غامدی سینٹر نے رمضان المبارک کے مہینے میں خصوصی نشریات کا اہتمام کیا ہے۔ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر مختلف دینی، اخلاقی اور تربیتی موضوعات پر پروگرام نشر ہو رہے ہیں۔ جناب جاوید احمد غامدی اور اُن کے مختلف شاگرد یہ پروگرام پیش کر رہے ہیں۔ اِن پروگراموں میں بیش تر موضوعات ماہ رمضان اور اُس میں روزے کی عبادت کے حوالے سے ہیں۔ غامدی صاحب کے علاوہ ، معز امجد، شہزاد سلیم، نعیم بلوچ، حسن الیاس اور منظور الحسن بہ طور مقرر شریک ہیں۔ اِسی سلسلے میں ”البیان“ کے نام سے ایک پروگرام نشر ہو رہا ہے، جس میں قرآن مجید کی تلاوت اور غامدی صاحب کا ترجمۂ قرآن پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ہر جمعرات اور جمعہ کو قرآن مجید میں مذکور دعائیں بھی پیش کی جا رہی ہیں۔ ان تمام پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’متاعِ رمضان‘‘
یہ دنیا نیوز کی رمضان ٹرانسمیشن کا ایک اہم پروگرام ہے۔ اِس میں جناب جاوید احمد غامدی عام فہم انداز میں دینی سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اِس کا ہر ایپی سوڈ تین حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ پہلے حصے میں قرآنِ مجید کے پیغام کو پیش کیا جاتا ہے، دوسرے حصے میں حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی شرح و وضاحت کی جاتی ہے اور تیسرے حصے میں لوگوں کے سوالات کو زیرِ بحث لایا جاتا ہے۔محمد حسن الیاس اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض انجام دیتے ہیں۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
حسن الیاس صاحب کا دورۂ پاکستان
گذشتہ ماہ حسن الیاس صاحب اپنے نجی دورے پر پاکستان گئے تھے۔ اگرچہ یہ نجی دورہ تھا، لیکن اس کے باوجود انھوں نے وہاں اپنی دعوتی سرگرمیاں جاری رکھیں اور بڑی تعداد میں لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔ انھوں نے اپنے اس دورے کے دوران میں پاکستان کے مشہور یو ٹیوبرز کے ساتھ 5پاڈ کاسٹ بھی ریکارڈ کرائے۔ ان پاڈ کاسٹ میں اسلام کو کیسے سمجھا جائے؟ فکر فراہی اور فکر غامدی سے کیا مراد ہے؟مکتب فراہی کی حدیث کے باب میں کیا خدمات ہیں؟ اگر کوئی فعل کفر ہے تو اس کا مرتکب کافر کہلائے گا یا نہیں؟ کیا توہین مذہب کے قوانین اسلامی ہیں؟ اور اس طرح کے دیگر علمی اور فکری نوعیت کے سوالات پوچھے گئے۔ حسن الیاس صاحب نے نہایت پراعتماد طریقے سے ان سوالات کے جواب دیے۔ ان پاڈ کاسٹ کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’سوال و جواب سید منظور الحسن کے ساتھ‘‘
یہ غامدی سینٹر کا مستقل پروگرام ہے۔ اس پروگرام میں نوجوانوں کے ذہنوں میں اسلام سے متعلق پیدا ہونے والے سوالوں کا جواب دیا جاتا ہے۔ پروگرام میں مختلف نوجوان خواتین و حضرات سوال کرتے ہیں ۔ سید منظور الحسن اِن سوالات کے مفصل جواب دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس پروگرام میں رمضان المبارک کی مناسبت سے جو موضوعات زیر بحث رہے، وہ یہ ہیں: تراویح یا تہجد کی نماز؟، رمضان کا چاند دیکھنے کی حقیقت، روزے کی حقیقت اور روزں کے لیے رمضان ہی کو کیوں خاص کیا گیا ہے؟ ان پروگراموں کو ادارے کے یو ٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے ۔
والدین کے چیلنجز
