دنیا کی سیاست میں ایک سوال بار بار سر اٹھاتا ہے: کیا قوموں کو بدلنے کے لیے بم اور میزائل زیادہ مؤثر ہوتے ہیں یا تعلیم، معاشی ترقی اور فکری تبدیلی؟ جدید تاریخ کے تجربات اس سوال کا جواب بڑی حد تک واضح کر دیتے ہیں۔ جنگیں وقتی نتائج تو پیدا کر سکتی ہیں، مگر پائیدار تبدیلی ہمیشہ نظریاتی اور سماجی ارتقا سے آتی ہے۔
حالیہ جنگی اخراجات کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ چند دنوں میں ہی اربوں ڈالر کے ہتھیار استعمال ہو جاتے ہیں۔ ایک خبر کے مطابق صرف دو دنوں میں تقریباً 5.6 ارب ڈالر کے جنگی وسائل استعمال ہوئے۔ یہ رقم چند گھنٹوں میں بارود اور دھماکوں کی صورت میں ختم ہو جاتی ہے۔ مگر اگر یہی سرمایہ تعلیم، صحت، معاشی ڈھانچے اور سماجی اصلاحات پر لگایا جائے تو یہ کئی نسلوں کی تقدیر بدل سکتا ہے۔
اسلامی فکر بھی اس حقیقت کی طرف توجہ دلاتی ہے۔ پیغمبر اسلام ﷺ کے ایک ارشاد کا مفہوم یہ بیان کیا جاتا ہے کہ غربت اور محتاجی انسان کے کردار کو کمزور کر دیتی ہے اور بتدریج اخلاقی بنیادوں کو بھی ختم کر سکتی ہے۔ اس حکمت کو اگر اجتماعی سطح پر دیکھا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ جب معاشروں میں محرومی، ناانصافی اور معاشی جمود بڑھتا ہے تو شدت پسندی اور انتہا پسندانہ نظریات کو پنپنے کا موقع ملتا ہے۔
افغانستان کی حالیہ تاریخ اس کی ایک نمایاں مثال ہے۔ دو دہائیوں تک جاری رہنے والی جنگ میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے کھربوں ڈالر خرچ کیے۔ جدید اسلحہ، فوجی طاقت اور بڑے آپریشن کیے گئے۔ انفراسٹرکچر کے متعدد منصوبے بھی مکمل ہوئے، مگر معاشرے کی گہری نظریاتی ساخت میں بنیادی تبدیلی پیدا نہ ہو سکی۔ جب بیرونی فوجی موجودگی ختم ہوئی تو وہی پرانے نظریاتی ڈھانچے طالبان کی شکل میں دوبارہ غالب آ گئے۔ یہ تجربہ اس بات کی یاد دہانی …
ہے کہ صرف عسکری طاقت کسی معاشرے کے فکری رخ کو مستقل طور پر تبدیل نہیں کر سکتی۔
ایران کے حوالے سے بھی یہی سوال اٹھتا ہے کہ اگر عالمی طاقتیں صرف فوجی دباؤ کے بجائے معاشی ترقی، تعلیم اور فکری مکالمے کے ذریعے سے معاشرے میں تبدیلی کی حکمتِ عملی اپناتیں تو شاید نتائج مختلف ہوتے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ معاشروں میں حقیقی تبدیلی اس وقت آتی ہے جب عوام کے اندر شعور، تعلیم اور معاشی استحکام پیدا ہو۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ ایران میں مذہبی تنگ نظری کی وجہ سے یہ ممکن نہیں تھا۔ لیکن اس کی بھی ایک تاریخ ہے۔ اس مذہبی شدت پسندی کو ہمیشہ عسکری بالادستی سے ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ مگر نتیجہ وہی کہ مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی! کیا ہم نے کبھی غور کیا کہ اس مذہبی انتہا پسندی کو تخریب کے بجائے کبھی تعمیر سے بدلنے کی کوشش کی گئی؟ دشمنی، نفرت اور عسکریت سے کبھی بھی نظریات نہیں بدلتے۔
