غامدی سینٹر میں ممتاز دینی اسکالرز کی گیلری کا قیام
غامدی سینٹر میں ممتاز دینی اسکالرز کی ایک گیلری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس میں دنیا کے معروف دینی اسکالرز کی تصاویر اور خاکے آویزاں کیے گئے ہیں۔ اس گیلری کا مقصد نئی نسل کا ان بزرگوں کے ساتھ ایک محسوس تعلق قائم کرنا اوراس بات کو نمایاں کرنا ہے کہ غامدی سینٹر کسی مسلک یا کسی فرقے کے فروغ کا ادارہ نہیں، بلکہ اس کا مقصد خالص علمی روایت کو پروان چڑھانا ہے۔
”قرآن و سنت کا باہمی تعلق“ کی آڈیو بک
یہ عمار خان ناصر صاحب کی تصنیف ہے۔ یہ کتاب اصول فقہ کی اس اہم ترین بحث کا ایک تاریخی مطالعہ پیش کرتی ہے کہ قرآن مجید اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے باہمی تعلق کی نوعیت کیاِ ہے۔ اس کتاب میں فقہاے صحابہ کے رجحانات سے لے کر مکتب فراہی تک سامنے آنے والے بنیادی اصولی مواقف کا مبسوط جائزہ لیتے ہوئے تطبیقی مثالیں بھی تفصیلاً پیش کی گئی ہیں۔ اس کتاب کی آڈیوریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کی جا رہی ہے۔ اب تک اس کی 6 اقساط نشر ہو چکی ہیں، جن کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کی انگریزی زبان میں ڈبنگ
23 اعتراضات کی اس ویڈیو سیریز میں غامدی صاحب کے افکار پر روایتی مذہبی فکر کی طرف سے کیے گئے اعتراضات اور تنقیدات کو زیرِ بحث لایا جاتا ہے۔ اب تک اس سیریز کی 172 نشستیں نشر ہو چکی ہیں۔ غامدی سینٹر کی جانب سے ان تمام نشستوں کو AI کی مدد سے انگریزی زبان میں ڈب کر کے ادارے کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کیا جا رہا ہے تاکہ انگریزی جاننے والے اس قیمتی علمی ذخیرے سے مستفید ہو سکیں۔
’’اجماع‘‘
23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ”حدیث کیا ہے؟“ کے بعد ’’اجماع‘‘ کے موضوع کا آغاز کیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ اس موضوع کے تحت ہونے والے پروگراموں میں سورۂ شوریٰ (44)کی آیت 38 ’اَمۡرُہُمۡ شُوۡرٰی بَیۡنَہُمۡ ‘ کی روشنی میں یہ بتایا گیا کہ اگر اکثریت اجتماعی معاملات سے متعلق کوئی فیصلہ کر دیتی ہے یا ان معاملات میں اجماع ہو جاتا ہے تو وہ کیوں واجب العمل ہو جاتا ہے اور اس بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایات کیا ہیں۔ مزید برآں، التزام جماعت کی تعبیر پر روشنی ڈالی گئی۔ ان پروگرواموں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’پاکستان قومی ریاست یا مذہبی ریاست: غامدی صاحب کا موقف‘‘
سید منظور الحسن نے اپنے اس مضمون میں ریاستِ پاکستان کے حوالے سے غامدی صاحب کے موقف کو بیان کیا ہے۔ لکھتے ہیں کہ پاکستان نہ کوئی مذہبی ریاست ہے اور نہ ہی کسی گروہ یا فرد کی مقبوضہ ریاست ہے، جس میں بادشاہ یا حکمران کا مذہب ہی ریاست کا مذہب قرار پاتا ہے، بلکہ یہ جدید دور کی قومی ریاست ہے، جو بین الاقوامی معاہدوں کی بنا پر قائم ہوتی ہے اور جس میں قومیت کی اساس رنگ و نسل اور نظریہ و مذہب کے بجاے ملک ہوتا ہے۔ یہ مضمون ”اشراق“ امریکہ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
Islam and the State: Traditional Narrative’’‘‘
غامدی صاحب نے 2015ء میں ”اسلام اور ریاست: ایک جوابی بیانیہ“ کے عنوان سے ایک شہرۂ آفاق مضمون لکھا تھا۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر عدنان ذوالفقار غامدی صاحب کے اس مضمون کا خلاصہ انگریزی زبان میں سلسلہ وار پیش کر رہے ہیں تاکہ انگریزی سمجھنے والے بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔ گذشتہ ماہ اس موضوع پر ایک لیکچر نشر کیا گیا، جس کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
غامدی صاحب کی ہفتہ وار سوال و جواب کی نشستیں
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہر ہفتے سوال و جواب کی لائیو نشست منعقد کی جاتی ہے، جس میں حسن الیاس صاحب غامدی سینٹر کو موصول ہونے والےمختلف نوعیت کے سوال غامدی صاحب کے سامنے رکھتے ہیں اور غامدی صاحب ان کا جواب دیتے ہیں۔ اگست 2024ء میں ان نشستوں میں زیر بحث آنے والے اہم موضوعات یہ ہیں: ’’ حدیث کساء کی کیا حقیقت ہے؟‘‘، ’’اہل بیت کون ہیں؟‘‘ اور ’’بنگلہ دیش میں تبدیلی‘‘۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
”تفہیم الآثار“ ایک تعارف