مارچ 2024 کے مہینے میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کی میزبانی کے فرائض غامدی صاحب کے شاگرد اور انڈراسٹینڈنگ اسلام ویب سائٹ کے بانی معز امجد صاحب نے سر انجام دیے۔ اس ورکشاپ میں والدین کو در پیش مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے اس سوال کو زیر بحث لایا گیا کہ کیا والدین کے چیلنجز تناؤ اور تشویش کا باعث بن رہے ہیں؟ اس ورکشاپ کا دورانیہ 60 منٹ تھا ۔
’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘
گذشتہ ماہ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے سیشن میں ڈاکٹر شہزاد سلیم نے ”ایمان کے مستقل تقاضے“، ”نرمی‘‘ اور ”روحانی وجود“جیسے موضوعات پر بحث کی۔ اور سیشن کے آخر میں شرکا کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے۔ یہ سیشن انگریزی زبان میں ہوتا ہے۔ ان کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
لفظِ ’’تبیین‘‘ کے مفہوم پر اعتراضات کا جائزہ
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں گذشتہ کئی ماہ سے ”حدیث کیا ہے؟“ کا موضوع زیر بحث ہے۔ مارچ 2024 میں ان نشستوں میں لفظِ ’’تبیین‘‘کے مفہوم کے بارے میں غامدی صاحب نے نے ماضی کے مفسرین کی جو آرا بیان کی تھیں ان پر کیے جانے والے اعتراضات کے جوابات دیے گئے ہیں۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
امام فراہی کی وفات کا ذکر
مارچ 2024 کے شمارے میں ’’حیات امین‘‘ کی قسط میں نعیم بلوچ صاحب نے مولانا امین احسن اصلاحی کےاستاد امام حمید الدین فراہی کی خرابیِ صحت، ان کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام، ان کی وفات کےبارے میں مختلف لوگوں کے خواب کا ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے سانحۂ ارتحال اور مولانا امین احسن پر اس سانحے کے اثرات کو بیان کیا ہے۔ لکھتے ہیں کہ امام فراہی جب اسپتال میں داخل ہوئے تو مدرسے میں روز عصر کے وقت ان کی صحت عابی کی دعا کی جاتی۔ لوگ کنکریوں پر آیت کریمہ پڑھتے۔ امام فراہی کے انتقال کے حوالے سے مولانا اختر احسن اصلاحی کا خواب ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ انھوں نے خواب میں دیکھا کہ ان کے کمرے میں خون ہی خون بکھرا ہوا ہے۔ انھوں نے یہ خواب متعدد لوگوں کو سنایا۔ اس خواب کے دیکھنے کے دوسرے دن امام فراہی کے انتقال کی خبر مدرسے پہنچ گئی۔
لیلۃ القدر
سید منظور الحسن کا یہ مضمون مارچ 2024 کے شمارے میں شائع ہوا ہے۔ اس مضمون میں منظور الحسن صاحب نے لیلۃ القدر کی نوعیت ،برکت اور فضیلت کے حوالے سے جو باتیں قرآن و حدیث سے معلوم ہوتی ہیں، اُن کا خلاصہ بیان کیا ہے۔ اُنھوں نے لکھا ہےکہ اس رات کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ اس رات قرآن مجید کا نزول ہوا ہے۔ اِس رات میں کائنات سے متعلق بڑے بڑے فیصلے ہوتے ہیں۔ قرآنِ مجید اور احادیث سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ لیلۃ القدر ماہ رمضان ہی کی رات ہے، مگر یہ کون سی رات ہے، اِس کی تصریح قرآن میں نہیں ہے۔ احادیث سے البتہ یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک ہے۔
حسن الیاس صاحب کا لندن میں ایک تقریب سے خطاب
