ابتدا ہی سے ’’المورد‘‘ کے پیش نظر یہ چیز رہی ہے کہ ایک ایسی خانقاہ کا قیام عمل میں لایا جائے جس میں کچھ وقت کے لیے یکسوئی کے ماحول میں ذکر وعبادت میں مشغول رہا جائے اور اہل علم و صالحین کی صحبت سے مستفید ہوا جائے۔ گذشتہ ماہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے غامدی صاحب نے ’’المورد‘‘ پاکستان میں ’’دانش سرا‘‘ کے عنوان سے ایک خانقاہ کا افتتاح کیا ہے۔ انھوں نے خانقاہ کی ضرورت اور اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی خانقاہیں قائم ہونی چاہییں جہاں لوگ وقتاً فوقتاً اپنے دنیوی معمولات کو چھوڑ کر آئیں، علما و صالحین کی صحبت سے مستفید ہوں، اُن سے دین سیکھیں اور چند روز کے لیے یک سوئی کے ساتھ ذکر و عبادت میں مشغول رہ کر اپنے لیے پاکیزگی قلب و نظر کا اہتمام کریں۔
غامدی صاحب کا دورۂ بیلجیم
گذشتہ ماہ غامدی صاحب نے بیلجیم کا دورہ کیا۔ غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب بھی ان کے ہم راہ تھے۔ بیلجیم میں قیام کے دوران میں لندن، جرمنی اور فرانس سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد غامدی صاحب سے ملنے آئی۔ تقریباً تین گھنٹوں پر محیط اس طویل نشست میں لوگوں نے غامدی صاحب سے علمی اور تنقیدی سوالات پوچھے۔
غامدی صاحب کا دورۂ پاکستان
گذشتہ ماہ غامدی صاحب بیلجیم کا دورہ کرنے کے بعد پاکستان آئے۔ اپنے اس دورے کے دوران میں انھوں نے ’’المورد‘‘ پاکستان کا دورہ کیا اور وہاں پر ’’المورد‘‘ کے اسکالرز اور اپنے دیرینہ دوستوں سے ملاقات کی۔ مزید برآں، ’’المورد‘‘ پاکستان کے زیر اہتمام ہونے والے اوپن مائیک سیشن میں شرکت کی، جس میں پاکستان کےمختلف شہروں سے آئے لوگوں کی کثیر تعداد نے غامدی صاحب سے علمی، فکری، سیاسی اور دینی نوعیت سے کے سوالات پوچھے۔
’’ Conversing Islam‘‘
غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب نے گذشتہ ماہ پاکستان کے دورے کے دوران میں یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب، لاہور میں ’’Conversing Islam‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام میں بہ طور مہمان شرکت کی، جس کی میزبانی کے فرائض حمزہ علی عباسی صاحب سر انجام دے رہے تھے۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کی مذہب میں گہری دل چسپی پیدا کرنا اور نئے نقطۂ نظر کے ساتھ تنقیدی گفتگو کرنے کے شعور کا اجاگر کرنا تھا۔ بعد ازاں، حسن الیاس صاحب اور حمزہ علی عباسی صاحب کو ’’Conversing Islam‘‘ ہی کے عنوان سے اسلام آباد میں ایک پروگرام میں مدعو کیا گیا۔ دونوں پروگراموں میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ حاضرین نے حسن الیاس صاحب سے مختلف علمی و فکری سوالات کیے اور حسن صاحب نے ان کے تسلی بخش جواب دیے۔
منظور الحسن صاحب کی کتابوں کی تعارفی تقریب
6اکتوبر 2024 ءکو غامدی سینٹر، ڈیلس امریکہ میں منظور الحسن صاحب کی حال ہی میں شائع ہونے والی 4 کتابوں کی تعارفی تقریب منعقد ہوئی۔ اِس موقع پر منظور الحسن صاحب نے کتابوں کا مختصر تعارف پیش کیا۔ غامدی سینٹر اور’’المورد‘‘ امریکہ کے منتظمین جناب حسن الیاس، جناب فرحان سید اور جناب مکرم عزیز نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور غامدی صاحب نے خصوصی دعا فرمائی۔ کتابوں کے نام یہ ہیں: ’’ افکارِ غامدی‘‘،’’تنقیداتِ فکرِ غامدی‘‘،’’ شذرات‘‘ اور ’’مقالات‘‘۔ انھیں ’’المورد‘‘ امریکہ اور ’’المورد‘‘ پاکستان کے نیٹ ورک سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر جاوید اقبال صاحب کا غامدی سینٹر کا دورہ
