غامدی سینٹر کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے مہینے میں خصوصی نشریات کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف دینی، اخلاقی اور تربیتی موضوعات پر پروگرام نشر کیے گئے۔ جناب جاوید احمد غامدی اور اُن کے مختلف شاگردوں نے یہ پروگرام پیش کیے۔ اِن پروگراموں میں بیش تر موضوعات ماہ رمضان اور اُس میں روزے کی عبادت کے حوالے سے تھے۔ ان تمام پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
مودودی صاحب کے ترجمۂ قرآن کا آڈیو ورژن
غامدی سینٹر نے معروف عالم دین، مفکر ، مفسر قرآن اور جماعت اسلامی کے بانی سید ابو الاعلیٰ صاحب مودودی کے شہرۂ آفاق ترجمۂٔ قرآن کے آڈیو ورژن کو اپنے یوٹیوب چینل پر نشر کر دیا ہے۔ اس ترجمے کو ارشد محمود صاحب نے اپنی دل کش آواز میں ریکارڈ کرایا ہے۔ رمضان المبارک میں روزانہ ایک پارے کے ترجمے کی آڈیو کو ادارے کے یوٹیوب چینل پر نشر کیا جاتا رہا ہے۔ اس ترجمۂ قرآن کی مکمل آڈیو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
ماہنامہ ’’اشراق ‘‘ بنگلہ دیش کا اجرا
غامدی سینٹر نے ماہنامہ ’’اشراق امریکہ‘‘ کو اردو، عربی اور انگریزی کے بعد اب بنگلہ دیش کے لوگوں کے لیے بنگلہ زبان میں بھی شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چنانچہ مارچ 2025ء میں اس کا پہلا شمارہ منظر عام پر آ چکا ہے۔ غامدی سینٹر نے فکر فراہی کی روشنی کو دنیا بھر میں پھیلانے کا جو عزم کیا ہوا ہے، یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ یہ جاوید احمد غامدی کی زیر سرپرستی میں شائع کیا جا رہا ہے۔ مولانا عمر فاروق اس کے مدیر، جب کہ محمد حسن الیاس صاحب اس کے مدیر انتظامی ہیں۔ اس شمارے کو غامدی سینٹر کی ویب سائٹ پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
فرزند مولانا اصلاحی ابو سعید اصلاحی سے ایک نشست
نعیم بلوچ صاحب غامدی سینٹر کے پلیٹ فارم سے ’’حیات امین‘‘ کے نام سے مولانا امین احسن اصلاحی کی سوانح پر کام کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے مولانا کے بیٹے ابو سعید اصلاحی اور مولانا کے پوتے ابو صہیب اصلاحی سے ملاقات کی۔ اس گفتگو میں دونوں اصحاب نے مولانا کی زندگی کے بہت سے گوشوں کو نعیم بلوچ صاحب سے شیئر کیا ۔ یہ انٹرویو غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے ۔
رمضان سے متعلق احادیث کا درس
رمضان المبارک کے مہینے میں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر رمضان سے متعلق احادیث کے دروس کی ریکارڈنگ کو نشر کیا گیا، جن میں غامدی صاحب نے ’’مشکوٰۃ المصابیح‘‘ کے ”کتاب الصوم“میں موجود احادیث کی روشنی میں روزوں کے فضائل اور احکام بیان کرنے کے ساتھ ساتھ لیلۃ القدر، روزوں کی قضا، مسافر کا روزہ اور روزے سے متعلق متفرق فقہی مسائل پر گفتگو کی ہے۔ احادیث کے دروس کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
غامدی سینٹر کے اسکالرز کے ساتھ سوال و جواب کے لائیو سیشن
مارچ 2025ء میں غامدی سینٹر نے اپنے اسکالرز کے ساتھ سوال و جواب کے مختلف لائیو پروگراموں کا انعقاد کیا، جن میں لوگوں نے مختلف دینی و اخلاقی اور رمضان سے متعلق فقہی نوعیت کے سوال پوچھے۔ سوال و جواب کے ان پروگراموں میں جن اسکالرز نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیے، اُن کے نام یہ ہیں: ڈاکٹر عمار خان ناصر، ڈاکٹر خالد ظہیر، محمد حسن الیاس، ڈاکٹر عامر گزدر اور ڈاکٹر عرفان شہزاد۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’سفر در سفر‘‘
’’سفر در سفر‘‘ غامدی سینٹر کا ایک مستقل سلسلہ ہے ۔ اس میں اہل علم و ہنر کی داستان حیات اور علمی سفر کو ناظرین کے سامنے لایا جاتا ہے ۔گذشتہ ماہ اس سلسلے کے تحت نعیم بلوچ صاحب نے ادارہ ’’انذار‘‘ کے سربراہ، معروف دانش ور اور مصنف ریحان احمد یوسفی کا انٹرویو کیا، جس میں ان کے فکری سفر اور زندگی کے اہم سنگ ہاے میل پربات کی گئی۔مزید برآں، ان کے موجودہ پراجیکٹ ’’انسان کی کہانی‘‘ پر گفتگو بھی ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے نعیم بلوچ صاحب کو بتایا کہ کیسے اپنے فکری سفر میں وہ فکر فراہی سے متاثر ہوئے اور انھیں کیسے دل و دماغ کے تمام وسوسوں سے نجات ملی ۔ اس انٹرویو کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر دستیاب ہے ۔
’’یادیں‘‘
