ــــــ 1 ــــــ
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص کی موت اِس حالت میں آئی کہ(جانتے بوجھتے) اللہ کے شریک ٹھیراتا تھا،وہ دوزخ میں داخل ہوگا۔ (بخاری،رقم1168)
ــــــ 2 ــــــ
ابو امامہ رضی اللہ عنہ کا گزر ایک مرتبہ خالد بن یزید بن معاویہ کے ہاں ہوا تو اُس نے اُن سے فرمایش کی کہ کوئی ایسی نرم ترین بات بتائیے جو آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہو؟ اُنھوں نے بتایا کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو سنا ہے کہ آپ نے فرمایا: یاد رکھو!تم میں سے ہر شخص جنت میں داخل ہوگا،سواے اُس کے جو اللہ کی اطاعت سے اِس طرح بدک کر نکل جائے، جس طرح اونٹ اپنے مالک کے سامنے بدک جاتا ہے۔(احمد، رقم21640)
ــــــ 3 ــــــ
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری تمام امت جنت میں داخل ہو گی، سواے اُس کے جس نے جانے سے انکار کر دیا۔ لوگوں نے عرض کیا: یا رسول اللہ، ایسا کون ہے جو خود جانے سے انکار کرے گا؟آپ نے فرمایا : جس نے میری اطاعت کی، وہ جنت میں داخل ہوگا اورجس نے میری نافرمانی کی،سو وہی ہے جس نے انکار کر دیا۔
(بخاری، رقم6764)