گذشتہ ماہ پاکستان کے معروف سرجن، شاعر اور مصنف ڈاکٹر جاوید اقبال نے غامدی سینٹر امریکہ کا دورہ کیا۔ اپنے اس دورے کے دوران میں انھوں نے غامدی صاحب کے ساتھ ”پاکستان کا اصل مسئلہ کیا ہے؟“ کے عنوان سے ایک پروگرام ریکارڈ کرایا، جس میں پاکستان کو درپیش مسائل، ان کے حل اور پاکستان کی موجودہ حالت کے اسباب پر گفتگو کی گئی۔ مزید برآں، حسن الیاس صاحب سے ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے غامدی صاحب اور ان کے فکر کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ ان پروگرامز کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور اتحاد امت کا راستہ‘‘
گذشتہ ماہ 26 اکتوبر بروز بدھ لاہور میں مولانا ظفر علی خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ’’امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور اتحاد امت کا راستہ‘‘ کے عنوان سے ایک فکری نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں حسن الیاس صاحب کو بہ طور مہمان دعوت دی گئی۔ حسن الیاس صاحب نے اس پروگرام میں موجودہ دور میں امت مسلمہ کو در پیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ان کا حل بیان کیا، مزید برآں انھوں نے ان امور کی نشان دہی کی جن کو سرانجام دینے کے بعد مسلم امہ میں اتحاد اور یک جہتی قائم ہو سکتی ہے۔
’’واقعۂ اسرا و معراج کی نوعیت‘‘
منظور الحسن صاحب کا یہ مضمون واقعۂ اسرا و معراج کے حوالے سے غامدی صاحب کے موقف پر تنقید کا جواب ہے۔ قرآن و حدیث سے استدلال کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ ”اسرا و معراج“ کے زیر عنوان جن احوال کو بیان کیا جاتا ہے، وہ ایک واقعہ نہیں، بلکہ چار مختلف واقعات ہیں، جو الگ الگ موقعوں پر، الگ الگ صورتوں میں اور الگ الگ حالتوں میں وقوع پذیر ہوئے۔ مضمون کے آخر میں قرآن و حدیث اور عربی لغات کی روشنی میں لفظ ”رؤیا“ کے مفہوم کو بھی واضح کیا گیا ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق امریکہ‘‘ کے اکتوبر 2024ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
’’توہین رسالت کے قانون پر علما کی حساسیت‘‘
حسن الیاس صاحب نے اپنے اس مضمون میں توہین رسالت کے قانون کے حوالے سے برصغیر کے علما میں پائی جانے والی حساسیت کے دینیاتی استدلال اور سماجی عوامل کو بیان کیا ہے۔ لکھتے ہیں کہ بریلوی مکتب فکر میں دین، شریعت، تصوف سب کا سررشتہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مافوق البشر شخصیت کو دکھایا گیا ہے، جس سے ہر امر کا صدور ممکن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت کے حوالے سے اس مکتب فکر میں غیر معمولی حساسیت اور جذباتیت پائی جاتی ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق امریکہ‘‘ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
’’صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کا علم وعمل بہ طور اسوہ‘‘
عمار خان ناصر صاحب نے ’’تفہیم الآثار‘‘ کے زیر عنوان ایک تصنیفی منصوبے کا آغاز کیا ہوا ہے، جس میں تحقیق و تخریج کے جدید وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے صحابہ و تابعین کی دینی و علمی اہمیت، ان کے آثار کی تدوین و ترتیب اور ان کی شرح و وضاحت کو بیان کیا جا رہا ہے۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کی پہلی قسط ”اشراق“ امریکہ کے شمارے میں شائع کی گئی، جس میں حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے منتخب آثار کی روشنی میں صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی اتباع اور اقتدا کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
’’پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ‘‘
