مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]اکتوبر 2024ء[ 23 اعتراضات ویڈیو سیریز کا اردو زبان میں خلاصہ

شاہد محمود اردو

23 اعتراضات کی اس ویڈیو سیریز میں غامدی صاحب کے افکار پر روایتی مذہبی فکر کی طرف سے کیے گئے اعتراضات اور تنقیدات کو زیرِ بحث لایا جاتا ہے۔ ’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ‘‘ کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب اس سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا عام فہم انداز میں خلاصہ پیش کر رہے ہیں، جس کو جدید ایڈیٹنگ کے ساتھ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمد اکرم ندوی کی غامدی سینٹر آمد

علوم اسلامیہ کے محقق اور حدیث کے معلم ڈاکٹر محمد اکرم ندوی گذشتہ ماہ برطانیہ سے غامدی سینٹر آئے۔ ڈاکٹر صاحب کیمبرج اسلامک کالج کے ڈین، ’’السلام انسٹی ٹیوٹ‘‘ کے پرنسپل اور بے شمار کتابوں کے مصنف ہیں۔ غامدی سینٹر کے قیام کے دوران میں حسن الیاس صاحب نے ان کا انٹرویو کیا، جس میں ان کے دینی و علمی پس منظر، ہندوستان سے برطانیہ تک کے سفر اور اسلامی فکر سے متعلق اہم سوالات پر گفتگو کی گئی۔ اس انٹرویو کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

غامدی سینٹر کا بُک اسٹال

گذشتہ ماہ ISNA کے امریکہ میں ہونے والے سالانہ اجتماع میں غامدی سینٹر نے شرکت کی اور کتابوں کا ایک اسٹال لگایا۔ بعض کتابوں کے مصنفین بھی وہاں موجود تھے، جنھوں خریداروں کو اپنی کتابوں پر دستخط کر کے دیے۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس بُک اسٹال کا وزٹ کیا اور کتا بیں خریدیں۔

”Conversing Islam“

اس پروگرام میں دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات سے متعلق سوالات کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ اس کے میزبان حمزہ علی عباسی صاحب ہیں، جب کہ حسن الیاس صاحب اس میں بہ طور مہمان شریک ہوتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس پروگرام میں ”تکفیر اسلام“، ”توحید، شرک اور صوفیانہ منازل“، ”حقوق کی بحث اور صحیح رویہ“ اور ”اختلاف سے احترام تک“ جیسے اہم موضوعات زیر بحث رہے۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

’’جماعت اسلامی: ماضی، حال اور مستقبل‘‘

یہ موضوع گذشتہ ماہ غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہونے والی ہفتہ وار سوال و جواب کی لائیو نشستوں میں زیر بحث رہا ہے۔ اس موضوع کے تحت جماعت اسلامی کے ماضی، حال اور مستقبل اور مولانا مودودی کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس حوالے سے جو اہم نکات زیر بحث رہے، وہ یہ ہیں: ’’جماعت اسلامی کی تاریخ اور چیلنجز‘‘، ’’قرار داد مقاصد، جماعت کی اہم کامیابی‘‘ اور ’’مودودی صاحب کی سزاے موت کا فیصلہ‘‘۔سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’پاکستان میں مساجد کا انتظام: غامدی صاحب کا موقف‘‘

منظور الحسن صاحب کا یہ مضمون پاکستان میں مساجد کے انتظام کے حوالے سے غامدی صاحب کے موقف کی وضاحت ہے۔ اس حوالے سے انھوں نے شریعت کی رو سے تین ضروری باتوں کا ذکر کیا: اول، جمعہ اور عیدین کی نمازوں کا اہتمام حکومت کی ذمہ داری ہے۔ دوم، یہ نمازیں حکومت کے زیر اہتمام جامع مساجد میں یا دیگر مقررہ مقامات ہی پر ادا ہونی چاہییں۔ سوم ، ان نمازوں میں خطبے کا فریضہ حکمران یا اُن کا نمایندہ انجام دے۔ یہ مضمون ”اشراق امریکہ“ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

’’تفہیم الآثار‘‘ پروجیکٹ

غامدی سنٹر کے زیر اہتمام ’’تفہیم الآثار‘‘ کے عنوان سے نشر ہونے والے پروگرام میں صحابہ و تابعین کے آثار کی شرح و وضاحت اور منتخب آثار پر مبنی سوال وجواب کی نشستیں ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔ اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر سید مطیع الرحمٰن سرانجام دے رہے ہیں، جب کہ ڈاکٹر عمار خان ناصر اس میں بہ طورِ مہمان شریک ہیں۔گذشتہ ماہ کے پروگرواموں میں حضرت علی، حضرت عبداللہ بن عباس، امام جعفر صادق اور امام باقر رضی اللہ عنہم کے آثار کی روشنی میں خلفاے راشدین اور صحابۂ کرام کے مقام و مرتبے کو بیان کیا گیا۔ مزید برآں، قرآن مجید میں صحابۂ کرام کے لیے بشارتوں، ان کی بدعت سے دوری اور ان کے علم و عمل کو نظر انداز کرنے کے نتائج پر بھی گفتگو کی گئی۔ ان پروگراموں کو ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام آن لائن خانقاہ کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ بنیادی طور پر اصلاحِ نفس سے متعلق پروگرام ہے، جس میں معز امجد صاحب لوگوں کے نفس کی اصلاح اور تربیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہیں اور اس سے متعلق لوگوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالوں کا جواب بھی دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کی چار نشستیں منعقد ہوئیں، جن کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

