جاوید احمد غامدی صاحب کی زیر سرپرستی خاص خواتین کی تعلیم و تربیت کے لیے ’’صالحات‘‘ کے نام سے سہ ماہی رسالے کا اجرا کیا گیا۔ محمد حسن الیاس صاحب اس کے نگران ہیں، جب کہ اس کی ادارت کے فرائض جناب نعیم احمد بلوچ سرانجام دے رہے ہیں اور نائب مدیر یاسمین فرخ صاحبہ ہیں۔ خواتین کی جانب سے غامدی سینٹر کی اس کاوش کو بہت سراہا گیا ہے ۔ قارئین اس رسالے کو غامدی سینٹر کی ویب سائٹ پر ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
غامدی سینٹر کامقصد
گذشتہ ماہ’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ‘‘ کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ایکیڈیمکس جناب حسن الیاس نے وائس آف امریکہ کے نمایندے ثاقب الاسلام کو انٹر ویو دیا، جس میں انھوں نے امریکہ میں غامدی سینٹر کے قیام کا مقصد بیان کیا۔ انھوں نے کہا کہ غامدی سینٹر کے قیام کا مقصد مسلمان نوجوانوں کے اندر وہ صلاحیت پیدا کرنا ہے، جس کے ذریعے سے وہ مذہب کا شعوری مطالعہ کر سکیں۔ مزید برآں انھوں نے غامدی سینٹر کو تمام مکتبۂ فکر اور تمام مذاہب کے لوگوں کے لیے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اسلام کو علم کے طریقے پر سمجھیں اور تمام علما کو اپنی امت کا سرمایہ سمجھتے ہوئے ان کی بات کو استدلال کی بنیاد پر مانیں، نہ کہ تقلید کی بنیاد پر۔ اس انٹرویو کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
آن لائن خانقاہ کا آغاز
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام آن لائن خانقاہ کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ بنیادی طور پر اصلاحِ نفس سے متعلق پروگرام ہے، جس میں معز امجد صاحب لوگوں کے نفس کی اصلاح اور تربیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہیں اور اس سے متعلق لوگوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالوں کا جواب بھی دیتے ہیں۔ ہر ہفتے اس کی ایک نشست غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر نشر کی جاتی ہے۔
’’تفہیم الآثار‘‘ پروجیکٹ
غامدی سنٹر آف اسلامک لرننگ ، امریکہ کے زیر اہتمام ’’تفہیم الآثار‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس میں صحابہ و تابعین کے آثار کی شرح و وضاحت اور منتخب آثار پر مبنی سوال وجواب کی نشستیں ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔ اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر سید مطیع الرحمٰن سرانجام دے رہے ہیں، جب کہ ڈاکٹر عمار خان ناصر اس میں بہ طورِ مہمان شریک ہیں۔ جون 2024ء میں اس کے 2 پروگرام ریکارڈ ہوئے، جن میں دینی علم وعمل میں صحابہ کی امتیازی حیثیت کی بنیاد کیا ہے؟، دینی روایت میں صحابہ وتابعین کے فہم وعمل کو کیا اہمیت دی گئی ہے؟، تفہیم الآثار کے منصوبے کی کیا نوعیت ہے اور اس کے دینی وعلمی اہداف کیا ہیں؟ اور کن صحابۂ کرام کے آثار کو اس مجموعے میں شامل کیا جائے گا؟ جیسے اہم سوالوں کو زیر بحث لایا گیا۔ ان پروگراموں کو ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
’’سیاسی، سماجی اور مذہبی قائدین کا رویہ‘‘
مدیر ”اشراق، امریکہ“ منظور الحسن صاحب اپنے اس مضمون میں اس سوال کو زیر بحث لائے ہیں کہ سیاسی، سماجی اورمذہبی قائدین کو اپنے رفقا و معاونین کے ساتھ کیا رویہ اختیار کرنا چاہیے؟ قرآن مجید کی آیات اور اسوۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا حوالہ دیتے ہوئے لکھتے ہیں کہ قیادت کے لیے ناگزیر وصف یہ ہے کہ قائدین اپنے رفقا و معاونین کے ساتھ نرمی اور محبت سے بات کریں، اُن کے مشورے کو توجہ سے سنیں،اُن کی غلطیوں سے صرف نظر کریں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اُن کی عزتِ نفس کا خیال رکھیں۔ لوگوں کو یہ رویہ اگر نہ ملے تو وہ رنجیدہ اور بد دل ہو کر کنارہ کشی اختیار کر لیتے ہیں اور بعض صورتوں میں مخالفت اور معاندت کی حد تک بھی پہنچ جاتے ہیں۔یہ مضمون ’’اشراق، امریکہ‘‘ کے جون 2024ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
