مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]جنوری 2026ء[ ’’المورد‘‘ امریکہ کی جنرل باڈی کا سالانہ اجلاس

شاہد محمود اردو

گذشتہ ماہ ڈیلس میں ’’المورد‘‘ امریکہ کی جنرل باڈی کا نواں سالانہ اجلاس منعقد ہوا۔یہ اجلاس دو روز تک جاری رہا۔ اجلاس میں جنرل باڈی کے اراکین کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ امریکہ بھر سے لوگوں نے شرکت کی۔ ’’المورد‘‘ امریکہ کے سیکرٹری محمد ادریس محسن صاحب نے چیئر آف دی بورڈ جناب مکرم عزیز کو مرکزی اجلاس کے آغاز کے افتتاحی خطاب کی دعوت دی۔ اُنھوں نے بورڈ کی طرف سے شرکا کو خوش آمدید کہا اور اپنی اور بورڈ کی جانب سے ادارے کی تعمیر و ترقی کے لیے بھر پور کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مکرم عزیز صاحب اور جناب جاوید روشن نے سال 2025 ء کے مالی امور کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی۔ ’’المورد‘‘ امریکہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب فرحان سید نے ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے بعد آن لائن تعلیمی کورسز، اے آئی ڈبنگ، انگریزی کونٹینٹ اور کتابوں کی اشاعت و فروخت کے حوالے سے کاموں کی تفصیل بیان کی۔ اس کے بعد ایجوکیشن کمیٹی کے ممبر جناب عاطف ساجد نے ’’سنڈے اسکول‘‘کے حوالے سے تعلیمی کارکردگی کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ عمیر اجمل صاحب نے آئی ٹی سے متعلق معاملات کی تفصیل بتائی۔

غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن محمد حسن الیاس صاحب نے ادارے کے اہداف و مقاصد اور لائحۂ عمل کو بیان کرنے کے بعد رسائل، اردو، انگریزی اور عربی زبان میں کتابوں کی تیاری، اسکالرز کے پروگراموں کی ریکارڈنگ، ڈیجیٹل کونٹینٹ، سوشل میڈیا، ویب سائٹس، آڈیو بکس اور ڈاکومینٹریز کے حوالے سے گذشتہ برس سرانجام دی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بتایا۔ انھوں نے کہا کہ غامدی سینٹر اردو اور انگریزی زبان سے آگے بڑھ کر علم پھیلانے کی یہ تمام سرگرمیاں اب عربی اور بنگالی زبانوں میں بھی شروع کر چکا ہے۔

جناب جاوید احمد غامدی نے ’’المورد‘‘ امریکہ سے وابستہ افراد کے کاموں کو سراہتے ہوئے ان کے لیے دعا ئیہ کلمات کہے اور ادارے کی علمی و فکری رہنمائی فرمائی۔

’’غامدی صاحب کے فکر پر 23 اعتراضات کے جواب میں‘‘ کی تکمیل

غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ کے زیرِ اہتمام گذشتہ چھ برسوں سے جاری اہم علمی و فکری منصوبہ ’’غامدی صاحب کے فکر پر 23 اعتراضات کے جواب میں‘‘ پایۂ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔ اس طویل سلسلے میں ان تمام روایتی اعتراضات کا علمی محاکمہ کیا گیا ہے، جو عام طور پر جناب جاوید احمد غامدی کے افکار اور ان کی دینی تعبیرات پر اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن محمد حسن الیاس صاحب نے ایک ایک اعتراض کو نہایت عمدگی اور جزئیات کے ساتھ غامدی صاحب کے سامنے پیش کیا اور غامدی صاحب نے نہایت مفصل اور علمی دلائل سے ان کے جوابات دیے ہیں۔ یہ علمی ذخیرہ 215 اقساط پر مشتمل ہے، جس میں کل 23 اعتراضات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ فکری و تحقیقی ذوق رکھنے والے حضرات کی سہولت کے لیے اس سلسلے کی تمام اقساط غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر فراہم کر دی گئی ہیں۔

’’اسلام ہب‘‘ (Islam Hub)

