مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]اپریل 2026ء[ غامدی سینٹر کی رمضان ٹرانسمیشن

شاہد محمود اردو

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے مہینے میں خصوصی نشریات کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف دینی، اخلاقی اور تربیتی موضوعات پر پروگرام نشر کیے گئے۔ جناب جاوید احمد غامدی اور اُن کے مختلف شاگردوں نے یہ پروگرام پیش کیے۔ اِن پروگراموں میں بیش تر موضوعات ماہِ رمضان اور اُس میں روزے کی عبادت کے حوالے سے تھے۔ نشر ہونے والے تمام پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’البیان‘‘

رمضان المبارک میں غامدی سینٹر کی رمضان ٹرانسمیشن میں ”البیان“ کے نام سے ایک پروگرام نشر کیا گیا، جس میں قرآن مجید کی تلاوت اور غامدی صاحب کا ترجمۂ قرآن پیش کیا گیا۔ غامدی صاحب کا ترجمۂ قرآن شاہ نواز صاحب، جب کہ قرآن مجید کی تلاوت مشاری راشد العفاسی کی آواز میں ہے۔ روزانہ اس کی ایک قسط غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر نشر کی جاتی رہی۔ ان تمام اقساط کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

’’روزوں کے فضائل اور احکام‘‘

ماہِ رمضان میں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ’’روزوں کے فضائل اور احکام‘‘ کے عنوان سے احادیث کے دروس پر مبنی ایک سلسلہ نشر کیا گیا۔ ان نشستوں میں جاوید احمد غامدی صاحب نے روزے کے فضائل اور احکام بیان کرنے کے ساتھ ساتھ روزوں کی قضا، مسافر کے روزے اور اس سے متعلق متفرق فقہی مسائل پر گفتگو کی۔ ان دروس کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

مودودی صاحب کے ترجمۂ قرآن کا آڈیو ورژن

رمضان المبارک میں سید ابو الاعلیٰ صاحب مودودی کے معروف ترجمۂ قرآن کے آڈیو ورژن کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کیا گیا۔ اس ترجمے کو ارشد محمود صاحب نے اپنی آواز میں ریکارڈ کرایا ہے۔ ماہِ رمضان کے دوران میں روزانہ ایک پارے کے ترجمے کی آڈیو پیش کی جاتی رہی۔اس ترجمۂ قرآن کی نشر ہونے والی تمام اقساط کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

غامدی سینٹر کے اسکالرز کے ساتھ سوال و جواب کی براہ راست نشستیں

ماہِ رمضان میں غامدی سینٹر نے اپنے اسکالرز کے ساتھ سوال و جواب کے مختلف لائیو پروگراموں کا اہتمام کیا۔ ان نشستوں میں شرکا نے دینی، اخلاقی اور رمضان سے متعلق فقہی نوعیت کے سوالات کیے۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے دو سیشنز آن لائن ایپ زوم (Zoom) پر منعقد ہوئے، جن میں ڈاکٹر عمار خان ناصر اور ڈاکٹر عامر گزدر نے لوگوں کے سوالات کے جواب دیے۔ ان سیشنز کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’رمضان اور قرآن: منتخب سورتیں‘‘

ماہِ رمضان میں غامدی سینٹر کے اسکالر ڈاکٹر خالد ظہیر ’’رمضان اور قرآن: منتخب سورتیں‘‘ کے عنوان سے روزانہ کی بنیاد پر مختصر دورانیے کا ایک پروگرام پیش کرتے رہے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد قرآنِ مجید کی منتخب آیات کی روشنی میں رمضان کے فیوض و برکات اور ان کے پیغام کو عام فہم انداز میں لوگوں تک پہنچانا تھا۔ اس پروگرام کی تمام اقساط غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔

’’افکارِ غامدی‘‘

منظور الحسن صاحب کا ہفتہ وار یوٹیوب پروگرام ’’افکارِ غامدی‘‘ غامدی صاحب کے نظریات کو عام فہم انداز میں لوگوں تک پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس پروگرام میں غامدی صاحب کے افکار کی سادہ زبان میں وضاحت کی جاتی ہے۔ مارچ 2026ء کی نشستوں میں جن اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، ان میں’’روزے کے اثرات کیا ہیں؟‘‘، ’’اعتکاف کی عبادت کیاہے؟‘‘ اور ’’تقوے کے نمایاں مظاہر‘‘ قابل ذکر ہیں۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