غامدی صاحب کی ہفتہ وار سوال و جواب کی نشستیں
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہر ہفتے سوال و جواب کی لائیو نشست منعقد کی جاتی ہے، جس میں حسن الیاس صاحب غامدی سینٹر کو موصول ہونے والےمختلف نوعیت کے سوال غامدی صاحب کے سامنے رکھتے ہیں اور غامدی صاحب ان کا جواب دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ ان نشستوں میں پوچھے گئے اہم سوالات یہ ہیں: ’’اہل تصوف اور نبی کی اصطلاح‘‘اور ’’کیا انسانی دودھ کا بینک جائز ہے؟‘‘ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
’’حدیث کیا ہے؟‘‘ پر اعتراضات کا جائزہ
پچھلے کئی ماہ سے غامدی سینٹر کے زیر اہتمام 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ”حدیث کیا ہے؟“ کا موضوع زیر بحث ہے۔ اس موضوع کے تمام بنیادی مباحث کو زیر بحث لانے کے بعد اب ان اعتراضات اور سوالات کو موضوعِ بحث بنایا جا رہا ہے، جو اب تک کی نشستوں میں بیان ہونے والی گفتگو پر ناظرین کی طرف سے کیے گئے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سیریز کی 3 نشستیں منعقد ہوئیں۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’عمار خان ناصر کو بات نہیں کرنے دیں گے‘‘
یہ مضمون حال ہی میں پاکستان کی عدالتِ عظمیٰ میں ہونے والی ایک احمدی ملزم کے مقدمے کی کارروائی کے تناظر میں لکھا گیا ہے۔ اس مقدمے کی کارروائی کے دوران میں مذہبی علما نے چیف جسٹس کے ساتھ کافی بحث و تکرار کے بعد ڈاکٹر عمار خان ناصر کو اس مقدمے میں اپنی انفرادی راے پیش کرنے سے یہ کہہ کر روک دیا تھا کہ اس سے فیصلہ متنازع ہو جائے گا۔ اس مضمون میں مذہبی علما کے اسی طرز عمل پر نقد کرتے ہوئے حسن صاحب نے لکھا ہے کہ مذہبی علما اپنی ہر بات منوانے کے لیے تحکم کا رویہ اختیار کرتے ہیں اور لوگوں کے فکر و عمل پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتے ہیں۔ چنانچہ وہ اپنی ہر راے کو حتمی، ہر قول کو فیصل اور ہر فیصلے کو حرف ِ آخر سمجھتے ہیں۔ اور اپنے نقطۂ نظر سے اختلاف رکھنے والوں کو باغی، گم راہ اور منحرف قرار دیتے ہیں۔ یہ مضمون ”اشراق، امریکہ“ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
مولانا وحید الدین خاں پر ڈاکومینٹری
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام دورِ حاضر کے جید عالم دین مولانا وحید الدین خاں کی زندگی پر ایک ڈاکومینٹری بنانے کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس ڈاکومینٹری میں مولانا وحید الدین خان کے علمی، فکری، تحقیقی اور دعوتی سفر کے علاوہ ان کے خاندانی پس منظر سے لے کر ان کی دعوت کی آخری سعی تک کے تمام مراحل کو پیش کیا جائے گا۔ جلد ہی اس کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وار نشر کیا جائے گا۔
’’صبر: دنیا اور آخرت میں کامیابی کا راستہ‘‘
ریحان احمد یوسفی صاحب نے اپنے اس مضمون میں صبر کی اہمیت و فضیلت کو قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے مختلف معانی و مفاہیم کوبھی کھولا ہے۔ صبر سے متعلق لوگوں میں پائی جانے والی بعض غلط فہمیوں کے بارے میں بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ صبر کو ہمارے ہاں عام طور پر ایک سلبی چیز سمجھا جاتا ہے، جو مجبوری اور بے بسی کے عالم میں کیا جاتا ہے۔ اس کا دائرہ غم و مشکلات تک محدود کر دیا گیا ہے اور اسے بزدلی اور کم ہمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے، جس کی وجہ سے صبر ہمارے مذہبی فکر میں اپنی اصل جگہ نہیں پا سکا۔ مزید برآں انھوں نے صبر کو دنیا میں بھی فوز و فلاح کی شاہِ کلید اور دشمنوں کی چالوں اور سازشوں سے بچنے کا نسخہ بتایا ہے۔ یہ مضمون جون 2024 ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