غامدی سینٹر نے ’’یادیں‘‘ کے عنوان سے ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے، جس کا مقصد ’’المورد‘‘ کی تاریخ کے اہم واقعات کو ریکارڈ پر لانا اور چالیس برس پرانی یادوں کو ناظرین تک پہنچانا ہے۔ اس پروگرام کی میزبان غزل چودھری ہیں، جب کہ دانش گاہ معارف اسلامی ’’المورد‘‘ کے ابتدائی طالب علم ڈاکٹر خالد ظہیر اور نعیم بلوچ صاحب اس میں بہ طور مہمان شریک ہوتے ہیں۔ مارچ 2025ء میں اس سلسلے کے دو پروگرام غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر نشر کیے گئے۔
’’خواتین کے لیے آفات روزہ کیا ہیں؟‘‘
ماہ رمضان میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام چلنے والے خواتین کے یو ٹیوب چینل ’’ صالحات ‘‘ پر ’’خواتین کے لیے آفات روزہ کیا ہیں؟‘‘ کے عنوان سے تین نشستوں کا ایک پروگرام ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اس پروگرام کے میزبان نعیم بلوچ صاحب تھے، جب کہ نورین شیخ صاحبہ نے اس میں بہ طور مہمان شرکت کی۔نعیم بلوچ صاحب نے رمضان المبارک کے دوران میں خاص طور پر خواتین کو پیش آنے والے مسائل کی طرف اشارہ کیا اور نورین شیخ صاحبہ نے ان مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی اور خواتین کی توجہ اہم امور کی طرف مبذول کرائی ۔
”سفر در سفر–– معز امجد کے ساتھ“
گذشتہ ماہ غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ”سفر در سفر“ کے زیر عنوان جاری سیریز میں معز امجد صاحب نے بہ طور مہمان شرکت کی۔ انھوں نے مختلف اخلاقی اور علمی موضوعات پر پروگرام ریکارڈ کرائے۔ ان پروگراموں میں زیر بحث آنے والے چند اہم موضوعات یہ ہیں: ”پاکستان کے تعلیمی نظام کے مسائل“،”خانقاہ“، ”ایمان والی زندگی“ اور ”والدین اور بچے“۔ ان پروگراموں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
”کہانیاں نبیوں کی“
غامدی سینٹر کی رمضان المبارک کی خصوصی نشریات میں بچوں کے لیے انبیا علیہم السلام کی کہانیاں سنانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں حضرت ابراہیم اور حضرت موسیٰ علیہما السلام کی سرگذشت سنائی گئی ۔ یہ سیریز ’’ کہانیاں نبیوں کی‘‘ کے عنوان سے نشر کی جا رہی ہے۔ یہ کہانیاں نعیم بلوچ صاحب کی تحقیق و تحریر پر مبنی ہیں اور انھی کی زبانی سنائی جارہی ہیں ۔ دانیال نعیم اس کے میزبان ہیں ۔ وہ انبیا علیہم السلام کی کہانیوں میں عام طور پر جو خلاف قرآن باتیں سننے میں آتی ہیں، ان کے بارے میں نعیم بلوچ صاحب سے سوالات کرتے اور وہ ان کا جواب دیتے ہیں۔ ان کہانیوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
غامدی سینٹر میں افطار پارٹی کا اہتمام
رمضان المبارک کے مہینے میں مختلف احباب کی جانب سے غامدی سینٹر میں ہفتہ وار افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں درجنوں افراد کے ساتھ ساتھ غامدی صاحب اور حسن الیاس صاحب بھی اپنی فیملی کے ہم راہ شریک ہوئے۔ افطار کے بعد کھانے کے دوران میں شرکا نے غامدی صاحب اور حسن صاحب کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت بھی کی۔
’’امر بالمعروف اور نہی عن المنکر‘‘
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ’’اسلام اور ریاست‘‘ کا موضوع زیر بحث ہے۔ مارچ 2025ء میں اس موضوع پر منعقد ہونے والی نشستوں میں قرآن مجید کی ان آیات پر گفتگو کی گئی جن میں امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے الفاظ آئے ہیں۔ غامدی صاحب نے ان آیات کی وضاحت کرتےہوئے معروف و منکر کی تعریف بیان کی۔ مزید برآں، انھوں نے بتایا کہ شریعت کے اوامر و نواہی الگ ہیں، اور اخلاق کے اوامر و نواہی الگ اور امر بالمعروف اور نہی عن المنکر ایمان کے تقاضوں میں سے ہیں۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’ احکام شریعت کی غرض و غایت ‘‘
مدیر ’’اشراق‘‘ امریکہ منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں شریعت کے احکام کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے دنیا میں انسان کے بھیجے جانے کا مقصد اور اس مقصد کو پانے کے کے لیے اللہ کا مقرر کردہ طریقہ بیان کیا ہے۔ لکھتے ہیں کہ انسان کا نصب العین جنت ہے اور اس نصب العین کو پانے کے لیے اللہ کا مقرر کردہ طریقہ تزکیۂ نفس ہے ۔ لہٰذا دین میں غایت اور مقصود کی حیثیت تزکیہ ہی کو حاصل ہے۔ اِس مقصد کے لیے دین نے جو احکام دیے ہیں، انھیں ’شریعت‘ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ اِس کے اجزا عبادات، تطہیرِ بدن، تطہیرِاخلاق اور تطہیر ِخورو نوش ہیں۔ اس مضمون کو ماہنامہ ”اشراق امریکہ“ کے مارچ 2025ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘
غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب نے معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ کے ساتھ ’’Ask Hassan Ilyas‘‘کے نام سے ایک پروگرام کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ سوال و جواب پر مبنی پروگرام ہے، جس میں حسن الیاس صاحب حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے علمی و فکری اور دینی سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس پروگرام میں رمضان کی آمد، معجزہ اور جادو، فطرت، ارتقا، علمی اختلاف کا طریقہ، تقلید اور اتمام حجت سے متعلق سوالات کو زیر بحث لایا گیا۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری ’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز میں مارچ 2025ء میں رمضان سے متعلق آیات و احادیث کا مطالعہ کیا گیا۔ گذشتہ ماہ منعقد ہونے والی ان نشستوں میں ’’رمضان میں قرآن کا نزول‘‘، ’’پہلی وحی کا واقعہ‘‘، ’’قیام اللیل اور نماز تراویح‘‘ اور ’’شب قدر اور اعتکاف‘‘ جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
’’قرآن رمضان کے لیے‘‘
مارچ 2025ء میں رمضان المبارک کی مناسبت سے شہزاد سلیم صاحب کا پروگرام’’قرآن رمضان کے لیے‘‘ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر روزانہ نشر کیا جاتا رہا ہے۔ اس پروگرام میں شہزاد سلیم صاحب نے قرآن مجید کے منتخب مقامات پر گفتگو کی ہے۔ یہ پروگرام انگریزی زبان میں ہے اور اس کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری آن لائن خانقاہ کا سلسلہ جاری ہے۔ معز امجد صاحب ہر ہفتے اصلاحِ نفس کے پہلو سے اس کی ایک نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں لوگوں کے نفس کی اصلاح اور تربیت کے حوالے سے مختلف موضوعات کو زیر بحث لایا جاتا ہے اور اس سے متعلق لوگوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کی منعقد ہونے والی نشستوں میں’’ضمیر‘‘، ’’قوتِ ارادہ‘‘، ’’آمدِ رمضان‘‘، ’’اپنی ذات پر قابو پانا‘‘ اور ’’انسان کی حسِ جمالیات‘‘ جیسے اہم نکات پر گفتگو کی گئی۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
”حیات امین“
نعیم احمد بلوچ صاحب نے ”حیات امین“ کی گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں قیام پاکستان کے بعد جماعت اسلامی کے حکومت پاکستان کے ساتھ اختلافات اور ان کی وجوہات بیان کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ایسے واقعے کا ذکر بھی کیا ہے جس میں مہاتما گاندھی نے جماعت اسلامی کے پٹنہ کے اجتماع عام میں شرکت کی تھی اور مولانا اصلاحی نے اپنی وہ شہرۂ آفاق تقریر کی تھی جس کی کانگرسی اخبارات نے غلط رپورٹنگ کی اور مسلم لیگ اور جماعت میں بہت زیادہ غلط فہمیاں پیدا ہوئیں ۔ اس مضمون کو ’’اشراق امریکہ‘‘ کے مارچ 2025ء کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“
مارچ 2025ء میں ’’دنیا نیوز‘‘ پر نشر ہونے والے غامدی صاحب کے ہفتہ وار پروگرام میں ’’عبادات کا مقصد‘‘، ’’نماز کے لازمی اور اختیاری اعمال‘‘ اور ’’اسلام اور عبادت‘‘ جیسے اہم موضوعات پر بات کی گئی۔ ان پروگراموں میں زیر بحث آنے والے سوالوں میں سے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’ گناہ اور عذاب کے ڈر سے عبادت کرنا کیسا ہے؟‘‘، ’’ عبادات میں دل نہ لگنے کی کیا وجہ ہے؟ ‘‘، ’’ کن حالات میں دو نمازوں کو جمع کیا جا سکتا ہے؟‘‘ اور ’’ نماز کے آخر میں دونوں طرف منہ کر کے سلام پھیرنا نماز کا لازمی حصہ ہے؟‘‘۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 2 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔
23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کا انگریزی زبان میں خلاصہ
شہزاد سلیم صاحب 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’دین اور فطرت‘‘ اور ’’اجماع‘‘ کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے دو لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان پروگرامز کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