عمار خان ناصر صاحب کا یہ مضمون اردو زبان میں صحابہ و تابعین کے آثار کی تدوین و ترتیب اور شرح و وضاحت پر مبنی ان کے تصنیفی منصوبے ”تفہیم الآثار“ کا تعارف ہے۔ صحابہ و تابعین کے آثار کی جمع و تدوین، ان کی دینی و علمی اہمیت بیان کرنے کے بعد لکھتے ہیں کہ اردو زبان میں صحابہ و تابعین کے آثار کی ترتیب وتدوین اور شرح ووضاحت پر مبنی کوئی مستقل تصنیفی کام موجود نہ ہونے کی وجہ سے اس بات کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ تحقیق و تخریج کے جدید وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے اس نوعیت کا ایک جامع مجموعہ مرتب کیا جائے۔ اس مضمون کو ”اشراق“ امریکہ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث
اگست 2024 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ کہف کی 56 تا 87 آیات کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں عذاب قبر سے متعلق جن سوالوں کو زیر بحث لایا گیا، وہ یہ ہیں:’’کیا سعد بن معاذ کو عذاب قبر کا سامنا ہوا؟‘‘، ’’کیا بچوں کو قبر کا عذاب ہوتا ہے؟‘‘ اور ’’کیا پیٹ کی بیماری سے فوت ہونے والے کو قبر کا عذاب ہو گا؟‘‘ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
’’تفہیم الآثار‘‘ پروجیکٹ
غامدی سنٹر کے زیر اہتمام ’’تفہیم الآثار‘‘ کے عنوان سے نشر ہونے والے پروگرام میں صحابہ و تابعین کے آثار کی شرح و وضاحت اور منتخب آثار پر مبنی سوال وجواب کی نشستیں ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔ اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر سید مطیع الرحمٰن سرانجام دے رہے ہیں، جب کہ ڈاکٹر عمار خان ناصر اس میں بہ طورِ مہمان شریک ہیں۔گذشتہ ماہ کے پروگرواموں میں صحابۂ کرام کی تنقیص اور ان پر سب و شتم کا جو رویہ پیدا ہو گیا تھا، اس پر صحابۂ کرام کے رد عمل کے بارے میں گفتگو کی گئی ہے۔ مزید برآں، حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے آثار کی روشنی میں یہ بات بھی زیر بحث رہی کہ صحابۂ کرام کے علم و عمل کو اسوہ کی حیثیت کیسے اور کیوں حاصل ہے۔ ان پروگراموں کو ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
Ask Ghamidi
یہ سوال و جواب کی آن لائن نشست ہوتی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں اٹھنے والے دینی اور اخلاقی موضوعات سے متعلق مختلف سوالوں کے جوابات براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ ہر ماہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس نشست میں حصہ لیتی۔ اگست 2024ء میں اس نشست میں لوگوں کی طرف سے پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’کیا قرآن مجید میں بلیک ہول کا ذکر ہے؟‘‘، ’’لفظ کفر کے معنی کیا ہیں؟‘‘ اور ’’کیا تصوف اور اسلام میں روحانیت حاصل کرنے کے لیے کچھ مشترکہ چیزیں موجود ہیں؟‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
”مطالعۂ سیرت“ کی آڈیو ریکارڈنگ
یہ کتاب مولانا وحید الدین خان کی تصنیف ہے۔ ڈاکٹر خالد ظہیر نے اسے اپنی آواز میں ریکارڈ کرایا ہے، جسے غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کیا جا رہا ہے۔ اب تک اس کی 11 اقساط نشر ہو چکی ہیں، جن کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“
اگست 2024 ءمیں دنیا نیوز چینل پر نشر ہونے والے پروگرام”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ میں جن موضوعات پر گفتگو کی گئی، وہ یہ ہیں: ’’جدیدیت کا چیلنج اور مذہبی فکر‘‘، ’’تصور نظم قرآن پر اعتراضات کا جائزہ‘‘، ’’انسانی فطرت اور مذہبی روایت‘‘ اور ’’سوال و جواب‘‘۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
”اسلام اسٹڈی سرکل“
اگست 2024ء میں شہزاد سلیم صاحب نے ”اسلام اسٹڈی سرکل“ پروگرام میں قرآن مجید، حدیث اور بائیبل کے جن موضوعات پر بات کی، ان کے عنوانات بالترتیب یہ ہیں: ’’الہامی کتابوں کا مقصد‘‘، ’’دوسروں کے عیب چھپانا‘‘ اور ’’جو سکھاؤ اس پر عمل کرو ‘‘۔ مزید برآں، سیشن کے آخر میں عاجزی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی اور سوالوں کے جواب دیے گئے۔ اس کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
”حیات امین“