غامدی سینٹر نے ’’اسلام ہب‘‘(Islam Hub) کے نام سے ایک جامع علمی منصوبہ شروع کیا ہے، جو اگلے دو سے تین سالوں میں مکمل ہو گا۔ اس بڑے پروجیکٹ کے تحت اب تک دو اہم کام سامنے آئے ہیں: ایک، غامدی صاحب کی کتاب ’’الاسلام‘‘ کا جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انگریزی ترجمہ کیا گیا ہے، جو ادارے کی ویب سائٹ پر موجود ہے اور دوسرا، ’’اسلام اٹلس‘‘ (Islam Atlas) کے نام سے ایک چارٹ تیار کیا گیا ہے، جو دین کے پورے ڈھانچے کو ایک درخت کی صورت میں واضح کرتا ہے۔ یہ چارٹ گھروں میں لگانے کے لیے غامدی سینٹر کی ویب سائٹ سے خریدا جا سکتا ہے، جسے مستقبل میں ایک ڈیجیٹل ایپلی کیشن کی شکل دی جائے گی، جہاں کسی بھی موضوع پر کلک کرنے سے صارف نہ صرف غامدی صاحب کی کتابوں اور متعلقہ قرآنی آیات و احادیث تک پہنچ سکے گا، بلکہ متعلقہ موضوع پر دستیاب تمام علمی مواد تک براہِ راست رسائی حاصل کر پائے گا۔اس پورے سسٹم میں ’’میزان ہب‘‘ اور ’’قرآن ہب‘‘ جیسے شعبے بھی شامل ہوں گے، جو آپس میں مربوط ہو کر دین کی تفہیم کو مزید آسان بنائیں گے۔

’’مکالمہ بین المذاہب‘‘

ممتاز امریکی اسکالر اور بین المذاہب مکالمے کے داعی ڈاکٹر چارلس ریمزی (Dr. Charles Ramsey)نے دسمبر 2025ء میں غامدی سینٹر، ڈیلس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر محمد حسن الیاس صاحب کے ساتھ ’’ مکالمہ بین المذاہب‘‘کے عنوان سے ایک نشست میں انھوں نے اپنے خاندانی پس منظر، علمی سفر، تصوف اور مسیحی دنیا کے اسلام کے بارے میں تاثرات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ ڈاکٹر ریمزی نے پاکستانی قوم کی مہمان نوازی اور اسلام میں انتہا پسندی جیسے موضوعات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کے آخر میں انھوں نے جاوید احمد غامدی صاحب کو ایک بہترین معلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ غامدی صاحب کے مدلل جوابات ہمیشہ ان کو متاثر کرتے ہیں۔ اس نشست کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’ اجتہادی اطلاقات ‘‘

گذشتہ ماہ غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ’’اجتہادی اطلاقات‘‘ کا موضوع زیر بحث رہا۔ اس موضوع کے تحت ہونے والی نشستوں میں غامدی صاحب کے آج تک کے کیے گئے اجتہادی اطلاقات اور ان پر علما کی جانب سے کی گئی تنقیدات کو زیر بحث لایا گیا۔ اس موضوع پر منعقد ہونے والی نشستوں میں روزے کی قضا، پوتے کی وراثت، سیاست و ریاست، وصیت کا حق اور عدت کی تعیین کے بارے میں غامدی صاحب نے اپنے نقطۂ نظر کے حق میں دلائل پیش کیے۔ ان نشستوں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

غامدی سینٹر کا پہلا سالانہ مشاعرہ

’’المورد‘‘ امریکہ کے زیرِ اہتمام ڈیلس میں واقع غامدی سینٹر میں پہلا سالانہ مشاعرہ منعقد ہوا، جس میں شہر کے تقریباً 18 ممتاز شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔ مشاعرے کی صدارت ڈیلس کے مشہور شاعر طارق ہاشمی صاحب نے کی۔ پروگرام کا آغاز عشائیے سے ہوا، جس کے بعد شعری تقریب کا آغاز کیا گیا۔ مشاعرے میں غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن محمد حسن الیاس صاحب نے غامدی صاحب کا کلام سنایا، جب کہ ’’المورد‘‘ امریکہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب فرحان سید نے اپنے دیگر کلام کے علاوہ اپنی مشہور نظم ’’جوابی بیانیہ‘‘ پڑھی۔ مشاعرے کے آخر میں جناب صدر طارق ہاشمی نے صدارتی تقریر پیش کرنے کے بعد اپنا کلام سنایا اور سامعین سے داد وصول کی۔ اس پروگرام میں سامعین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے اسے ڈیلس کی ادبی تاریخ کا ایک یادگار مشاعرہ قرار دیتے ہوئے ’’المورد‘‘ امریکہ کے اس علمی و ادبی ذوق کو بے حد سراہا۔ اس مشاعرے کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’ فطرت کی ہدایت اور انبیا کی ہدایت کا باہمی تعلق‘‘

