہ اور مقصد تلاش کرنا“، ”شکریے کا کلچر“، ”معاف کرنے کا کلچر“، ”آئیے اپنی زندگی کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہوں“، ”مقدس گنہگار“، ”ایمانداری کی جنگ“، ”خوشگوار ازدواجی زندگی کے بنیادی عوامل“، ”اچھے انسان کیسے بنیں؟“۔ یہ لیکچرز غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 5 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کی رہنمائی میں محمد حسن الیاس نے جاری کیا۔

ڈاکٹر فضل الرحمٰن پر ڈاکو مینٹری

ڈاکٹر فضل الرحمٰن علمی دنیا میں اپنے علم و فضل اور جدید خیالات کی وجہ سے بہت نمایاں شخصیت تھے۔ انھوں نے مشرق و مغرب، دونوں خطوں کو اپنے افکار اور تحقیق سے بہت متاثر کیا ہے۔ ان کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہزارہ سے تھا۔ غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ نےمحمد حسن الیاس صاحب کی زیر نگرانی ان پر ایک ڈاکو مینٹری کا سلسلہ شروع کیا ہے، جس میں ان کی نجی زندگی، علمی و فکری پس منظر اور ان کے شخصی محاسن کو بیان کیا جائے گا۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کی ایک قسط نشر کی گئی، جسے ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

Ask Dr. Shehzad Saleem

یہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست ہے، جس میں ڈاکٹر شہزاد سلیم لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔اس کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

”تنقیدات ِ غامدی“

جاوید احمد غامدی صاحب کا کہنا ہے کہ سچا طالب علم ہمیشہ اختلاف کا استقبال اور تنقید کا خیر مقدم کرتا ہے۔ اگر کسی طالب علم کے اندر اپنے اوپر ہونے والی تنقید سے بیداری پیدا نہیں ہوئی تووہ گویا سچا طالب علم ہی نہیں رہا۔ اسی سوچ اور جذبے کی وجہ سے غامدی سینٹر نے ”تنقیدات غامدی“کے زیر عنوان روایتی مذہبی فکر کی جانب سے غامدی صاحب کی فکر پر ہونے والے تمام علمی و فکری اعتراضات اور تنقیدات کو یکجا کر دیا ہے۔ یہ تمام تنقیدات غامدی سینٹر کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

”گالی کا جواب“

سید منظور الحسن فضائل اخلاق پر مبنی احادیث مبارکہ کو نظم کی صورت میں پیش کر رہے ہیں۔ ماہ نومبر کے شمارے میں انھوں نے مسند احمد کی روایت، رقم 9662 کو ”گالی کا جواب“ کے عنوان سے نظم کی صورت میں پیش کیا۔ نظم کے دو اشعار ملاحظہ ہوں:

کہا بہ حضورِ رسالت مآب

نہ دوں گا کبھی گالیوں کا جواب

سدا صبر و برداشت دکھلاؤں گا

نبیؐ کا میں اخلاق اپناؤں گا

’’ نظم قرآن کا تصور‘‘

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ دنیا نیوز چینل پر چلنے ولا غامدی صاحب کا ہفتہ وار ایک معروف پروگرام ہے، جو کئی برس سے نشر ہو رہا ہے۔ یہ ڈیلس میں ریکارڈ ہوتا ہے اور اس کی میزبانی کے فرائض حسن الیاس صاحب انجام دیتے ہیں۔ نومبر کے مہینے میں اس پروگرام میں ’’نظم قرآن کا تصور ‘‘ کے عنوان سے 4 پروگرام ریکارڈ کیے گئے اور دنیا نیوز سے نشر ہوئے۔ ان پروگراموں میں نظم قرآن کے تصور اور اس پر اٹھائے جانے والے تنقیدی سوالات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

”اسلام اسٹڈی سرکل“

گذشتہ ماہ ”اسلام اسٹڈی سرکل“ پروگرام میں قرآن مجید، حدیث اور بائیبل کے جو موضوعات زیر بحث رہے ، ان کے عنوانات بالترتیب یہ ہیں: ’’جوڑا جوڑا پیدا کرنا‘‘، ’’لوگوں کے لیے سہولت‘‘ اور ’’پڑوسیوں کے حقوق‘‘۔