’’رمضان: بہتر انسان بننے کا مہینا‘‘

غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ کے زیرِ اہتمام رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کے دوران میں محمد حسن الیاس صاحب نے ’’رمضان: بہتر انسان بننے کا مہینا‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام پیش کیا۔ یہ پروگرام ماہِ رمضان میں ہر پیر اور جمعہ کو ادارے کے یوٹیوب چینل پر نشر کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد ناظرین کو دین کے حقیقی تقاضوں سے روشناس کراتے ہوئے اخلاقی و روحانی تربیت کا موقع فراہم کرنا تھا۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔

’’ڈائیلاگ سیریز‘‘

غامدی سینٹر کے زیرِ اہتمام رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کے دوران میں ’’ڈائیلاگ سیریز‘‘ کے عنوان سے ایک علمی مکالمے کا اہتمام کیا گیا۔ ان نشستوں میں اسکالرز ڈاکٹر عامر گزدر اور شمس الدین شگری صاحب نے رمضان سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس سلسلے میں رمضان کی اہم عبادات کے حوالے سے ’’اعتکاف کی حقیقت و مقصد‘‘، ’’صدقۂ فطر کے احکام‘‘، ’’سحر و افطار سے متعلق فقہی و قانونی سوالات‘‘اور ’’نماز عید کی شریعت‘‘ جیسے عنوانات زیرِ بحث لائے گئے۔ ان نشستوں کا مقصد ناظرین کو رمضان کے معمولات کی اصل روح اور ان کے شرعی احکام سے واقف کرانا تھا۔ اس مکالمے کی تمام نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

” ابو القاسم محمد احمد ؛ نبی آخر الزمان کی زندگی کی کہانی‘‘

غامدی سینٹر کی رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کے سلسلے میں سیرتِ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو بچوں اور نوجوانوں تک پہنچانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے کا عنوان ’’ابو القاسم محمد احمد صلی اللہ علیہ وسلم؛ نبی آخر الزمان کی زندگی کی کہانی‘‘ رکھا گیا، جسے نعیم احمد بلوچ صاحب نے بیان کیا۔ اس پروگرام کی میزبانی دانیال بلوچ نے کی اور پورے ماہِ رمضان میں روزانہ کی بنیاد پر اس کی ایک قسط ادارے کے یوٹیوب چینل سے نشر کی جاتی رہی۔ اس سلسلے کی تمام اقساط غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔

’’قرآن رمضان کے لیے‘‘

ماہِ رمضان کی مناسبت سے ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب کا خصوصی پروگرام ’’قرآن رمضان کے لیے‘‘ (Quran for Ramadan) غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر روزانہ کی بنیاد پر نشر کیا جاتا رہا ہے۔ اس پروگرام میں شہزاد سلیم صاحب نے قرآن مجید کے منتخب مقامات پر علمی گفتگو کی۔ یہ سلسلہ انگریزی زبان میں پیش کیا گیا، جس کا مقصد انگریزی دان طبقے تک قرآن کے پیغام کو پہنچانا تھا۔ اس پروگرام کی تمام اقساط کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’عربوں کی ترقی کا راز اور قربِ قیامت کی نشانیاں‘‘

مارچ 2026ء میں محمد حسن الیاس صاحب نے قطر کے دورے کے دوران میں رضوان علی صاحب کے ساتھ ایک خصوصی علمی نشست ریکارڈ کرائی، جس میں ’’عربوں کی ترقی کا راز‘‘ اور ’’قربِ قیامت کی نشانیوں‘‘ جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ اس مکالمے میں خاص طور پر احادیث کی روشنی میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر سے متعلق پیشین گوئیوں کی وضاحت کی گئی اور یہ نکتہ پیش کیا گیا کہ ایسی خبریں کسی عمل کی مذمت کے لیے نہیں، بلکہ محض زمانی حالات کی نشان دہی کے لیے ہوتی ہیں۔ اس موقع پر عرب دنیا کی حالیہ تبدیلیوں اور ٹیکنالوجی کے ثمرات پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس نشست کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’قرآن اور زندگی کا معما‘‘

غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ’’قرآن اور زندگی کا معما‘‘ کے عنوان سے ایک نئی سیریز کا آغاز کیا گیا ہے، جس میں ڈاکٹر خالد ظہیر اور محمد بشار الیاس نے زندگی کے بنیادی اور گہرے سوالات پر علمی گفتگو کی ہے۔ مارچ 2026ء میں منعقد ہونے والی نشست میں انسانی پیدایش کا مقصد، دنیا میں موجود تفاوت، موت اور بعد از موت کے حالات جیسے موضوعات کو قرآن مجید کی روشنی میں سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس مکالمے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کے ذہنوں میں ابھرنے والے فکری سوالات کے اطمینان بخش جوابات فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث

مارچ 2026 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری غامدی صاحب کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ نور کی آیات 36 تا 64 اور سورۂ فرقان کی آیات 1 تا 18کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’مسجد حرام اور مسجد نبوی میں نماز پڑھنے کی فضیلت‘‘، ’’ مسجد بنانے اور اس میں نماز پڑھنے کی فضیلت‘‘، ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بیت اللہ کو قبلہ بنانے کا اعلان ‘‘ اور ’’نماز پڑھنے کے آداب‘‘۔ قرآن و حدیث کے دروس کی ان نشستوں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

’’المورد‘‘ آسٹریلیا کے ساتھ سوال و جواب کی نشست

مارچ 2026ء میں غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن محمد حسن الیاس صاحب نے ’’المورد‘‘ آسٹریلیا کے زیرِ اہتمام ایک آن لائن نشست میں شرکت کی۔ اس پروگرام میں ’’المورد‘‘ آسٹریلیا کے شرکا کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن منعقد کیا گیا، جس میں مختلف علمی و فکری موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور شرکا کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے تفصیلی جواب دیے گئے۔ اس نشست کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’استفسار:ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘

غامدی سینٹر کے پلیٹ فارم سے جاری سوال و جواب کے مقبول سلسلے ’’استفسار: ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘کی مارچ 2026ء کی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’کیا غامدی صاحب کی فکر آسانی پسند ہے؟‘‘، ’’ اللہ تعالیٰ نے کائنات کا نظام چلانے کے لیے فرشتے کیوں بنائے؟‘‘، ’’ کیا ریاست کے خلاف بغاوت جائز ہو سکتی ہے؟‘‘، ’’کیا موجودہ دور میں غیر مسلم کو کافر کہا جا سکتا ہے؟‘‘ اور ’’کیا فقہ میں ایک امام کی تقلید ضروری ہے؟‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

Ask Ghamidi

غامدی صاحب سے براہِ راست دینی و اخلاقی موضوعات پر رہنمائی حاصل کرنے کے لیے غامدی سینٹر کے زیرِ اہتمام ہر ماہ ایک آن لائن نشست منعقد کی جاتی ہے۔ اس نشست کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالوں کے جواب براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ مارچ 2026ء کی نشست میں پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’سنت کیا ہے؟‘‘، ’’کیا غیر مسلم سے شادی نکاح ہے یا زنا؟‘‘، ’’قرآن مبین ہے تو تشریح کیوں ؟‘‘ اور ’’اللہ تعالیٰ کو کس طرح کا ایمان چاہیے؟‘‘ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’ محرماتِ اخلاق ‘‘

سید منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں سورہٴ نحل اور سورہٴ اعراف کی روشنی میں ان بنیادی اخلاقی حرمتوں کی وضاحت کی ہے، جنھیں قرآن نے اصولی طور پر حرام ٹھہرایا ہے، یعنی فواحش، حق تلفی اور ناحق زیادتی۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ شرک اور بدعت دراصل حق تلفی اور سرکشی ہی کی سنگین ترین صورتیں ہیں اور کائنات کی تمام اخلاقی برائیاں انھی تین بنیادی انواع کے تحت آتی ہیں۔ اس مضمون کو ’’اشراق‘‘ امریکہ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

’’سؤر کی حرمت‘‘

محمد حسن الیاس صاحب نے اپنے اس مضمون میں خور و نوش کے باب میں طیب اور خبیث کے فرق کو واضح کرتے ہوئے سؤر کی حرمت کے علمی و فطری اسباب پر بحث کی ہے۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ سؤر اپنی ہیئت میں مویشیوں (herbivores) سے مشابہت کے باوجود اپنی غذائی عادات اور کچلیوں کے باعث درندہ صفت جانوروں کے قریب ہے، جس کی وجہ سے یہ ’مشتبہات‘ کے دائرے میں آتا ہے۔ مضمون میں یہ نکتہ نمایاں کیا گیا ہے کہ قرآن نے سؤر کو صراحت کے ساتھ حرام قرار دے کر انسانی عقل کے لیے اس اشتباہ کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے مارچ 2026ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز

غامدی سینٹر کے علمی پروگرام ’’تفہیم الآثار‘‘ میں صحابہ و تابعین سے منسوب آثار کی شرح اور ان پر مبنی سوال و جواب کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پروگرام کی میزبانی ڈاکٹر سید مطیع الرحمٰن کر رہے ہیں، جب کہ ڈاکٹر عمار خان ناصر بہ طور مہمان شریک ہیں۔ مارچ 2026ء کی نشستوں میں جن اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، ان میں سے چند یہ ہیں: ’’حضرت عمر کا فہم قرآن‘‘، ’’حضرت ابو بکر کا فہم قرآن‘‘ اور ’’محل اشکالات آیات کی وضاحت‘‘۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘

مارچ 2026ء میں معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ پر محمد حسن الیاس صاحب کے جاری پروگرام ’’Ask Hassan Ilyas‘‘میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوال یہ ہیں: ’’کیا اسلام نے چار شادیوں کا حکم دیا ہے؟‘‘، ’’نبوت کے خاتمے کی کیا وجہ ہے؟‘‘، ’’سورۂ انفال کی آیت 72 کے تحت کیا اب مسلمانوں پر جہاد فرض ہو چکا ہے؟‘‘ اور ’’کیا غیر مسلم ممالک میں قانون توڑنا جائز ہے؟‘‘۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’صلاۃ التسبیح‘‘

ڈاکٹر محمد عامر گزدر نے اپنے اس تحقیقی مقالے میں صلاۃ التسبیح سے متعلق سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کی روایت کا فنی و استنادی جائزہ لیا ہے۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ مختلف کتبِ حدیث میں اس روایت کے ساتوں طرق اپنی اسانید میں موسیٰ بن عبدالعزیز، حکم بن ابان اور حماد بن عمرو جیسے مجروح، ضعیف اور بعض جگہ کذاب راویوں کی موجودگی کے باعث فنِ حدیث کی رو سے ’منکر‘ یا ’موضوع‘ ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ اس روایت کے متون میں پائے جانے والے شدید اضطرابات اسے مزید ناقابلِ اعتبار بناتے ہیں، لہٰذا ان روایات سے صلاۃ التسبیح کا اثبات ممکن نہیں۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے مارچ 2026ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

’’قرآن کے اسباق ‘‘

غامدی سینٹر کے زیرِ اہتمام مارچ 2026ء میں ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب کا ایک خصوصی پروگرام ’’قرآن کے اسباق‘‘(Lessons from the Qur’an)ریکارڈ کرایا گیا۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر صاحب نے قرآن مجید کے منتخب مقامات اور ان کے پیغام کو عصرِ حاضر کے تناظر میں پیش کیا۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجودہے۔

غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ

معز امجد صاحب غامدی سینٹر کے پلیٹ فارم سے ہر ہفتے ’’آن لائن خانقاہ‘‘کے نام سے ایک تربیتی نشست منعقد کرتے ہیں، جس کا مقصد انسانی نفس کی اصلاح اور اخلاقی تربیت ہے۔ اس پروگرام میں اصلاحِ نفس کے ساتھ ساتھ شرکا کے سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ ماہ کی نشستوں میں جن اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی، ان میں سے چند یہ ہیں: ’’کیا نماز و روزہ بندگی کا علامتی اظہار ہیں؟‘‘، ’’قرآن مجید کو یاد کرنے کی آسان ترکیب‘‘، ’’کسی سے گفتگو کرنے میں مشکل پیش آنا‘‘ اور ’’معاشی ناکامی کے خوف سے کیسے نمٹا جائے؟‘‘۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘

شہزاد سلیم صاحب ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے عنوا ن سے ہر ماہ ایک سیشن کا انعقاد کرتے ہیں۔ اس میں وہ مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں گفتگو کرتے ہیں۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہے: پہلے حصے میں قرآن مجید کی آیات سے ایک موضوع منتخب کر کے اس کی وضاحت کی جاتی ہے۔ دوسرے حصے میں منتخب احادیث نبوی پر گفتگو ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں بائیبل کے کسی اقتباس کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پروگرام کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