منظور الحسن صاحب کا یہ مضمون غامدی صاحب کی گفتگو سے ماخوذ ہے۔ مضمون میں فطرت کی ہدایت اور انبیا کی ہدایت کے باہمی تعلق کے حوالے سے غامدی صاحب کا نقطۂ نظر بیان کیا گیا ہے کہ دین کوئی خارجی شے نہیں، بلکہ انسان کی اپنی فطرت کا ظہور ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے خیر و شر کی اصولی ہدایت روزِ اول سے ودیعت کر رکھی ہے۔ انبیا کی بعثت کا مقصد فطرت کی اسی اجمالی ہدایت کو تفصیل فراہم کرنا اور انسانوں کے درمیان پیدا ہونے والے فکری اختلافات کا فیصلہ کرنا ہے۔ وہ لوگ جن تک انبیا کی دعوت نہیں پہنچی، وہ بھی روزِ قیامت اپنی فطری ہدایت ہی کی بنیاد پر جواب دہ ہوں گے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘

معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ پر محمد حسن الیاس صاحب کے پروگرام ’’Ask Hassan Ilyas‘‘ کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ سوال و جواب پر مبنی پروگرام ہے، جس میں حسن الیاس صاحب حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے علمی و فکری اور دینی سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ دسمبر 2025ء میں اس پروگرام میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوال یہ ہیں: ’’الحاد اور مذہب کی بحث کو آپ کیسے دیکھتے ہیں؟ ‘‘، ’’ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ کائنات مخلوق ہے؟‘‘، ’’کیسے معلوم ہو گا کہ قرآن اللہ ہی کا کلام ہے؟ ‘‘ اور ’’اللہ کے خالق ہونے کے ہمارے پاس کیا دلائل ہیں؟ ‘‘اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’استفسار:ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘

غامدی سینٹر کے پلیٹ فارم سے ’’استفسار: ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘ کے عنوان سے سوال و جواب کے ایک نئے سلسلے کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس پروگرام میں غامدی سینٹر کے اسکالر ڈاکٹر عمار خان ناصر علمی و فکری سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ دسمبر 2025ء کے ان پروگراموں میں پوچھے گئے چند اہم سوال یہ ہیں: ’’حدیث کا کیا مقام ہے؟‘‘، ’’اہل بیت سے کیا مراد ہے؟‘‘ اور ’’کیا وتر پڑھنا ضروری ہے؟‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

Ask Ghamidi

یہ سوال و جواب کی آن لائن نشست ہوتی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں اٹھنے والے دینی اور اخلاقی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جوابات براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ ہر ماہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس نشست میں حصہ لیتی ہے۔ دسمبر 2025ء میں اس نشست میں لوگوں کی طرف سے پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’جھوٹے مدعیِ نبوت کی کیا سزا ہے؟‘‘، ’’ختم نبوت کی حقیقت کیا ہے؟‘‘، ’’سورۂ طلاق کی آیت 2 کی کیا تشریح ہے؟‘‘ اور ’’ قرآن مجید کو سیاق و سباق کے ساتھ کیسے سمجھیں؟ ‘‘ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث

دسمبر 2025 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری غامدی صاحب کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ حج کی آیات 71تا 78 اور سورۂ مومنون کی آیات 1 تا 43 کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خوابوں سے متعلق احادیث پر گفتگو کی۔ درس حدیث کی ان نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’وضو کی فضیلت‘‘، ’’پاکیزگی، صدقہ، نماز اور قرآن کی اہمیت‘‘، ’’نزول مسیح اور دجال سے متعلق پیشین گوئیاں‘‘ اور ’’ایک صحابی کا خود کو جنت میں دیکھنا‘‘۔ قرآن و حدیث کے دروس کی ان نشستوں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

