مواد پر جائیں

معارف نبوی

اردو

ــــــ 1 ــــــ

ابو قتادہ بیان کرتے ہیں کہ اُنھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنا کہ آپ نے فرمایا: اچھا خواب اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے ،لہٰذا اُس میں بشارت ہوتی ہے۔ سو تم میں سے کوئی شخص جب ایسی چیز خواب میں دیکھے جو اُسے اچھی لگ رہی ہو تو اُس کا ذکر صرف اُسی سے کرے جو اُسے عزیز ہو۔ اِسی طرح برا خواب شیطان کی طرف سے ہے۔ چنانچہ تم میں سے کوئی شخص جب ایسی چیز خواب میں دیکھے جو اُسے بری لگ رہی ہو تو اُس کا ذکرکسی سے نہ کرے۔ تاہم اٹھنے کے بعد شیطان کے شر سے پناہ مانگتے ہوئے تین مرتبہ اپنے بائیں جانب تھوتھو کر دے، اور مطمئن رہے، وہ اُس کو کوئی نقصان نہیں پہنچائے گا۔ (جامع معمر بن راشد،رقم 965)

ــــــ 2 ــــــ

ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:مومن کا خواب نبوت کے چھیالیس حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔(بخاری،رقم 6501)

ــــــ 3 ــــــ

ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: خواب تین قسم کے ہوتے ہیں: اللہ کی طرف سے خوش خبری، نفس انسانی کے مکالمات اور شیطان کے ڈراوے۔ پھر تم میں سے کوئی اچھا خواب دیکھے تو اُسے ،اگر چاہے تو بیان کر سکتا ہے، لیکن کوئی ایسا خواب دیکھے جو اُسے اچھا نہ لگے تو کسی سے بیان نہ کرے، بلکہ اٹھ کر نماز پڑھے۔

(مصنف ابن ابی شیبہ،رقم 29917)