مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]جنوری 2025ء[ المورد‘‘ امریکہ کا سالانہ اجلاس

شاہد محمود اردو

گذشتہ ماہ ڈیلس میں ’’المورد‘‘ امریکہ کے اراکین کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا۔یہ اجلاس دو روز تک جاری رہا اور اس میں جنرل باڈی کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ ’’المورد‘‘ امریکہ کے سیکرٹری علی فاروق صاحب نے چیئر مین ’’المورد‘‘ بورڈ جناب مکرم عزیز کو مرکزی اجلاس کے آغاز کے افتتاحی خطاب کی دعوت دی۔ اُنھوں نے بورڈ کی طرف سے شرکا کو خوش آمدید کہا اور اپنی اور بورڈ کی جانب سے ادارے کی تعمیر و ترقی کے لیے بھر پور کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مکرم عزیز صاحب نے سال 2024 ء کے مالی امور کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی۔ ’’المورد‘‘ یو ایس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سی ای او جناب فرحان سید نے ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے بعد غامدی جی پی ٹی، آن لائن تعلیمی کورسز، اے آئی ڈبنگ، انگریزی کونٹینٹ اور کتابوں کی اشاعت و فروخت کے حوالے سے کاموں کی تفصیل بھی بیان کی۔ شرکا نے کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ محدود ٹیم کے ساتھ غیر معمولی کام انجام دینا لائق تحسین ہے۔اس کے بعد ایجوکیشن کمیٹی کے ممبر جناب عاطف ساجد نے ’’سنڈے اسکول‘‘کے حوالے سے تعلیمی کارکردگی کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ عمیر اجمل صاحب نے آئی ٹی سے متعلق معاملات کی تفصیل بتائی۔

غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن محمد حسن الیاس صاحب نے ادارے کے اہداف و مقاصد اور لائحۂ عمل کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ شعوری کوشش ہے کہ لوگوں کو بار بار یہ یاددہانی کرائی جائے کہ ہم کسی مسلک، فرقے یا خاص زاویے سے مذہب کی دنیا بھر میں ترویج کر کے اپنا کوئی جتھا بنانے والی مذہبی تنظیم نہیں ہیں، بلکہ ہماری بنیادی شناخت بھی وہی ہے، جو دنیا بھر میں عام مسلمانوں کی ہے اور یہ ادارہ امت مسلمہ کی علمی روایت کے تسلسل میں کھڑا ہے۔ مزید برآں، انھوں نے ڈیجیٹل کانٹینٹ، سوشل میڈیا، آڈیو بکس، ڈاکومینٹریز، رسالے، اردو، انگریزی اور عربی زبان میں کتابوں کی تیاری اور پروگراموں کی ریکارڈنگ کے حوالے سے گذشتہ برس سر انجام دی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔

جناب جاوید احمد غامدی نے ’’المورد‘‘ امریکہ سے وابستہ افراد کے کاموں کو سراہتے ہوئے ان کے لیے دعا ئیہ کلمات کہے۔ اپنے حالیہ اور مستقبل کے علمی و تصنیفی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس وقت ہماری نئی نسل الحاد سے بہت متاثر ہو رہی ہے، اس لیے اس بات کی ضرورت ہے کہ’’ 23 اعتراضات سیریز‘‘ کی طرح الحاد کے موضوع پر بھی ایک سیریز کی جائے، لہٰذا یہ چیز ان کے پیش نظر ہے کہ 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کی تکمیل کے بعد وہ الحاد کے موضوع پر بھی باقاعدہ ایک ویڈیو سیریز ریکارڈ کرائیں گے۔

غامدی صاحب کا دورۂ بحرین

گذشتہ ماہ پاکستان سے واپسی پر غامدی صاحب نے بحرین میں دو روز قیام کیا۔ غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن محمد حسن الیاس صاحب بھی ان کے ہم راہ تھے۔ بحرین میں قیام کے دوران میں غامدی صاحب نے مختلف مجالس میں شرکت کی، جہاں لوگوں نے ان سے دینی اور سماجی موضوعات سے متعلق سوالات پوچھے، بالخصوص مولانا مودودی کے فکر کے بارے میں سوالات پوچھے گئے۔ مزید برآں، صوفیانہ اور سلفی تعبیرات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔

’’المورد‘‘ ہند کے حلقۂ احباب کے ساتھ آن لائن نشست

دسمبر 2024ء میں غامدی صاحب اور جناب حسن الیاس نے ’’المورد‘‘ ہند کے احباب کے ساتھ ایک آن لائن نشست میں شرکت کی۔ یہ سوال و جواب پر مبنی ایک سیشن تھا، جس میں جماعت اسلامی ہند کے بعض رفقا نے بھی شرکت کی۔ شرکا نے غامدی صاحب اور حسن الیاس صاحب سے مختلف علمی و فکری سوالات پوچھے۔ یہ نشست تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔

”وائس آف ریسرچ“

غامدی سینٹر نے تحقیقی اور علمی ماحول کے فروغ کے لیے ”وائس آف ریسرچ“ کے نام سے آن لائن سیمینار کا سلسلہ شروع کیا ہے، جہاں محققین اور اسکالرز اپنی تحقیق پیش کر سکیں گے۔ اس سیمینار کا مقصد تحقیقی مزاج، مکالمے کے فروغ اور تنقیدی سوچ کے ذریعے سے تحقیقی ماحول پیدا کرنا ہے۔ گذشتہ ماہ اس سیمینار میں ڈاکٹر عمار خان ناصر نے ’’توہین رسالت کا مسئلہ‘‘ کے موضوع پر علمی و فکری گفتگو کی اور لوگوں کی طرف سے پوچھے جانے والے سوالات کے جواب دیے۔ یہ سیمینار آن لائن رابطے کی ایک ایپ زوم پر ہوتا ہے، دل چسپی رکھنے والے حضرات ان سیمینارز میں براہ راست شرکت کر کے اپنے سوالات پوچھ سکتے ہیں۔

ارشد محمود صاحب کی غامدی سینٹر آمد

غامدی سینٹر کی یہ خواہش ہے کہ فنون لطیفہ کے حوالے سے ہمارے معاشرے میں جو مذہبی حساسیت پائی جاتی ہے، اس کو ختم کیا جائے۔ چنانچہ اسی مقصد کے پیش نظر پاکستان کے معروف فنکار و موسیقار جناب ارشد محمود کو غامدی سینٹر مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے حسن الیاس صاحب کے ساتھ ایک پروگرام بھی ریکارڈ کرایا، جس میں فنون لطیفہ کے مختلف پہلوؤں کے علاوہ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کی گئی۔ مزید برآں، انھوں نے غامدی صاحب کی علمی و فکری خدمات کے بارے میں اپنی راے کا اظہار بھی کیا۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

تعلیمی ایکسپو، اورنگ آباد میں ’’المورد‘‘ ہند کی شرکت

دسمبر 2024ء میں ’’المورد‘‘ ہند نے اورنگ آباد، انڈیا میں تعلیمی ایکسپو میں اپنا بک اسٹال لگایا۔ اس بک اسٹال میں ’’المورد‘‘ ہند کی مطبوعات کے ساتھ غامدی سینٹر کی کتب بھی رکھی گئیں۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس بک اسٹال کا وزٹ کیا اور کتابیں خریدیں۔

غامدی سینٹر کا دس روزہ خانقاہ پروگرام

دسمبر 2024ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام دس روزہ خانقاہ کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ معز امجد صاحب نے اس میں بہ طور معلم اپنی خدمات پیش کیں۔اس پروگرام میں ’’غصہ اور رد عمل پر کنٹرول‘‘، ’’وقت کا صحیح استعمال‘‘، ’’بچوں کی تربیت‘‘، ’’گھر اور نوکری میں توازن‘‘ اور ’’مقصد زندگی کی تلاش‘‘ جیسے اہم موضوعات کو زیر بحث لایا گیا۔ یہ پروگرام 21 دسمبر 2024ء سے 30 دسمبر 2024ء تک جاری رہا اور لوگوں کی کثیر تعداد نے اپنے بچوں کے ساتھ اس پروگرام میں شرکت کی۔

’’ دین میں علم و استدلال کے بنیادی اصول ‘‘

منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں دین میں علم و استدلال کے دو ایسے بنیادی اصول بیان کیے ہیں، جو عقل و نقل کے مبادیات کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے بغیر دین و شریعت کے صحیح فہم تک رسائی ناممکن ہے۔ پہلا اصول بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ دین میں قرآنِ مجید کی حیثیت میزان اور فرقان کی ہے۔چنانچہ احادیث و آثار، تاریخ و سیرت، فقہ و تفسیر کے ہر قول، ہر روایت اور ہر راے کو اِس کی کسوٹی پر پرکھا جائے گا۔ دوسرا یہ کہ قرآنِ مجید صاف اور واضح عربی زبان میں نازل ہوا ہے۔ یہ اپنا مدعا پوری صراحت کے ساتھ پیش کرتا ہے، جسے اہل علم کو سمجھنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آتی۔ انھوں نے روایتی مکاتب میں فکر و نظر کی بیش تر غلط فہمیوں کا باعث اِنھی اصولوں سے گریز کو قرار دیا ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق امریکہ‘‘ کے دسمبر 2024ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز کے زیر عنوان گذشتہ ماہ منعقد ہونے والے پروگراموں میں تلاوت قرآن مجید کے حوالے سے آثار کا مطالعہ کیا گیا، جن میں ’’قرآن مجید کی تلاوت کتنے عرصے میں ختم کی جائے؟‘‘، ’’تلاوت کرتے ہوئے آیات کا جواب دینا‘‘، ’’دوران تلاوت میں کچھ آیات کو بار بار پڑھنا‘‘ اور ’’ تلاوت قرآن مکمل ہونے پر دعا کا اہتمام‘‘جیسے اہم نکات پر گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’جماعت اسلامی: ماضی، حال اور مستقبل‘‘