’’افکارِ غامدی‘‘

’’افکار غامدی‘‘ منظور الحسن صاحب کا یوٹیوب پر نشر ہونے والا ہفتہ وار پروگرام ہے، جس میں عام فہم انداز میں غامدی صاحب کے افکار کی شرح و وضاحت کی جاتی ہے۔ دسمبر 2025ء میں منعقد ہونے والی نشستوں میں ’’بدن کی صفائی کے دس احکام‘‘، ’’عبادات کیوں لازم کی گئیں؟‘‘ اور ’’مسلمانوں کی سیاست کے پانچ اصول‘‘ جیسے اہم موضوعات کو زیر بحث لایا گیا۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ’’تفہیم الآثار‘‘ کے عنوان سے نشر ہونے والے پروگرام میں صحابہ و تابعین کے آثار کی شرح و وضاحت اور منتخب آثار پر مبنی سوال وجواب کی نشستیں ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔ اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر سید مطیع الرحمٰن سرانجام دے رہے ہیں، جب کہ ڈاکٹر عمار خان ناصر اس میں بہ طورِ مہمان شریک ہیں۔ دسمبر 2025ء میں اس سیریز کے تحت منعقد ہونے والی نشستوں میں ’’حضرت ابو بکر اور روایتِ حدیث‘‘،’’حضرت عمر اور روایتِ حدیث‘‘، ’’حضرت عثمان اور روایتِ حدیث‘‘اور ’’صوفیہ کی باطنی تفسیر کا حکم‘‘ جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’صلاۃ التسبیح: فقہ وحدیث کی روشنی میں‘‘

ماہنامہ ’’اشراق‘‘ امریکہ میں غامدی سینٹر کے اسکالر ڈاکٹر عامر گزدر کا ایک تحقیقی مقالہ سلسلہ وار شائع کیا جا رہا ہے، جس میں صلاۃ التسبیح کی شرعی حیثیت اور اس کی روایتوں کا فنی جائزہ لیا گیا ہے۔ مقالے میں مصنف نے اس نماز کی مشروعیت پر علما و فقہا کے اختلافات کو واضح کرتے ہوئے علمِ حدیث کی روشنی میں اپنا موقف پیش کیا ہے۔ دسمبر 2025ء میں شائع ہونے والی قسط میں بیان کیا گیا ہے کہ صلاۃ التسبیح کے حوالے سے کتبِ حدیث میں صرف قولی روایتیں ملتی ہیں، جب کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب ایسی کوئی فعلی روایت موجود نہیں ہے، جس سے یہ ثابت ہو کہ آپ نے کبھی یہ نماز ادا فرمائی تھی۔ علاوہ ازیں، اِس موضوع کی قولی روایتوں کا علمِ حدیث کی روشنی میں تحقیقی مطالعہ بھی پیش کیا گیا ہے۔

”اتمام حجت“ کا انگریزی زبان میں خلاصہ

ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ دسمبر 2025ء میں ڈاکٹر شہزاد سلیم نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’اتمام حجت‘‘کا خلاصہ بیان کیا۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

مولانا امین احسن اصلاحی کی فکری و تعلیمی خدمات اور لائحۂ عمل

’’حیاتِ امین‘‘ کی گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں مولانا اصلاحی کی فکری و تعلیمی خدمات اور ان کے لائحۂ عمل کو بیان کیا گیا ہے۔ نعیم احمد بلوچ صاحب نے لکھا ہے کہ مولانا اصلاحی نے رسالہ ’’میثاق‘‘ کے ذریعے سے ملک میں سیاسی استحکام کی ضرورت اور دینی جماعتوں کے لیے انتخابی سیاست کے نقصانات پر زور دیتے ہوئے مثبت دینی شعور کی بیداری کو اصل ہدف قرار دیا۔ انھوں نے ’’تحفظِ دین‘‘ کے ایک جامع منصوبے کے تحت ایسے تعلیمی اداروں اور مراکزِ تحقیق کے قیام کی تجویز دی، جہاں جدید و قدیم علوم کے امتزاج سے نوجوانوں کی فکری تربیت کی جا سکے تاکہ وہ معاشرے کی اخلاقی اصلاح کر سکیں۔ اپنی تمام تر توجہ علمی و تفسیری کام پر مرکوز رکھنے کی خاطر انھوں نے نئی تنظیم سازی سے معذرت کی اور ’’حلقۂ تدبرِ قرآن‘‘ کے ذریعے سے جدید تعلیم یافتہ طبقے کو براہِ راست قرآن و حدیث کی تعلیم دینے کا کامیاب تجربہ شروع کیا۔