اکتوبر 2024ء کو لاہور کے ایک معروف تعلیمی ادارے LUMS میں پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب اس میں بہ طور مہمان شریک ہوئے، جب کہ اس کی میزبانی کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر تیمور رحمٰن نے سر انجام دیے۔ اس پروگرام میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور حسن الیاس صاحب سے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے علاوہ مختلف علمی و فکری اور تنقیدی نوعیت کے سوالات کیے۔
غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری آن لائن خانقاہ میں معز امجد صاحب ہر ہفتے اصلاحِ نفس کے پہلو سے ایک نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں لوگوں کے نفس کی اصلاح اور تربیت کے حوالے سے مختلف موضوعات کو زیر بحث لایا جاتا ہے اور اس سے متعلق لوگوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کی منعقد ہونے والی نشستوں کے عنوان یہ ہیں: ’’اپنی منتخب گفتگوؤں میں حصہ لینا‘‘ اور ’’دائرۂ اختیار میں رہنا‘‘۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
Ask Ghamidi
یہ سوال و جواب کی آن لائن نشست ہوتی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں اٹھنے والے دینی اور اخلاقی موضوعات سے متعلق مختلف سوالوں کے جوابات براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ ہر ماہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس نشست میں حصہ لیتی ہے۔ گذشتہ ماہ سوال و جواب کی اس میں لوگوں کی طرف سے تقدیر، آزادی اختیار اور یقین کامل جیسے اہم موضوعات سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
حسن الیاس صاحب کا پنجاب اسمبلی کا دورہ
اکتوبر 2024ء میں حسن الیاس صاحب نے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران میں پنجاب اسمبلی کی انتظامیہ کی دعوت پر اسمبلی کا تفصیلی دورہ کیا، جس میں قانون سازی میں معاونت اور مختلف معاملات پر مشاورت اور مفید گفتگو ہوئی۔ ان میں سر فہرست اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور مذہبی رواداری کے لیے امکانات تلاش کرنا تھا۔
’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز
غامدی سنٹر کے زیر اہتمام ’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز کے زیر عنوان گذشتہ ماہ نشر ہونے والے پروگراموں میں قرآن مجید سے متعلق مختلف پہلوؤں کی وضاحت پر مبنی آثار کا مطالعہ شروع کیا گیا ہے۔ ان نشستوں میں زیر بحث آنے والے اہم موضوعات یہ ہیں: ’’ گھروں میں تلاوت قرآن کا اہتمام اور اس کی برکات‘‘، ’’قرآن میں صحابہ کی جماعت کو تنبیہ اور نصیحت‘‘، قرآن کو سیکھنے کا اجر اور صحت کے ساتھ پڑھنے کی اہمیت‘‘ اور ’’بہ طور کتاب ہدایت قرآن مجید کے اوصاف‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
سہ ماہی ’’صالحات‘‘ کا دوسرا شمارہ
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام خواتین کے لیے شائع ہونے والے سہ ماہی میگزین ’’صالحات‘‘ کا دوسرا شمارہ منظر عام پر آ گیا۔ اس کا آڈیو اور پی ڈی ایف ورژن آن لائن دستیاب ہے۔ اس شمارے میں خواتین کی دل چسپی کی علمی و ادبی اور تاریخی تحریریں اور انٹرویو شامل کیے جاتے ہیں۔ گذشتہ ماہ شائع ہونے والے شمارے میں ڈاکٹر ستارہ اکرام کا انٹرویو شامل ہے۔یہ نعیم بلوچ صاحب کی ادارت میں شائع کیا جاتا ہے، جب کہ وجیہہ حسان واحدی اس کی نائب مدیر ہیں۔
’’دین کی تعبیرات: بنیادی منہاج فکر‘‘
گذشتہ ماہ ’’ادارۂ فکر جدید‘‘ لاہور کے زیر اہتمام ہونے والے ایک پروگرام میں حسن الیاس صاحب نے’’دین کی تعبیرات: بنیادی منہاج فکر‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان میں رائج دین کی مختلف تعبیرات کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے دین کی صحیح تعبیر اور بنیادی منہج فکر پر روشنی ڈالی اور حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیے۔
غامدی سینٹر کا آن لائن تعلیمی کورس