غامدی سینٹر کے آن لائن تعلیمی کورسز
گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے غامدی سینٹر کے آن لائن لرننگ پلیٹ فارم کے لیے انگریزی زبان میں 3 تعلیمی کورسز مرتب کیے، جن کے عنوانات یہ ہیں: ’’Divorce Laws‘‘، ’’Dietary Shariah and Islamic Customs‘‘ اور ”Jihad in Islam“۔ ان میں سے ایک کورس ’’Dietary Shariah and Islamic Customs‘‘ کو غامدی سینٹر کی ویب سائٹ پر شائع کر دیا گیا ہے، جب کہ باقی دو بھی جلد ہی شائع کر دیے جائیں گے۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر ’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ‘‘ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 3 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کی رہنمائی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔
’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے ’’میزان‘‘ کے جن موضوعات پر انگریزی زبان میں لیکچر ریکارڈ کرائے، وہ یہ ہیں: ’’ فلسفۂ حج‘‘،’’چوری کی سزا‘‘، ’’قذف کی سزا‘‘، ’’انسانیت‘‘ اور ’’خوش گوار ازدواجی زندگی کے بنیادی عوامل‘‘۔ ان لیکچرز کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“
جون 2024 ءمیں دنیا نیوز چینل پر نشر ہونے والے پروگرام”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ میں جن موضوعات پر گفتگو کی گئی، وہ یہ ہیں: ’’خدا سے متعلق الحاد کے دس سوالات‘‘، ’’عید الاضحیٰ اور قربانی کی اہمیت‘‘، ’’گفتگو کے اوصاف‘‘، ’’نبی کی بشریت‘‘ اور ’’سوال و جواب‘‘۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
”البیان“ ترجمۂ قرآن کی آڈیو بک
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام تذکیر بالقرآن پراجیکٹ کے تحت گذشتہ ماہ سورۂ کہف اور سورۂ نور کی تلاوت اور ترجمہ پیش کیا گیا۔ غامدی صاحب کا ترجمۂ قرآن شاہ نواز صاحب، جب کہ قرآن مجید کی تلاوت مشاری راشد العفاسی کی آواز میں ہے۔ ان کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
Ask Dr. Shahzad Saleem
یہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست ہے، جس میں ڈاکٹر شہزاد سلیم لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔
’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘
ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب کے اس سیشن میں مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں بحث ہوتی ہے۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں قرآن مجید کی آیات سے ایک موضوع منتخب کر کے اس کی وضاحت کی جاتی ہے۔ دوسرے حصے میں منتخب احادیث نبوی پر گفتگو ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں بائیبل کے کسی اقتباس کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پروگرام کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ پچھلے مہینے کے سیشن میں ”عقائدِ ایمان“، ”دنیا کی بے مائیگی” اور ”حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی بنی نوع انسان کے لیے رہنمائی “جیسے موضوعات زیر بحث رہے۔یہ سیشن انگریزی زبان میں ہوتا ہے۔ اس کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
ہفتہ وار درِس قرآن و حدیث
جون 2024 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ کہف کی 6 تا 26 آیات کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں ’’عذاب قبر ‘‘ کے حوالے سے احادیث پر بات ہوئی۔ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن
شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ لوگوں سے آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان سیشنز میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں شہزاد سلیم صاحب سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے 30 سے زائد سیشنز ہوئے۔ان سیشنز میں لوگوں نے شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری اور ازدواجی مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔
