مواد پر جائیں

خدمتِ قرآن کے 37 برس

خطاب : مکرم عزیز* اردو

ـــــــ ڈاکٹر شہزاد سلیم کے لیے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر ـــــــ

بسم اللہ الرحمن الرحیم۔

سب سے پہلے میں جناب جاوید احمد صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنھوں نے اس تقریب میں شرکت فرمائی ۔ میں ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب کو ہمارے ادارے میں تشریف آوری پر خوش آمدید کہنا چاہتا ہوں۔ اس علمی نشست میں ڈاکٹر شہزاد صاحب کی میزبانی کا موقع ملنا ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔اسی کے ساتھ ، میں اپنے ادارے کے قابل فخر اہل علم حضرات، جو یہاں موجود ہیں یا آن لائن شریک ہیں، انھیں خوش آمدید کہتا ہوں۔

اس کے بعد میں ادارے کے بورڈ ممبران کو خوش آمدید کہنا چاہتا ہوں۔ ہمارے وائس چیئر علی صاحب یہاں موجود ہیں۔ اسی طرح جنرل باڈی کے کئی اراکین بھی تشریف فرما ہیں اور بعض آن لائن شریک ہیں۔ ہمارے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فرحان سید صاحب اور ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب کو بھی خوش آمدید کہتا ہوں۔

خواتین و حضرات! آج کی یہ نشست صرف ایک عالم یا ایک محقق کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے نہیں ہے، بلکہ ایک زندہ علمی روایت کو سراہنے کے لیے ہے۔ میرے لیے یہ نہایت مسرت اور اعزاز کی بات ہے کہ میں ادارۂ ’’المورد‘‘ امریکہ اور پورے ادارے کی جانب سے ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ پیش کرنے کی اس سعادت میں شریک ہوں۔ وہ شخصیت جن کی انکساری ان کے علم جتنی ہی گہری ہے۔

شہزاد صاحب کی 37 برس کی علمی جدوجہد ہے۔ ایسے برس جن میں بے شمار اہم تصانیف سامنے آئیں، قرآن کی تاریخ کو علمی تحقیق اور سچائی کے جذبے سے اجاگر کیا گیا۔ یہ 37 سال دراصل مولانا فراہی، مولانا اصلاحی اور جاوید احمد غامدی صاحب کی علمی روایت کو ایسی زبان میں منتقل کرنے کے ہیں ، جس سے پوری دنیا اس سے فیض اٹھا سکے۔

میں بھی آپ سب کی طرح براہِ راست اس علمی خدمت سے استفادہ کر رہا ہوں۔ ’’میزان‘‘ سے ’’البیان‘‘ تک،’’ تدبر قرآن‘‘ سے ’’الاسلام‘‘ تک، ڈاکٹر شہزاد سلیم کا قلم روایت اور عہدِ حاضر کے درمیان ایک پل کے مانند رہا ہے۔

یہ 37 سال ایسے ہیں جن میں خودنمائی کے دور میں بھی شہزاد سلیم صاحب نے اپنے کام کو اپنی پہچان بنایا۔ وہ بوجھل علمی بار اٹھاتے رہے، مگر کبھی شہرت کی تلاش میں نہیں رہے۔ یہ 37 سال قرآن کے صرف الفاظ یا پیغام نہیں، بلکہ اس کی حقیقی روح کے ساتھ جینے کے ہیں۔ یہ 37 سال لیکچرز، مضامین، آن لائن کورسز اور قرآنی کورسز نیز ورکشاپس کے ذریعے سے دنیا بھر میں ہزاروں دلوں اور ذہنوں کو بدلنے والی خاموش تربیت اور مسلسل رہنمائی کے ہیں۔ یہ 37 سال تکبر سے پاک قیادت کے ہیں۔ یہ 37 سال دکھاوے کے بغیر علمی خدمت کے ہیں۔

یہ صرف ’’المورد‘‘ کے ایک عالم نہیں، بلکہ اس کی روحِ رواں ہیں۔ یہ راستے کے معلم نہیں، بلکہ خود اللہ کی راہ کے ایک مستقل طالب ہیں۔ ایک ایسی شخصیت جنھوں نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ وہ پہنچ چکے ہیں، بلکہ ہمیشہ یہ جستجو رکھی کہ وہ سچائی کے قریب تر ہوں۔

آج ہم ان 37 برسوں کو صرف کام کے برس نہیں، بلکہ اللہ اور اس کے دین کی بے لوث خدمت کے برس کے طور پر یاد کر رہے ہیں۔

آخر میں، ادارۂ ’’المورد‘‘ امریکہ کی طرف سے اور ہم سب کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے دعاکرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب کے راستے کو قرآن کے نور سے روشن رکھے، ان کے الفاظ ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہیں، ان کی خاموشی اخلاص کی پہچان بنے اور ان کی علمی وراثت سچائی کے طلب گاروں کے لیے ہمیشہ ایک چراغِ راہ بنی رہے۔

جزاکم اللّٰہ خیرًا۔

آپ سب کا شکریہ۔

  1. * چیئر آف دی بورڈ، المورد ، امریکہ۔