مہمانوں کے لیے ’’جی سی آئی ایل گیسٹ ہاؤس‘‘ کا افتتاح

غامدی سینٹر نے دور دراز سے آنے والے اہل علم، مقررین اور مہمانوں کی سہولت کے لیے مہمان خانے کا افتتاح کر دیا ہے۔ غامدی سینٹر سے محض دو منٹ کی مسافت پر واقع یہ رہایش گاہ علمی دوروں اور تربیتی پروگراموں میں شرکت کو آسان بنائے گی۔ خواہش مند حضرات اس کی تفصیلات کے لیے ادارے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

’’قراءت کا اختلاف‘‘

شہزاد سلیم صاحب 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’قراءت کا اختلاف‘‘ کا خلاصہ بیان کیا۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ دنیا نیوز چینل پاکستان کا ایک معروف پروگرام ہے، جو کئی برس سے نشر ہو رہا ہے۔ یہ ڈیلس میں ریکارڈ ہوتا ہے اور ہفتہ وار نشر ہوتا ہے۔ میزبانی کے فرائض غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب انجام دیتے ہیں۔مارچ 2026ء میں نشر ہونے والے پروگراموں میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’بنی اسمٰعیل کون ہیں اور ان کی ذمہ داریاں کیا ہیں؟‘‘، ’’فہم ِ دین اور عملی زندگی کے لیے صحابۂ کرام کی پیروی اور ان کے اسوہ کی کیا اہمیت ہے؟‘‘، ’’منکرین ِ رسالت پر عذاب صرف پیغمبر کے انکار کی وجہ سے آتا ہے یا ان کی سرکشی کی وجہ سے؟‘‘ اور ’’شیاطین انسانوں پر کیسے اثر انداز ہوتے ہیں؟‘‘ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن

سماجی و خاندانی مسائل کے حل کے لیے شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن مشاورتی سیشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ ماہ منعقد ہونے والے 30 سے زائد سیشنز میں والدین کی مشکلات اور نوجوان نسل کی نفسیاتی و تربیتی الجھنوں کے حل سے متعلق گفتگو کی گئی۔ یہ نشستیں ان افراد کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہو رہی ہیں، جو اپنے نجی معاملات میں شرعی اور اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے مخلصانہ مشورہ چاہتے ہیں۔

غامدی سینٹرمیں ہفتہ وار افطار اجتماعات

رمضان المبارک کے دوران میں غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المور امریکہ میں ہفتہ وار افطار نشستوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں جناب جاوید احمد غامدی، محمد حسن الیاس صاحب اور جناب فرحان سید نے اپنے اہل خانہ اور کمیونٹی ارکان کے ہم راہ شرکت کی۔ ان محافل کی میزبانی غامدی سینٹر کے معاونین نے کی، جس کا مقصد ادارے کے وابستگان کے درمیان باہمی اخوت، علمی رفاقت اور اپنائیت کے رشتے کو مزید مستحکم کرنا تھا۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ شرعی مسائل کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کی رہنمائی کا اہم مرکز بن چکا ہے۔ گذشتہ ماہ نکاح و طلاق، وراثت اور مختلف معاشی و معاشرتی معاملات سے متعلق متعدد فتاویٰ جاری کیے گئے۔ جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں یہ فتاویٰ محمد حسن الیاس صاحب نے مرتب کیے۔ واضح رہے کہ فتویٰ ایک دینی راے کا نام ہے، یہ کوئی قانونی حکم نامہ یا عدالتی فیصلہ نہیں ہوتا۔

’’رمضان کے ثمرات‘‘

مارچ 2026ء میں ڈاکٹر شہزاد سلیم نے ’’رمضان کے ثمرات‘‘(Takeaways from Ramadan) کے عنوان سے ایک پروگرام ریکارڈ کرایا۔ اس پروگرام میں ماہِ صیام کے اختتام پر اس کے روحانی، اخلاقی اور تربیتی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ رمضان کے دوران میں حاصل ہونے والی تبدیلیوں کو سال کے باقی مہینوں میں کیسے برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ یہ پروگرام انگریزی زبان میں ہے اور اس کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