یہ ڈاکٹر عمار خان ناصر کی تصنیف ہے۔ یہ کتاب اصول فقہ کی اس اہم ترین بحث کا ایک تاریخی مطالعہ پیش کرتی ہے کہ قرآن مجید اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے باہمی تعلق کی نوعیت کیاِ ہے۔ اس کتاب میں فقہاے صحابہ کے رجحانات سے لے کر مکتب فراہی تک سامنے آنے والے بنیادی اصولی مواقف کا مبسوط جائزہ لیتے ہوئے تطبیقی مثالیں بھی تفصیلاً پیش کی گئی ہیں۔ انھوں نے امریکہ میں اپنے قیام کے دوران میں غامدی سینٹر کے اسٹوڈیو میں اس کتاب کی آڈیو ریکارڈنگ کرائی تھی۔ اس کتاب کی آڈیوریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کی جا رہی ہے۔ ماہ جنوری میں اس کی 2 اقساط نشر کی گئیں ۔
’’اسرا ومعراج‘‘، شق القمر‘‘ اور ’’نزولِ مسیح‘‘ کی اشاعت
جناب جاوید احمد غامدی کے موقف کی وضاحت میں یہ کتابیں شائع ہو کر دنیا بھر میں ’’المورد‘‘ کے مراکز پر دستیاب ہیں۔ انھیں سید منظور الحسن نے تالیف کیا ہے۔ پاکستان میں یہ ’’المورد‘‘ کے علاوہ الحمد پبلی کیشنز، پرانی انارکلی لاہوراور ’’انذار‘‘ کراچی سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ یہ آن لائن بھی دستیاب ہیں۔
’’عدت میں نکاح: جناب جاوید احمد غامدی کا موقف‘‘
محمد حسن الیاس صاحب نے اس مضمون میں عدت میں نکاح کے بارے میں جاوید احمد غامدی صاحب کے موقف کو واضح کیا ہے۔ عدت میں نکاح کرنے کے حوالے سے علماے احناف کے موقف کو پیش کرنے کے بعد اُنھوں نے لکھا ہے کہ غامدی صاحب کے نزدیک عدت کے دوران میں نکاح کرنا صریح گناہ ہے اور اس کا مرتکب قیامت میں جواب دہ ہو گا۔البتہ قانونی طور پر اس نکاح کو منعقد سمجھنا چاہیے اور اس مسئلے کو عدالت میں لے جانے کے بجاے خاندانی سطح پر حل کرنا چاہیے۔ انھوں نے غامدی صاحب کے اس موقف پر مذہبی حلقوں کی طرف سے اٹھائے جانے والے اعتراضات کو بھی موضوع بحث بنایا ہے اور اُن پر اپنی تنقید پیش کی ہے۔یہ مضمون اشراق، امریکہ کے جنوری 2024 کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
غامدی سینٹر کا ممبر شپ پروگرام
غامدی سینٹر نے ایک ممبر شپ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے سے کوئی بھی شخص ادارے اور اس کی ٹیم کا حصہ بن سکتا ہے۔ ادارے کی جانب سے تین طرح کی ممبر شپ متعارف کرائی گئی ہے۔ ایکContributor Friends، دوسرےAdvocate Friends اور تیسرے Ambassador Friends۔ ان کی ماہانہ فیس بالترتیب 10ڈالر، 50 ڈالر اور 100 ڈالر ہے۔ اس ممبر شپ کے نتیجے میں ممبران کو غامدی سینٹر کی کتابوں پر خصوصی رعایت کے ساتھ ساتھ متعدد کئی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دل چسپی رکھنے والے حضرات درج ذیل لنک پر جا کر ممبر شپ حاصل کر سکتے ہیں:
ghamidi.org/member
’’تنقیدات‘‘
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ’’تنقیدات‘‘ کے عنوان سے جاوید احمد غامدی صاحب پر مختلف حلقوں کی جانب سے ہونے والی تنقیدات کو جمع کر کے ادارے کی ویب سائٹ پر شائع کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک تقریباً چالیس متفرق تحریریں شائع ہو چکی ہیں جن میں تصوف ، کلام ، سیاست و اقتصادیات ، فلسفہ و سائنس ، علمیات و اصول ، فقہ و قانون ، تفسیر و حدیث اور زبان و ادب کے دائروں کی تحریریں شامل ہیں ۔
”دین کا عالم کیسے بنا جائے“
گذشتہ ماہ آسٹریلیا سے ایک نوجوان حمزہ خالد اپنے والد خالد رفیق صاحب کے ساتھ غامدی سینٹر، امریکہ آئے۔ ان کے والد اپنے بیٹے میں عالم بننے کا جذبہ دیکھتے ہوئے انھیں غامدی سینٹر، امریکہ لے آئے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پہچان سکیں اور یہ جان سکیں کہ دین کا عالم کیسے بنا جاتا ہے۔ غامدی سینٹر میں اپنے ہفت روزہ قیام کے دوران میں حمزہ خالد نے حسن الیاس صاحب کے ساتھ متعدد نشستیں کیں۔ ان نشستوں میں انھوں نے حسن الیاس صاحب کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو جاننے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے بھی بات کی کہ دین کا عالم کیسے بنا جائے اور اس کے لیے کون سی صلاحیتیں ہونی چاہییں۔