تاریخ میں اس کی کئی مثبت مثالیں موجود ہیں۔ تاتاریوں کی مثال لیجیے۔ ایک زمانہ تھا جب تاتاری دنیا کے لیے خوف اور تباہی کی علامت سمجھے جاتے تھے۔ ان کی یلغار نے ایشیا اور یورپ کے کئی علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اپنے وقت کی سپر پاور مسلم حکومت کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا۔ مگر وقت کے ساتھ جب ان اقوام نے علم، مذہب اور تہذیبی اثرات کو قبول کیا تو ان کے معاشرتی کردار میں نمایاں تبدیلی آئی۔ کئی علاقوں میں وہی قومیں بعد میں ریاستی نظم، ثقافت اور علم کی سرپرست بن گئیں۔ اس تبدیلی کا بنیادی سبب صرف طاقت نہیں بلکہ فکری اور تہذیبی ارتقا تھا۔
امریکہ کی تاریخ میں بھی ایسے کئی تجربات ملتے ہیں۔ مقامی قبائل، جنھیں عموماً ریڈ انڈین کہا جاتا ہے، ایک طویل اور پیچیدہ تاریخی عمل سے گزرے۔ ابتدا میں تصادم اور تنازع کی تاریخ رہی، مگر وقت کے ساتھ ساتھ تعلیم، شہری حقوق اور سماجی اداروں کی توسیع نے ان کمیونٹیز کو جدید معاشرے کے اندر اپنی شناخت کے ساتھ آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے۔ یہ عمل آسان نہیں تھا، مگر اس نے یہ ضرور ثابت کیا کہ سماجی شمولیت اور ترقی کے مواقع کسی بھی کمیونٹی کی سمت بدل سکتے ہیں۔
اسی طرح امریکہ میں افریقی نژاد آبادی کی مثال بھی ایک اہم تاریخی سبق فراہم کرتی ہے۔ غلامی کے دور سے لے کر شہری حقوق کی تحریک تک ایک طویل جدوجہد جاری رہی۔ مگر جب تعلیم، قانونی حقوق اور معاشی مواقع میں اضافہ ہوا تو اس کمیونٹی کے اندر سے دانشور، سائنس دان، سیاست دان اور عالمی سطح کے رہنما سامنے آئے۔ آج وہی کمیونٹی امریکی معاشرے کا ایک فعال اور بااثر حصہ ہے۔ یہ تبدیلی کسی فوجی مہم کا نتیجہ نہیں بلکہ طویل سماجی اور نظریاتی ارتقا کا ثمر ہے۔
یہ تمام مثالیں ایک بنیادی حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہیں: قوموں کی فکری سمت کو بدلنے کے لیے بندوق سے زیادہ طاقتور چیز تعلیم، معاشی انصاف اور سماجی مواقع ہوتے ہیں۔ جب لوگوں کو بہتر زندگی کا راستہ دکھائی دیتا ہے تو وہ خود شدت پسندی اور جمود سے دور ہونے لگتے ہیں۔
اسی لیے آج دنیا کے سامنے اصل سوال یہ ہے کہ اربوں ڈالر جنگی ہتھیاروں پر خرچ کیے جائیں یا انسانوں کی ترقی پر۔ اگر انہی وسائل کا ایک حصہ بھی تعلیم، معیشت اور سماجی اصلاحات پر لگایا جائے تو شاید کئی خطے مسلسل کشیدگی اور تشدد کے چکر سے نکل سکتے ہیں۔
تاریخ کا سبق واضح ہے: میزائل وقتی برتری دیتے ہیں، مگر تہذیب اور ترقی ہمیشہ علم، معاشی انصاف اور نظریاتی بیداری سے پیدا ہوتی ہے۔ قوموں کی حقیقی طاقت بارود میں نہیں بلکہ انسانوں کے شعور اور امکانات میں پوشیدہ ہوتی ہے۔
سچی بات تو یہ ہے کہ جو لوگ جنگ کو اپنی پالیسی بناتے ہیں، وہ صرف یہ ثابت کر رہے ہیں کہ انھوں نے امن کی طاقت کو دریافت نہیں کیا۔