مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]جولائی 2025ء[ غامدی صاحب کا دورۂ کینیڈا

شاہد محمود اردو

جون 2025ء میں غامدی صاحب نے کینیڈا کا دورہ کیا۔ المورد ، امریکہ کے چیئر آف بورڈ جناب مکرم عزیز، غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن محمد حسن الیاس صاحب اور ’’اشراق‘‘ امریکہ کے مدیر سید منظور الحسن صاحب بھی غامدی صاحب کے ہم راہ تھے۔ یہ پانچ روزہ دعوتی دورہ تھا، جس میں غامدی صاحب نے مختلف کمیونٹیز، قانونی ماہرین، نوجوانوں اور اہلِ علم سے ملاقاتیں کیں۔ اُن کی میزبانی المورد، کینیڈا، AMIC (Association of Muslims in Canada) اور مقامی احباب نے کی۔ غامدی صاحب کے اعزاز میں مختلف تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور غامدی صاحب سے علمی و فکری سوالات کیے۔

’’اجتہاد‘‘

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ’’اجتہاد‘‘ کے عنوان سے ایک نئے موضوع کا آغاز کیا گیا ہے۔ جون 2025ء میں اس موضوع پر منعقد ہونے والی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’اجتہاد کیا ہے؟‘‘، ’’اجتہاد کیوں ضروری ہے؟‘‘، ’’اجتہاد کے حدودو شرائط کیا ہیں‘‘ اور ’’کیا اجتہاد کا دروازہ بند ہو چکا ہے یا آج بھی اجتہاد کیا جا سکتا ہے؟‘‘۔ ان نشستوں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

’’Quran Unlocked‘‘

غامدی سینٹر نے قرآن فہمی کے فروغ کے لیے ’’ Quran Unlocked – Intensive Summer Quranic Arabic Language Program‘‘ کے نام سے دو ہفتوں پر مشتمل عربی زبان کا آن لائن کورس متعارف کرایا ہے۔ یہ کورس 21؍ جولائی 2025ء سے شروع ہوگا اور ہفتے میں پانچ دن (پیر تا جمعہ) شام 8 سے 10 بجے جاری رہے گا۔ کورس کی زبان انگریزی ہو گی اور اس کی تدریسی خدمات احمد شعیب صاحب سر انجام دیں گے۔ یہ کورس قرآنی عربی سیکھنے کے خواہش مند افراد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ وہ صرف تلاوت ہی نہیں، بلکہ قرآن کے مفاہیم بھی سمجھ سکیں۔ دل چسپی رکھنے والے حضرات غامدی سینٹر کی ویب سائٹ پر جا کر اس کورس کے لیے اندراج کرا سکتے ہیں۔

’’زینتوں کی حلت‘‘

منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں قرآنِ مجید کی روشنی میں انسانی فطرت اور جمالیاتی احساسات کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے۔ مضمون میں وضاحت کی گئی کہ بدن، لباس، آواز اور ماحول کی آرایش فطرتِ انسانی کا حصہ ہے، جسے اللہ نے انسان کے لیے پیدا کیا ہے اور قرآن نے انھیں حلال اور جائز قرار دیا ہے۔ مضمون میں بتایا گیا کہ لباس، پاکیزہ کھانا اور تزئین و آرایش کی دیگر شکلیں اللہ کی جائز اور حلال نعمتیں ہیں۔ اسلام رہبانیت یا بے زینتی کا قائل نہیں، بلکہ افراط و تفریط سے بچتے ہوئے زینت سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتا ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے جون 2025ء کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث

جون 2025 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ طٰہٰ کی آیات 129 تا 135 اور سورۂ انبیاء کی آیات 1 تا 44 کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں ایمان و اسلام کے منافی چیزوں سے متعلق احادیث کو زیر بحث لاتے ہوئے جن اہم نکات پر گفتگو کی گئی، وہ یہ ہیں: ’’چھوٹوں پر شفقت اور بڑوں کی عزت نہ کرنے والوں کو تنبیہ‘‘، ’’فساد فی الارض کے مرتکبین کی اسلامی ریاست میں جگہ نہیں‘‘ اور ’’علانیہ چوری اور ڈاکا ڈالنے والا ہماری امت کا فرد نہیں‘‘۔قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