’’مقامات‘‘ کی آڈیو بک
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاوید احمد غامدی صاحب کی کتاب ’’مقامات‘‘ کی آڈیو بک کا اجرا ہو گیا ہے۔ یہ کتاب غامدی صاحب کی متفرق تحریروں کا مجموعہ ہے، جسے انھوں نے تین حصوں میں تقسیم کر دیا ہے: پہلا حصہ ان کے جذبات و احساسات اور حالات و وقائع پر مشتمل ہے۔ دوسرے میں بعض توضیحات اور دین کے اجتہادی مسائل سے متعلق ان کی آرا بیان ہوئی ہیں۔ تیسرا حصہ تنقیدی مضامین کے لیے خاص ہے۔ اس کتاب کو آڈیو کی صورت میں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلسہ وار نشر کیا جا رہا ہے۔
’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
شہزاد سلیم صاحب غامدی صاحب کی تفسیرِ قرآن ’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ ڈاکٹر شہزاد سلیم نے اس کے 2 لیکچرز ریکارڈ کرائے، جن میں سورۂ آل عمران کی آیات 1 تا 44 زیر بحث آئیں۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’سفر در سفر‘‘
یہ پروگرام ڈاکٹر عمار خان ناصر کی فکری سرگذشت پر مبنی ہے، جسے کی میزبانی کی ذمہ داری نعیم بلوچ صاحب نے اٹھائی ہے۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر عمار خان ناصر اپنی فکری سرگذشت کے حوالے سے نعیم بلوچ صاحب کے سوالوں کے جواب دیں گے۔ گذشتہ ماہ اس کی 2 نشستیں ریکارڈ ہوئیں، جن میں عمار صاحب نے اپنے خاندانی پس منظر، تعلیمی مراحل اور فکری سفر کے کچھ اہم گوشوں پر بات کی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
توہین مذہب کا قانون: ذمہ دار کون؟
’’پاکستان میں توہین مذہب پر لوگوں کو مارنے کے رجحان کا ذمہ دار کون ہے؟‘‘ حسن الیاس صاحب نے یہ سوال سوات میں ہونے والے توہین مذہب کے واقعے کے پس منظر میں اٹھایا ہے۔ اپنی ایک گفتگو میں اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات کے ذمہ داروں کا تعین کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اس طرح کے واقعات روز بہ روز بڑھتے جا رہے ہیں اور افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ سب دین کے نام پر ہو رہا ہے۔ مزید برآں انھوں نے اس طرح کے واقعات کےسدباب کے لیے بعض مفید حل بھی پیش کیے۔ اس گفتگو کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کا انگریزی زبان میں خلاصہ
23 اعتراضات کی اس ویڈیو سیریز میں غامدی صاحب کے افکار پر روایتی مذہبی فکر کی طرف سے کیے گئے اعتراضات اور تنقیدات کو زیرِ بحث لایا جاتا ہے۔ ڈاکٹر شہزاد سلیم اس سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’نزولِ مسیح‘‘کا خلاصہ بیان کیا۔ ان پروگرامز کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’نیا زمانہ، نئے چیلنجز‘‘
حسن الیاس صاحب نے ’’نیا زمانہ، نئے چیلنجز‘‘ کے عنوان سے ایک پوڈکاسٹ ریکارڈ کرایا ہے۔ اس پوڈ کاسٹ میں مذہب کو درپیش جدید چیلنجز، روایتی علما کے فکر اور غامدی صاحب کے فکر کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔ آخر میں میزبان علی صاحب کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ غامدی صاحب جیسے بڑے آدمی کا فکر کسی شخص کی میراث نہیں ہوتی، بلکہ وہ قوموں کی امانت ہوتی ہے۔ اور اس طرح کے آدمی کے فکر کی وراثت انھی کو منتقل ہوتی ہے ، جو اس کو پوری طرح سمجھ کر دوسرں کو بیان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
’’میزان‘‘ اور ’’فرقان‘‘ کی توضیح
کچھ عرصہ قبل شہزاد سلیم صاحب نے 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’میزان‘‘ اور ’’فرقان‘‘ کی توضیح کا انگریزی زبان میں خلاصہ ریکارڈ کرایا تھا۔ اس ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر نشر کر دیا گیا ہے۔