نعیم احمد بلوچ صاحب نے ’’حیات امین‘‘ کی گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں مولانا اصلاحی کے مدرسۃ الاصلاح کو چھوڑکر پٹھان کوٹ جانے کے اسباب بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کا تذکرہ بھی کیا ہے کہ مولانا مودودی اور مولانا اصلاحی کے درمیان کن معاملات میں اتفاق اور کن میں اختلاف پایا جاتا تھا۔لکھتے ہیں کہ مولانا مودودی اور مولانا اصلاحی میں ایک قدر مشترک یہ تھی کہ دونوں ہی تقلید سے آزاد تھے اور دونوں کے سوچنے کے انداز میں کوئی خاص فرق نہیں تھا۔ یہ مضمون ”اشراق“ امریکہ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے غامدی صاحب کی کتاب ’’میزان‘‘ میں سے جن موضوعات پر انگریزی زبان میں لیکچرز ریکارڈ کرائے، وہ یہ ہیں: ’’جہاد کا حکم‘‘،’’نصرت الہٰی، جنگی قیدی اور مال غنیمت‘‘، ’’جمع قرآن کی تاریخ‘‘، ’’انسانیت‘‘ اور ’’کامیاب شادی ‘‘۔ ان لیکچرز کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
”دین کا بنیادی اصول“
ریحان احمد یوسفی صاحب نے اپنے اس مضمون میں دینی احکام پر عمل پیرا ہونے کے حوالے سے ایک بنیادی اصول بیان کیا ہے۔ لکھتے ہیں کہ دینی احکام میں بنیادی اصول یہ ہے کہ جو کہا جائے، وہ کیا جائے اور جیسے کہا جائے، ویسے ہی اور اتنا ہی کام کیا جائے۔ تبدیلی یا اضافے کا مطلب خود کو دھوکا دینا ہے۔ بدقسمتی یہ ہے کہ لوگ بہت نیک نیتی کے ساتھ دین میں اضافے اور تبدیلی کرتے ہیں اور یہ بھول جاتے ہیں کہ ایمانیات اور عبادات میں اجتہاد نہیں ہوسکتا۔ یہی دین کا بنیادی اصول ہے۔ قارئین اس مضمون کو ”اشراق“ امریکہ کے اگست2024ء کے شمارے میں دیکھ سکتے ہیں۔
’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
شہزاد سلیم صاحب غامدی صاحب کی تفسیرِ قرآن ’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ اگست 2024 ء میں انھوں نے ان نشستوں میں سورۂ آل عمران کی آیات 104 تا 130 پر بات کی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
غامدی سینٹر کے آن لائن تعلیمی کورسز
اگست 2024 ء میں غامدی سینٹر نے اپنے آن لائن لرننگ پلیٹ فارمز Udemy اور Teachable کے لیے انگریزی زبان میں تین کورسز شائع کیے، جن کے نام یہ ہیں: ’’Understanding Divorce Law of Islam ‘‘، ’’ Belief in Angels and Divine Books‘‘ اور ’’ The Framework of Islam‘‘۔ پہلے دو کورسز صرف Teachable پر، جب کہ تیسرا کورس Teachable اور Udemy، دونوں پلیٹ فارمز پر موجود ہے۔ ان کورسز کو شہزاد سلیم صاحب نے مرتب کیا ہے۔ واضح رہے کہ غامدی سنٹر کے آن لائن کورسز کو منفرد اور دل چسپ بنانے کے لیے ویڈیوز کو جدید انداز میں ایڈٹ کیا جاتا ہے۔ یہ کورسز غامدی سینٹر کی Teachable ویب سائٹ اور Udemy پر دستیاب ہیں۔
Ask Dr. Shehzad Saleem
یہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست ہے، جس میں شہزاد سلیم صاحب لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 5 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کی رہنمائی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔
شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن
شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ لوگوں سے آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان سیشنز میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں شہزاد سلیم صاحب سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے 30 سے زائد سیشنز ہوئے۔ان سیشنز میں لوگوں نے شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری اور ازدواجی مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔
مولانا وحید الدین خاں پر ڈاکومینٹری کی انگریزی زبان میں ڈبنگ
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام دورِ حاضر کے جید عالم دین مولانا وحید الدین خان کی زندگی پر اردو زبان میں ایک ڈاکومینٹری بنائی جا رہی ہے۔ اس ڈاکومینٹری میں مولانا وحید الدین خان کے علمی، فکری، تحقیقی اور دعوتی سفر کے علاوہ ان کے خاندانی پس منظر سے لے کر ان کی دعوت کی آخری سعی تک کے تمام مراحل کو پیش کیا جا رہا ہے۔ اس ڈاکومینٹری کو اب AI کی مدد سے انگریزی زبان میں ڈب کر کے ادارے کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کیا جا رہا ہے۔
23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کا انگریزی زبان میں خلاصہ
شہزاد سلیم صاحب 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’حجاب‘‘کا خلاصہ بیان کیا۔ ان پروگرامز کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