دورۂ پاکستان کے بعد حسن الیاس صاحب لندن روانہ ہو گئے۔ لندن میں دو روزہ مختصر قیام کے دوران میں انھوں نے ایک تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آخرت میں نجات کی وجہ محض مسلمان گھرانے میں پیدا ہونا نہیں ہے۔ یہ دنیا امتحان کے اصول پر بنی ہے اور آخرت میں وہی کامیاب ہو گا جو اس امتحان میں پاس ہو گا۔ ہر انسان کا امتحان مختلف ہے اور مسلمانوں کا امتحان یہ ہے کہ حق کو پہچاننے کے بعد کیا انھوں نے حقیقت میں اس حق کو اپنایا ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان گھرانے میں پیدا ہونا اگرچہ ایک بہت بڑی نعمت ہے، لیکن نتیجے کے اعتبار سے یہ ایک بہت بڑی آزمایش اور ذمہ داری بن گئی ہے۔ خطاب کے آخر میں انھوں نے بتایا کہ دین کا اصل مقصد عبودیت، تزکیہ اور اخلاقی معاملات میں اللہ تعالیٰ سے لو لگانا ہے۔ اس تقریب کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
”البیان“ ترجمۂ قرآن کی آڈیو بک
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام تذکیر بالقرآن پراجیکٹ کے تحت قرآن مجید کو ایک سال میں سنانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ سورۂ انعام کی آیات 56 تا 165 اور سورۂ اعراف کی آیات 1 تا 206 کی تلاوت اور ترجمہ پیش کیا گیا۔ ہر ہفتے اس کی ایک قسط غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر نشر کی جاتی ہے۔ اب تک اس کی 22 اقساط نشر ہو چکی ہیں۔
ڈاکٹر شہزاد سلیم کے مختلف لیکچر زکی ریکارڈنگ
مارچ 2024 میں شہزاد سلیم صاحب نے ’’خوشگوار ازدواجی زندگی کے بنیادی عوامل‘‘ اور ’’خیرات‘‘ کے موضوع پر ایک ایک جب کہ ’’اسلام کے بارے میں کچھ عام غلط فہمیاں‘‘ پر 3 اور ’’روزے کا فلسفہ اور حکمت‘‘ پر 2 لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ Lessons of Life Seriesکے زیر عنوان 6 لیکچر ریکارڈ ہوئے، جن کے موضوعات’’مسلسل بیداری‘‘، ’’ذکر ِ الہٰی‘‘، ’’زندگی کی آزمایش‘‘، ’’جب تک آپ اپنے خواب کو تلاش کریں‘‘، ’’سب اچھا ہے‘‘ اور ’’امرا کی آزمایش‘‘ہیں۔ یہ لیکچر انگریزی زبان میں ہیں اور غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
”قرآن و سنت کا باہمی تعلق“ کی آڈیو بک
یہ ڈاکٹر عمار خان ناصر کی تصنیف ہے۔ یہ کتاب اصول فقہ کی اس اہم ترین بحث کا ایک تاریخی مطالعہ پیش کرتی ہے کہ قرآن مجید اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے باہمی تعلق کی نوعیت کیا ہے۔ اس کتاب کی آڈیوریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کی جا رہی ہے۔ گذشتہ ماہ اس کی کتاب کی نشر کی جانے والی قسط میں حلال اور حرام جانوروں کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔
رازِ حیات
یہ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر نشرہونے والا ہفتہ وار پروگرام ہے۔ اس میں دین کی تعلیم و تربیت اور تزکیہ و تطہیر کے موضوعات پر گفتگو کی جاتی ہے۔ گذشہ ماہ سے اس پروگرام میں انسانوں کے مختلف تعلقات کو زیر بحث لایا جا رہا ہے۔ اِس ضمن ’’ہم اور ہمارا خالق‘‘ اور ’’ہم اور ہمارے انبیا‘‘ کے زیر عنوان پروگرام نشر ہو چکے ہیں اور ادارے کے یو ٹیوب چینل پر دستیاب ہیں۔
23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کا انگریزی زبان میں خلاصہ
23 اعتراضات کی اس ویڈیو سیریز میں غامدی صاحب کے افکار پر روایتی مذہبی فکر کی طرف سے کیے گئے اعتراضات اور تنقیدات کو زیرِ بحث لایا جاتا ہے۔ ڈاکٹر شہزاد سلیم اس سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوعات ’’تکفیر‘‘ اور ’’معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ کا خلاصہ بیان کیا۔ ان پروگرامز کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر ’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ‘‘ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 6 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کی رہنمائی میں محمد حسن الیاس نے جاری کیا۔