’’ایمان و عقائد‘‘

ڈاکٹر شہزاد سلیم ’’میزان لیکچرز سیریز‘‘ کے تحت غامدی صاحب کی کتاب ’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کر رہے ہیں تاکہ انگریزی جاننے والے حضرات بھی اس سے استفادہ کر سکیں۔ دسمبر 2025ء میں انھوں نے اس سیریز کے تحت ’’ایمان و عقائد‘‘ کے موضوع پر دو لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ یہ لیکچرز غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہیں۔

غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری آن لائن خانقاہ میں معز امجد صاحب ہر ہفتے اصلاحِ نفس کے پہلو سے ایک نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں لوگوں کے نفس کی اصلاح اور تربیت کے حوالے سے مختلف موضوعات کو زیر بحث لایا جاتا ہے اور اس سے متعلق لوگوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کی منعقد ہونے والی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’کسی سے اچھا معاملہ کرتے ہوئے کوئی توقع رکھنا‘‘، ’’انسانی شعور اور خود آگاہی‘‘، ’’توکل اور تفویض کا مطلب‘‘ اور ’’زندگی کے مسائل کا سامنا کرتے ہوئے اپنا ایمان مضبوط رکھنا‘‘۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘

ڈاکٹر شہزاد سلیم ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے عنوا ن سے ہر ماہ ایک سیشن کاانعقاد کرتے ہیں۔ اس میں وہ مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں گفتگو کرتے ہیں۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہے: پہلے حصے میں قرآن مجید کی آیات سے ایک موضوع منتخب کر کے اس کی وضاحت کی جاتی ہے۔ دوسرے حصے میں منتخب احادیث نبوی پر گفتگو ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں بائیبل کے کسی اقتباس کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پروگرام کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ دنیا نیوز چینل پاکستان کا ایک معروف پروگرام ہے، جو کئی برس سے نشر ہو رہا ہے۔ یہ ڈیلس میں ریکارڈ ہوتا ہے اور ہفتہ وار نشر ہوتا ہے۔ میزبانی کے فرائض غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب انجام دیتے ہیں۔ دسمبر 2025ء میں ’’دین پر غور و فکر کے اصول‘‘ کے عنوان سے 4 پروگرام ریکارڈ کیے گئے اور دنیا نیوز سے نشر ہوئے۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر شہزاد سلیم کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن

ڈاکٹر شہزاد سلیم ہر ماہ آن لائن نجی مشاورتی سیشنز کا اہتمام کرتے ہیں، جن میں شرکا اپنے ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل پر رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے 30 سے زائد سیشنز منعقد ہوئے، جن میں شرکا نے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری کے مسائل کے حل کے لیے ڈاکٹر شہزاد سلیم سے مشاورت کی۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر ’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ‘‘ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance) اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت متعدد فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔

’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

ڈاکٹر شہزاد سلیم نے غامدی صاحب کی تفسیر ’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دسمبر 2025ء میں سورۂ اعراف کی آیات 1 تا 30 کا درس پیش کیا۔ یہ اقدام اس مقصد کے تحت کیا جا رہا ہے کہ انگریزی زبان جاننے والے اہلِ علم بھی ’’البیان‘‘ کے فہم سے فائدہ اٹھا سکیں۔ مذکورہ نشستوں کی ویڈیو ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔

Ask Dr. Shehzad Saleem

ڈاکٹر شہزاد سلیم ہر ماہ سوال و جواب کی لائیو نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں وہ لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