یہ موضوع غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہونے والی ہفتہ وار سوال و جواب کی لائیو نشستوں میں زیر بحث رہا ہے۔ اس موضوع کے تحت جماعت اسلامی کے ماضی، حال اور مستقبل اور مولانا مودودی کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ 13 نشستوں پر مبنی اس طویل بحث کو حال ہی میں مکمل کیا گیا ہے۔ ان نشستوں میں ’’جماعت اسلامی کی تاریخ اور چیلنجز‘‘، ’’قرار داد مقاصد، جماعت کی اہم کامیابی‘‘ اور ’’مودودی صاحب کی سزاے موت کا فیصلہ‘‘ اور دیگر اہم موضوعات کو زیر بحث لایا گیا ہے۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

”اسلام اسٹڈی سرکل“

دسمبر 2024ء میں شہزاد سلیم صاحب نے ”اسلام اسٹڈی سرکل“ پروگرام میں قرآن مجید، حدیث اور بائیبل کے جن موضوعات پر بات کی، ان کے عنوانات بالترتیب یہ ہیں: ’’اللہ کی قربت حاصل کرنا‘‘، ’’دولت ایک آزمایش ہے ‘‘ اور ’’دوسروں کی مدد کرنا‘‘۔ مزید برآں، نشست کے آخر میں ’’نفرت کا مقابلہ کرنا‘‘ کے موضوع پر گفتگوکی گئی اور زیر بحث آنے والے موضوعات سے متعلق پوچھے جانے والے سوالوں کے جواب دیے گئے۔ اس نشست کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’ جماعت اسلامی پر تنقید کی وجوہات‘‘

’’حیات امین‘‘ کی گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں نعیم بلوچ صاحب نے ابتدا میں جماعت اسلامی پر ہونے والی تنقید کی وجوہات کو بیان کیا ہے اور اس ضمن میں متعدد اہل علم کی آرا کا تذکرہ بھی کیا ہے۔ لکھتے ہیں کہ جماعت اسلامی پر تنقید کی ایک بڑی وجہ یہ تھی کہ مولانا مودودی نے پہلی دفعہ اسلامی حکومت کے قیام کو دینی فریضہ قرار دیا تھا۔ پھر طرہ یہ کہ اسی نقطۂ نظر کی بنیاد پر مودودی صاحب نے اپنی کتاب ’’تجدید و احیائے دین‘‘ تصنیف کی، جس میں مولانا نے یہ موقف اختیار کیا کہ اس سے پہلے دین کے احیا کی جتنی بھی کوششیں ہوئی ہیں، وہ اس فریضے کی انجام دہی کے بارے میں مکمل طور پر غافل رہی ہیں یا اسے وہ اہم مقام نہیں دیا گیا، جس کا یہ فریضہ متقاضی ہے۔یہ مضمون ’’اشراق امریکہ‘‘ کے دسمبر 2024ء کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

’’موت کی سزا‘‘

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ’’موت کی سزا‘‘ کے عنوان سے ایک نئے موضوع کا آغاز کیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کی منعقد ہونے والی نشستوں میں غامدی صاحب نے اپنے اس نقطۂ نظر کے حق میں دلائل پیش کیے کہ دین اسلام میں قتل اور فساد فی الارض کے علاوہ موت کی سزا نہیں دی جا سکتی۔ مزید برآں، اس موقف کے حق میں پیش کی جانے والی آیت کا پس منظر اور اس کے مخاطبین کے حوالے سے گفتگو کی گئی اور اس پر علما کی جانب سے کیے جانے والے اعتراضات کو زیر بحث لایا گیا ۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

غامدی صاحب کی ہفتہ وار سوال و جواب کی نشستیں

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہر ہفتے سوال و جواب کی لائیو نشست منعقد کی جاتی ہے، جس میں حسن الیاس صاحب غامدی سینٹر کو موصول ہونے والےمختلف نوعیت کے سوال غامدی صاحب کے سامنے رکھتے ہیں اور غامدی صاحب ان کا جواب دیتے ہیں۔ دسمبر 2024ء میں ان نشستوں میں شام میں ہونے والی حالیہ بغاوت کے مختلف پہلوؤں پر بات کی گئی۔ مزید برآں، ’’جبر و استبداد کی بنا پر قائم کی گئی حکومت کے بارے میں اسلام کیا کہتا ہے‘‘، ’’خوارج کون تھے‘‘ ، ’’جمہوری حکومت میں سول نافرمانی اور بغاوت کرنے والوں پر فساد فی الارض کی سزا کا اطلاق کیا جا سکتا ہے؟‘‘ اور ’’کن حالات میں بغاوت کی جا سکتی ہے؟‘‘جیسے اہم سوالات کو زیر بحث لایا گیا۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