دین کا عالم کیسے بنا جائے؟
یہ حسن الیاس صاحب کا پروگرام ہے۔ اس پروگرام میں وہ دین کا عالم بننے کے حوالے سے آسٹریلیا سے آئے نوجوان حمزہ خالد کے مختلف سوالوں کے جواب دے رہے ہیں ۔ اہم سوال یہ ہیں: دین کا عالم کون ہوتاہے؟ دین کا علم حاصل کرنے کے مراحل کیا ہیں؟ کسی شخص کو یہ کیسے معلوم ہو گا کہ وہ دین کا عالم بننے کا اہل ہے بھی یا نہیں؟ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
اسباق زندگی
غامدی صاحب کے عزیز شاگرد جناب معز امجد گذشتہ دنوں ڈیلس ،امریکہ تشریف لائے۔ اپنے قیام کے دوران میں اُنھوں نے غامدی سینٹر کے لیے پروگرام ریکارڈ کرائے۔ ان کی میزبانی کے فرائض حسن الیاس صاحب نے انجام دیے۔ معز امجد صاحب نے ان پروگراموں میں اپنے علمی و فکری سفر کو بیان کیا ۔ انھوں نے بتایا کہ کیسے جدید تعلیم حاصل کرنے کے بعد ان کا رجحان دینی علوم کی طرف ہوا۔ غامدی صاحب سے وہ کیسے متعارف ہوئے اور ان کے ساتھ کن کاموں میں شریک ہوئے اور اِس وقت وہ تعلیم و تربیت کے حوالے سے کیاخدمات انجام دے رہے ہیں۔ مزید برآں اُنھوں نے بہتر زندگی کی تعمیر و ترقی کے بارے میں بھی مختلف گفتگوئیں کیں۔ یہ پروگرام ’’اسباق زندگی‘‘ کے زیر عنوان ادارے کے یوٹیوب چینل سے نشر ہو رہے ہیں۔
سفر در سفر
غامدی صاحب کے دیرینہ رفیق اور شاگرد نعیم احمد بلوچ صاحب بھی گذشتہ ماہ امریکہ تشریف لائے۔ اِس موقع پر ’’سفر در سفر‘‘ کے زیر عنوان ایک خصوصی پروگرام ریکارڈ کیا گیا۔ اس میں انھوں نے اپنی زندگی کے ان واقعات کو بیان کیا ہے جو پاکستان میں عدم رواداری اور اظہارِ راے کی آزادی نہ ہونے سے پیش آ ئے۔ اس داستان میں ایسے متعدد پہلو بیان ہوئے ہیں جس میں عام آدمی کے لیے سیکھنے کے بہت سے پہلو ہیں ۔ اس پروگرام کے میزبان جہاں زیب حمید ہیں ۔ اس پروگرام کو غامدی سیٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کیا جا رہا ہے۔
پیغام قرآن
ڈاکٹر شہزاد سلیم نے رمضان المبارک میں ’’پیغام قرآن‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام میں شہزاد سلیم صاحب قرآن مجید کے منتخب مقامات پر گفتگو کر رہے ہیں۔ روزانہ اس پروگرام کی ایک ایپی سوڈ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر نشر کی جا رہی ہے۔ یہ پروگرام انگریزی زبان میں ہے۔
’’البیان‘‘ کا ترجمہ
رمضان المبارک کے مہینے میں غامدی صاحب کے ترجمۂ قرآن ’’البیان‘‘ کا روزانہ کچھ حصہ جدید اینمیشن کے ساتھ شاہ نواز صاحب کی دل کش آواز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ترجمۂ قرآن کی اس ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
قرآن کی دعائیں
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہر جمعرات اور جمعہ کو قرآن مجید میں مذکور دعائیں شاہ نواز صاحب کی آواز میں پیش کی جا رہی ہیں۔ یہ دعائیں گرافکس اور اینمیشن کے ساتھ ہیں ۔ ناظرین اسکرین پر دعاؤں کا اردو ترجمہ بھی دیکھ سکتے ہیں۔
غامدی سینٹر میں افطار کا اہتمام
رمضان المبارک میں غامدی سینٹر میں ہر منگل کے روز اجتماعی افطار کا اہتمام کیاگیا، جس میں مرد و خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افطار کے اس پروگرام کا انتظام شرکا کی جانب سے کیا گیا تھا۔