اکتوبر 2024 ء میں غامدی سینٹر نے اپنے آن لائن لرننگ پلیٹ فارم Teachable کے لیے انگریزی زبان میں ’’ Belief in Hereafter ‘‘ کے نام سے ایک کورس تیار کیا ہے، جس کی آڈیو AI کے ذریعے سے تیار کی گئی۔ واضح رہے کہ غامدی سنٹر کے آن لائن کورسز کو منفرد اور دل چسپ بنانے کے لیے ویڈیوز کو جدید انداز میں ایڈٹ کیا جاتا ہے۔ یہ کورس غامدی سینٹر کی Teachable ویب سائٹ پر نہایت کم قیمت میں دستیاب ہے۔
شہزاد سلیم صاحب کا دورۂ آسٹریلیا
گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے آسٹریلیا کا دورہ کیا۔ آسٹریلیا میں قیام کے دوران میں انھوں نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیتے ہوئے ”المورد“ کے پیغام، اس کے قیام کا پس منظر اور تاریخ کو بیان کیا۔ مزید برآں، انھوں نے مغرب میں نوجوانوں کو درپیش مسائل کو زیر بحث لاتے ہوئے ان کی بہتر کردار سازی کے حوالے سے گفتگو کی۔
اجماع–– علماے کرام کا نقطۂ نظر
23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ’’اجماع‘‘ کا موضوع زیر بحث ہے۔ اجماع سے متعلق اپنا نقطۂ نظر بیان کرنے کے بعد گذشتہ اقساط میں غامدی صاحب نے علماے کرام کی جانب سے اپنے تصور اجماع کے حق میں بہ طور دلیل پیش کی جانے والی آیات اور احادیث کا تنقیدی جائزہ لیا۔ اب تک اس موضوع پر 12 نشستیں منعقد ہو چکی ہیں، جن کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
شہزاد سلیم صاحب غامدی صاحب کی تفسیرِ قرآن ’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ اکتوبر 2024 ء میں انھوں نے ان نشستوں میں سورۂ آل عمران کی آیات 169 تا 185 پر بات کی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث
اکتوبر 2024 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ مریم کی آیات 15 تا 36 کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں عذاب قبر، احسان کیا ہے؟، علامات قیامت کی دو بڑی نشانیاں اور حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ کے قبول اسلام کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
’’اسلامی نظام کا ڈھانچہ‘‘
گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے میزان لیکچرز سیریز کے تحت ’’اسلامی نظام کا ڈھانچہ‘‘ کے موضوع پر انگریزی زبان میں لیکچرز ریکارڈ کرایا، جس میں انھوں نے مذہب کی روح، مذہب کی تعریف‘‘اور دین کےمشمولات جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی۔ اس لیکچر کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“
دنیا نیوز پر نشر ہونے والے غامدی صاحب کے ہفتہ وار پروگرام ’’علم و حکمت: غامدی کے ساتھ‘‘ میں گذشتہ ماہ ہونے والے پروگراموں میں مسلمانوں کو مستقبل میں درپیش مسائل اوراتحاد امت پر گفتگو کے ساتھ ساتھ ناظرین کی طرف سے موصول ہونے والے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔ ان میں سے چنداہم سوالات یہ ہیں: ’’ بینک میں محفوظ رقم پر ملنے والا منافع سود ہے؟‘‘، ’’کیا مستقبل میں اسلامی ممالک کے درمیان سیاسی سطح پر اتحاد ممکن ہے؟‘‘ اور ’’ہجرت کب کرنی چاہیے؟‘‘ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 2 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کی رہنمائی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔
شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن
شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ لوگوں سے آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان سیشنز میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں شہزاد سلیم صاحب سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے 30 سے زائد سیشنز ہوئے۔ان سیشنز میں لوگوں نے شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری اور ازدواجی مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