”کیا دین کی شرح و وضاحت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذمہ داری تھی؟“
یہ سوال 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کے موضوع ”حدیث کیا ہے؟“ کی جنوری 2024 کی نشستوں میں زیر بحث رہا۔ غامدی صاحب نے بتایا کہ حدیث میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوۂ حسنہ، آپ کی سیرت و سوانح اور آپ کی تفہیم و تبیین شامل ہے۔ ان نشستوں میں غامدی صاحب نے مذکورہ سوال کے بارے میں سید ابوالاعلیٰ مودودی کے نقطۂ نظر پر اپنی راے بیان کرتے ہوئے لفظ ”تبیین“ کی مفصل وضاحت کی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’حصول جنت کے لیے اللہ کا مقررہ طریقہ: تزکیۂ نفس‘‘
مدیر ’’اشراق، امریکہ‘‘ سید منظور الحسن کا یہ مضمون جنوری 2024 کے شمارے میں شائع ہوا ہے۔ اس مضمون میں مصنف نے بیان کیا ہے کہ جنت کے حصول کے لیے اللہ کا مقرر کردہ طریقہ تزکیۂ نفس ہے۔ اُنھوں نے واضح کیا ہے کہ انسان کا نصب العین جنت ہے اور اِسی جنت کو پانے کے لیے انسان کو دنیا میں بھیجا گیا ہے۔ اللہ کا دین، اس کی کتابیں اور اُس کے پیغمبر اِسی کو پانے کے لیے انسان کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کرتے ہیں۔ چنانچہ جو شخص اپنے ظاہر و باطن اور اپنے عقیدہ و عمل کو پاکیزہ بنائے گا، جنت کے دروازے اُسی کے لیے کھولے جائیں گے۔
”تبدیلی کا مذہبی بیانیہ“
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہونے والی ہفتہ وار سوال و جواب کی نشست میں ”تبدیلی کا مذہبی بیانیہ“ کے عنوان سے ایک نئے موضوع کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس موضوع پر گذشتہ ماہ ہونے والی تین نشستوں میں اس بات پر گفتگو ہوئی کہ مذہبی طبقے کی اصل مشکل کیا ہے اور اس مشکل کو کیسے حل کیا جائے؟ مزید برآں مسلم تہذیبی روایت میں لمبے عرصے سے جاری مذہبی طبقے اور ریاست کے مابین کشمکش کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
’’البیان‘‘ اور ’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
ڈاکٹر شہزاد سلیم ہر مہینے غامدی صاحب کی تفسیرِ قرآن ’’البیان‘‘ اور اسلام پر ان کی کتاب ’’میزان‘‘پر انگریزی زبان میں لیکچرز دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ ’’البیان‘‘ کی 4 نشستوں کا انعقاد ہو ا، جن میں سورۂ بقرہ کی آیات 186 تا 245 زیر بحث آئیں۔ ’’میزان‘‘ سیریز کے تحت ‘‘The Social Shariah’’ کے عنوان سے ڈاکٹر شہزاد سلیم نے دو لیکچرز ریکارڈ کیے۔ ان لیکچرز میں طلاق کے مسئلے پر گفتگو ہوئی۔ یہ لیکچرز غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
قرآن و حدیث کا ہفتہ وار درس
جنوری 2024 میں غامدی صاحب کے قرآن و حدیث کے لائیو درس کی 15 نشستیں منعقد ہوئیں، جن میں سورۂ بنی اسرائیل کی 4 تا 26 آیات کا درس دیا گیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں ”انسان کی تخلیق کا عمل اور علم الہٰی“ اور ”فرشتے، تصاویر اور کتا“ کے موضوعات کی احادیث زیر بحث آئیں ۔ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
”علما اور عوام میں دوری کیوں؟“
گذشتہ ماہ جناب حسن الیاس نے المورد، ہند کے ساتھ ایک آن لائن سیشن میں شرکت کی۔ اس سیشن میں حسن الیاس صاحب نے علما اور عوام میں دوری کی تین وجوہات بیان کیں: ایک یہ کہ ہمارے علما عام آدمی کی ذہنی سطح کا لحاظ رکھے بغیر خالص علمی اورمذہبی اصطلاحات میں عام آدمی کے سامنے اپنی بات رکھتے ہیں۔ دوسرے، علما اپنے نقطۂ نظر کی بنیاد اور استدلال پر دوسرے کو قائل کرنے کے بجاے اپنا نقطۂ نظر زبردستی دوسرے پر تھوپنا چاہتے ہیں اور تیسرے یہ کہ علما عام آدمی کو مسئلے کا وہ حل بتاتے ہیں جس پر عمل کرنا ناممکن ہوتا ہے۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
ڈاکٹر شہزاد سلیم کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن
گذشتہ ماہ ڈاکٹر شہزاد سلیم نے متعدد لوگوں کے ساتھ آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کیا، جن میں لوگوں نے آپ سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری اور ازدواجی مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔
مولانا اصلاحی کی ازدواجی اور عملی زندگی
اشراق، امریکہ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں نعیم بلوچ صاحب نے ”حیات امین“ کی چھٹی قسط میں مدرسۃ الاصلاح کی ادبی فضا کے ساتھ ساتھ مولانا امین احسن اصلاحی کے پسندیدہ استاد، سب سے اچھے دوست اور ہم جماعت کا تذکرہ کرنے کے بعد ان کی ازدواجی اور عملی زندگی کے حوالے سے لکھا کہ مولانا مدرسۃ الاصلاح میں تعلیم کی تکمیل کے آخری سال میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ ان کی پہلی شادی اپنے ہی خاندان میں ہوئی اور ان کی پہلی بیوی سے تین بیٹے اور دو بیٹیاں تھیں، جب کہ اپنی پہلی بیوی کی وفات کے بعد انھوں نے دوسری شادی 1945ء میں کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انھوں نے ایک سہ روزہ اخبار ”مدینہ“ میں ملازمت اختیار کر لی۔ اس کے بعد ”الناظر“ اورپھر ہفت روزہ اخبار ”سچ“ میں ملازمت کے فرائض انجام دیتے رہے۔
”البیان“ ترجمۂ قرآن کی آڈیو بک
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام تذکیر بالقرآن پراجیکٹ کے تحت قرآن مجید کو ایک سال میں سنانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ غامدی صاحب کے ترجمۂ قرآن کو شاہ نواز صاحب نے اپنی دل کش آواز میں ریکارڈ کرایا ہے، جب کہ قرآن مجید کی تلاوت مشاری راشد العفاسی کی آواز میں ہے۔ ہر ہفتے اس کی ایک قسط غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر نشر کی جاتی ہے۔ اب تک اس کی 14 اقساط نشر ہو چکی ہیں۔
ڈاکٹر شہزاد سلیم کے متعدد موضوعات پر لیکچرز
ڈاکٹر شہزاد سلیم ہر مہینے Lessons of Life Series کے زیر عنوان معاشرتی، اخلاقی اور دینی موضوعات سے متعلق مختصر دورانیے کے متعدد لیکچرز ریکارڈ کراتے ہیں۔ جنوری 2024 میں انھوں نے جن موضوعات پر گفتگو کی وہ یہ ہیں: ’’اپنی نگاہوں کی حفاظت کرو‘‘، ’’اپنے ایمان میں اضافہ کریں‘‘، ’’کامیاب شادی کے چار مراحل‘‘، ’’شادی میں جھگڑوں سے کیسے بچا جائے‘‘ ، ’’عملی آدمی نہ کہ تارک دنیا‘‘، ’’مسلسل خبردار‘‘، ’’اصلی مقابلہ‘‘، ’’جب موت مرے گی‘‘، ’’سچ کی تلاش‘‘۔ اس کے علاوہ انھوں نے ’’ مسئلۂ فلسطین کا مذہبی پس منظر‘‘ ، ’’ انسانیت‘‘، ’’نماز کا فلسفہ و حکمت‘‘ اور ’’خوش گوار ازدواجی زندگی کے لوازم‘‘ پر بھی لیکچرز دیے۔ یہ لیکچرز غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
جنوری 2024 میں جناب حسن الیاس نے نکاح و طلاق، وراثت (inheritance) اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں پر غامدی صاحب کی رہنمائی میں 4 فتوے جاری کیے۔
’’مطالعۂ سیرت‘‘ کی آڈیو بک
’’مطالعۂ سیرت‘‘ مولانا وحید الدین خان کی کتاب ہے۔ غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ڈاکٹر خالد ظہیر نے اس کتاب کو اپنی آواز میں ریکارڈ کرایا ہے۔ اس کتاب کو غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ہر ماہ سلسلہ وار نشر کیا جا رہا ہے۔ جنوری 2024 میں اس کی دو اقساط نشر کی گئیں جو ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہیں۔
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“
دنیا نیوز پر نشر ہونے والے غامدی صاحب کے ہفتہ وار پروگرام ’’علم و حکمت: غامدی کے ساتھ‘‘ میں ماہ جنوری میں جن موضوعات کو زیر بحث لایا گیا، وہ یہ ہیں: ’’انفاق فی سبیل اللہ کے حدود و شرائط‘‘، ’’اسلامی تہذیب کے بنیادی عناصر‘‘، نفسی و مادی علوم اور وحی کا علم‘‘ اور ’’سوال و جواب‘‘۔ ان پروگراموں میں لوگوں کی طرف سے پوچھے جانے والے متفرق سوالوں کے جوابات کے ساتھ ساتھ انفاق فی سبیل اللہ کے بارے میں اسلامی تعلیمات، اسلامی تہذیب کے بنیادی عناصر ، اسلامی تہذیب اور مغربی تہذیب کی اقدار میں فرق، Humanism کا فلسفہ اور نفسی علوم کے قوانین اور وحی کے علم پر بات کی گئی۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