غامدی سینٹر کے آن لائن تعلیمی کورسز

ستمبر 2024 ء میں غامدی سینٹر نے اپنے آن لائن لرننگ پلیٹ فارمز Udemy اور Teachable کے لیے انگریزی زبان میں دو کورس تیار کیے ہیں۔ ان میں سے ’’Principles of Understanding the Quran The ‘‘ کورس کے لیکچرز شہزاد سلیم صاحب نے ریکارڈ کرائے ہیں، جب کہ ’’ Belief in Hereafter ‘‘ کورس کی آڈیو AI کے ذریعے سے تیار کی گئی۔ ان دونوں کورسز کی ویڈیو ایڈیٹنگ اور جدید اینیمیشن کا کام جاری ہے، جس کے بعد یہ دونوں کورسز غامدی سینٹر کی Teachable ویب سائٹ اور Udemy، دونوں پر دستیاب ہوں گے۔

’’حجاب‘‘ کے موضوع پر شہزاد سلیم صاحب کے لیکچرز

گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’حجاب‘‘پر انگریزی زبان میں تین لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان میں سے ایک لیکچر غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر نشر کر دیا گیا ہے، جب کہ باقی دو لیکچرز ایڈیٹنگ کے بعد جلد ہی نشر کر دیے جائیں گے۔

اجماع–– غامدی صاحب کا نقطۂ نظر

23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ’’اجماع‘‘ کا موضوع زیر بحث ہے۔ گذشتہ اقساط میں غامدی صاحب نے اجماع سے متعلق اپنا موقف بیان کرتے ہوئے بیان کیا کہ اجماع صرف اجتماعی معاملات میں ہی نہیں، بلکہ انفرادی معاملات میں بھی ہو گا۔اجماع کے حوالے سے غامدی صاحب اور باقی علما میں اختلاف کو بیان کرتے ہوئے اس سوال کو بھی زیر بحث لایا گیا کہ خلفاے راشدین کے دور حکومت میں اجتماعی معاملات کا جائزہ کیسے لیا جاتا تھا؟اس کے علاوہ علماے کرام اجماع کے حق میں قرآن مجید کی جن آیات کو بہ طور دلیل پیش کرتے ہیں، ان پر بھی گفتگو کی گئی۔ ان پروگرواموں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

شہزاد سلیم صاحب غامدی صاحب کی تفسیرِ قرآن ’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ ستمبر 2024 ء میں انھوں نے ان نشستوں میں سورۂ آل عمران کی آیات 131 تا 185 پر بات کی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

”اسلام اسٹڈی سرکل“

ستمبر 2024ء میں شہزاد سلیم صاحب نے ”اسلام اسٹڈی سرکل“ پروگرام میں قرآن مجید، حدیث اور بائیبل کے جن موضوعات پر بات کی، ان کے عنوانات بالترتیب یہ ہیں: ’’الہامی کتابوں پرایمان‘‘، ’’دھوکا دہی سے بچنا‘‘ اور ’’انصاف پر مبنی سلوک ‘‘۔ مزید برآں، سیشن کے آخر میں پوچھے جانے والے سوالوں کے جواب بھی دیے گئے۔ اس کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث

ستمبر 2024 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ کہف کی تکمیل کے بعد سورۂ مریم کی آیات 1 تا 14 کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں عذاب قبر سے متعلق ایک سوال کا جواب دینے کے بعد حدیث جبریل کو زیر بحث لاتے ہوئے ’’ایمان کیا ہے؟‘‘ ، ’’اسلام کیا ہے؟‘‘ اور ’’تقدیر کی تعریف‘‘ پر گفتگو کی گئی۔ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے غامدی صاحب کی کتاب ’’میزان‘‘ میں سے ’’ جنگی قیدی اور مال غنیمت‘‘ کے موضوع پر انگریزی زبان میں لیکچرز ریکارڈ کرایا۔ اس لیکچر کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“

ستمبر 2024 ء میں دنیا نیوز چینل کے معروف پروگرام”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ میں ماہ ستمبر میں ’’مسیحیوں کے مسلمانوں سے سوالات‘‘، ’’فلم، ڈرامہ اور اداکاری‘‘اور ناظرین کی طرف سے موصول ہونے والے سوالات پر مبنی پروگرام نشر ہوئے۔ ان پروگراموں میں ’’کیا فلم یا ڈرامے میں اداکاری کے طور پر مشرکانہ فعل کرنا جائز ہے؟‘‘، ’’قوموں کے عروج و زوال کا اخلاق سے کیا تعلق ہے؟‘‘ اور ’’سیدنا مسیح علیہ السلام کی غیر معمولی پیدایش میں کیا حکمت تھی؟‘‘ جیسے اہم سوالات کو زیر بحث لایا گیا۔ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ لوگوں سے آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان سیشنز میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں شہزاد سلیم صاحب سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے 30 سے زائد سیشنز ہوئے۔ان سیشنز میں لوگوں نے شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری اور ازدواجی مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 2 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کی رہنمائی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔

Ask Dr. Shehzad Saleem

یہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست ہے، جس میں شہزاد سلیم صاحب لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