”مطالعۂ سیرت“ کی آڈیو ریکارڈنگ

یہ کتاب مولانا وحید الدین خان کی تصنیف ہے۔ ڈاکٹر خالد ظہیر نے اسے اپنی آواز میں ریکارڈ کرایا ہے، جسے غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کیا جا رہا ہے۔ اب تک اس کی 15 اقساط نشر ہو چکی ہیں، جن کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے غامدی صاحب کی تفسیر ”البیان“ میں سے سورۂ نساء کی آیات 23 تا 59 کا انگریزی زبان میں درس دیا۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث

دسمبر 2024 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ مریم کی آیات 37 تا 88 کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں ’’یاجوج و ماجوج کا فتنہ‘‘ ، ’’یاجوج و ماجوج کا خروج‘‘، ’’قیامت اور نزول مسیح کا معاملہ‘‘، ’’قرب قیامت کی 10 بڑی نشانیاں‘‘ اور ’’خروجِ دجال کا پس منظر‘‘جیسے اہم موضوعات سے متعلق احادیث پر گفتگو کی گئی۔ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

’’اصل الاصول‘‘

دسمبر 2024ء میں شہزاد سلیم صاحب نے میزان لیکچرز سیریز کے تحت ’’اصل الاصول ‘‘ کے موضوع پر انگریزی زبان میں دو لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان لیکچرز کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

غامدی سینٹر کے آن لائن تعلیمی کورسز

دسمبر 2024 ء میں غامدی سینٹر نے اپنے آن لائن لرننگ پلیٹ فارمز Udemy اور Teachable کے لیے انگریزی زبان میں دو کورسز شائع کیے، جن کے نام یہ ہیں: ’’Principles of Understanding the Qur’an ‘‘ اور ’’ Morals & Morality‘‘۔ پہلا کورس Teachable اور Udemy، دونوں پلیٹ فارمز پر موجود ہے اور اس کو شہزاد سلیم صاحب نے ریکا رڈ کرایا ہے، جب کہ دوسرا کورس صرف Teachable پر موجود ہے اور اس کی آڈیو AI کے ذریعے سے تیار کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ غامدی سینٹر کے آن لائن کورسز کو منفرد اور دل چسپ بنانے کے لیے ویڈیوز کو جدید انداز میں ایڈٹ کیا جاتا ہے۔ یہ کورسز غامدی سینٹر کی Teachable ویب سائٹ اور Udemy پر نہایت کم قیمت میں دستیاب ہیں۔

شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ لوگوں سے آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان سیشنز میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں شہزاد سلیم صاحب سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے 20 سے زائد سیشنز ہوئے۔ان سیشنز میں لوگوں نے شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری کے مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“

گذشتہ ماہ دنیا نیوز پر نشر ہونے والے غامدی صاحب کے ہفتہ وار پروگرام کے موضوعات یہ تھے: ’’غامدی صاحب کے تصور سنت پر اشکالات کا جائزہ‘‘، ’’ مسلمانوں پر افلاطون کے فکری اثرات ‘‘ اور ’’اسلام میں اقلیتوں کے حقوق‘‘۔ ان پروگراموں میں زیر بحث آنے والے سوالوں میں سے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’ کیا سائنس یا فلسفے وغیرہ سے اسلام کی توجیہ و توضیح کرنا درست ہے؟‘‘، ’’کوئی چیز بدعت کیسے قرار پاتی ہے؟‘‘، ’’سنت کی تصدیق کے عمل میں حدیث معیار بنے گی یا فقہ؟‘‘ اور ’’دعا کو سنت کی فہرست میں شامل کیوں نہیں کیا گیا؟‘‘ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

Ask Dr. Shehzad Saleem

یہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست ہے، جس میں ڈاکٹر شہزاد سلیم لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 5 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔

شہزاد سلیم صاحب کے مختلف موضوعات پر لیکچر زکی ریکارڈنگ

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر انگریزی زبان میں لیکچرز ریکارڈ کراتے ہیں۔ دسمبر 2024 ء میں انھوں نے جن موضوعات پر لیکچرز ریکارڈ کرائے، وہ یہ ہیں: ’’بہ طور انسان کیسے ممتاز ہوا جائے؟‘‘اور ’’انسانیت‘‘۔ ان لیکچرز کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