’’راہِ تکمیل‘‘

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام حال ہی میں ’’راہِ تکمیل‘‘ (Path to Fulfillment) کے عنوان سے ایک سیریز کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس کے میزبان غامدی سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فرحان سید صاحب ہیں، جب کہ ڈاکٹر علی پتافی نے اس میں بہ طور مہمان شرکت کی ہے۔ جون 2025ء میں اس سیریز کی چار اقساط نشر ہو ئیں۔ ان نشستوں میں زندگی میں حقیقی سکون اور روحانی تکمیل کے اصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مادی خواہشات سے بلند ہو کر دوسروں کو دینے کے جذبے کو اُجاگر کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ مزید برآں، اَنا، خوف اور حسد جیسی باطنی رکاوٹوں کو ختم کرنے کی ضرورت پر بات کی گئی اور شکرگزاری کو زندگی کا حصہ بنانے کا طریقہ بیان کیا گیا ہے۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

”کوفہ کا سیاسی کردار: ایک تجزیاتی مطالعہ“

گذشتہ ماہ ڈاکٹر عرفان شہزاد نے غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ’’وائس آف ریسرچ‘‘ کے نام سے ہونے والے آن لائن سیمینار میں ”کوفہ کا سیاسی کردار: ایک تجزیاتی مطالعہ“ کے موضوع پر گفتگو کی۔ اس سیمینار میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’مطالعۂ تاریخ کی اہمیت‘‘، ’’مطالعۂ تاریخ کا درست تناظر‘‘، ’’سورۂ حجرات کی روشنی میں دور فتن کا مطالعہ‘‘، ’’دور فتن کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رہنمائی اور صحابہ کا کردار‘‘ اور ’’دور صحابہ کی داخلی کشمکش کی تاریخ کے مطالعہ کی ضرورت‘‘۔ یہ سیمینار آن لائن رابطے کی ایپ ’’زوم‘‘ پر ہوتا ہے، دل چسپی رکھنے والے حضرات ان سیمینارز میں براہ راست شرکت کر کے اپنے سوالات پوچھ سکتے ہیں۔

’’صحبہ‘‘ ––غامدی سینٹر کا نیا تربیتی پروگرام

غامدی سینٹرنے بچوں اور نوجوانوں کی دینی تربیت اور رہنمائی کے لیے ’’صحبہ‘‘ (Sohbah) کے نام سے ایک نیا تربیتی پروگرام متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد دینی تعلیم، بامقصد مطالعے کے مواقع اور فکری ہم آہنگی کا ماحول فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام میں مسلمان نوجوان اپنے ہم عمر ساتھیوں، دوستوں یا کزنز کے ساتھ ایک نجی تعلیمی حلقہ بنا کر تجربہ کار اساتذہ کی زیر نگرانی دین کے معنی، افکار اور عملی پہلوؤں سے روشناس ہو سکتے ہیں۔ پروگرام کا دورانیہ کم از کم 3 ماہ ہے۔ کورس کا نصاب بچوں کی ذہنی سطح اور دل چسپی کے مطابق ترتیب دیا جاتا ہے۔ فی الحال پروگرام میں شمولیت کے لیے رجسٹریشن جاری ہے۔ دل چسپی رکھنے والے حضرات پروگرام کے بارے میں مزید تفصیلات اور رجسٹریشن کے لیے غامدی سینٹر کی ویب سائٹ کا وزٹ کر سکتے ہیں۔

Ask Ghamidi

یہ سوال و جواب کی آن لائن نشست ہوتی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں اٹھنے والے دینی اور اخلاقی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جوابات براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ ہر ماہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس نشست میں حصہ لیتی ہے۔ جون 2025ء میں اس نشست میں لوگوں کی طرف سے پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’کیا مذہبی لیڈر شپ کے پاس جوہری ہتھیاروں سے دنیا میں تباہی پھیلے گی؟‘‘، ’’کیا آج بھی اللہ تعالیٰ انسانوں سے رابطہ کرتے ہیں؟‘‘، ’’ کیا غامدی صاحب نے کسی کتاب میں تمام ضعیف احادیث کو جمع کر دیا ہے؟ ‘‘ اور ’’سورۂ طور کی آیت 21 کی تشریح کیا ہے؟ ‘‘ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’ سنڈے اسکول ‘‘میں رجسٹریشن

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام چلنے والے’’سنڈے اسکول‘‘ کا مقصد طلبہ میں قرآن و سنت کی روشنی میں بنیادی اسلامی اقدار کو پروان چڑھانا ہے۔ یہ اسکول گذشتہ نو سال سے سرگرم عمل ہے۔ اس اسکول کے فیکلٹی ممبران کالج اور یونیورسٹی کے وہ طلبہ ہیں جو غامدی سینٹر اور ’’المورد‘‘ کی دعوت سے متاثر ہیں اور اس کے کاموں میں اپنا حصہ ڈالناچاہتے ہیں۔ اسے جناب فرحان سید اور عاطف ساجد صاحب کی زیر نگرانی ’’المورد‘‘ امریکہ کی تعلیمی کمیٹی چلاتی ہے۔ سنڈے اسکول میں رجسٹریشن کا آغاز جلد ہی کر دیا جائے گا۔ دل چسپی رکھنے والے حضرات ذیل میں دیے گئے لنک پر اپنے کوائف جمع کرا سکتے ہیں تاکہ انتظامیہ ان سے رابطہ کر سکے:

https://www.ghamidi.org/sunday-school-2025/

’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘

غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب نے معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ کے ساتھ ’’Ask Hassan Ilyas‘‘کے نام سے ایک پروگرام کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ سوال و جواب پر مبنی پروگرام ہے، جس میں حسن الیاس صاحب حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے علمی و فکری اور دینی سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس پروگرام میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوال یہ ہیں: ’’ کیا حدیث عمار متواتر ہے؟ ‘‘، ’’کھیل میں خواتین کا کردار اور لباس کے حدود کیا ہیں؟ ‘‘، ’’کیا ہر حرام چیز ناپاک بھی ہوتی ہے؟‘‘ اور ’’وسوسے کی بیماری کے اسباب اور علاج کیا ہے؟ ‘‘اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری ’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز کے زیر عنوان جون 2025ء میں منعقد ہونے والی نشستوں میں ’’واقعۂ قرطاس کی نوعیت اور پس منظر ‘‘، ’’جانشینوں سے متعلق احادیث میں اشارات ‘‘ اور ’’منصبِ خلافت پر مہاجرین کا استحقاق‘‘ جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری آن لائن خانقاہ کی گذشتہ ماہ منعقد ہونے والی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’خالق انسان سے کیا چاہتا ہے؟‘‘، ’’روز مرہ کی معمولی باتوں پر جھوٹ بولنا ‘‘ ، ’’عاجزی اور ہمت میں فرق ‘‘، ’’اپنے کردار کا واضح تصور‘‘ اور ’’تعلقات بچاتے ہوئے سچ بولنے کا حوصلہ پیدا کرنا‘‘۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘

ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے عنوا ن سے ہر ماہ ایک سیشن کاانعقاد کرتے ہیں۔ اس میں وہ مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں بحث کرتے ہیں۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہے: پہلے حصے میں قرآن مجید کی آیات سے ایک موضوع منتخب کر کے اس کی وضاحت کی جاتی ہے۔ دوسرے حصے میں منتخب احادیث نبوی پر گفتگو ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں بائیبل کے کسی اقتباس کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پروگرام کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ پچھلے مہینے کے سیشن میں ”شرک ناقابل معافی کیوں ہے؟“، ”استخارہ ‘‘اور ”سچی دوستی‘‘ جیسے موضوعات زیر بحث رہے۔ اور آخر میں حاضرین کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے گئے۔ یہ سیشن انگریزی زبان میں ہوتا ہے۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’حیاتِ امین‘‘

جناب نعیم احمد بلوچ نے ’’حیاتِ امین‘‘ کی گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں لکھا ہے کہ اگرچہ مولانا اصلاحی انتخابات میں شرکت کے ہر گز قائل نہیں تھے،لیکن جماعت کے نظم کی پابندی کرتے ہوئے انھیں 1951ء میں لاہور کے ایک حلقے سے الیکشن لڑنا پڑا۔ 1953ء کے قادیانی تنازع میں جماعت اسلامی نے علمی و نظریاتی کردار ادا کیا اور مولانا مودودی سمیت کئی رہنما گرفتار ہوئے۔ مودودی صاحب کو بغاوت کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی، جس پر شدید احتجاج کے بعد اسے عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا۔

’’ایمان و عقائد‘‘

شہزاد سلیم صاحب ’’میزان لیکچرز سیریز‘‘ کے تحت غامدی صاحب کی کتاب ’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ انھوں نے اس سیریز کے تحت ’’ایمان و عقائد‘‘کے موضوع پر انگریزی زبان میں دو لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان لیکچرز کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ دنیا نیوز چینل پاکستان کا ایک معروف پروگرام ہے، جو کئی برس سے نشر ہو رہا ہے۔ یہ ڈیلس میں ریکارڈ ہوتا ہے اور ہفتہ وار نشر ہوتا ہے۔ میزبانی کے فرائض غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب انجام دیتے ہیں۔ جون 2025ء میں ’’امتِ مسلمہ کے عروج و زوال کی تاریخ‘‘ کے عنوان سے 4 پروگرام ریکارڈ کیے گئے اور دنیا نیوز سے نشر ہوئے۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ لوگوں سے آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان سیشنز میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں شہزاد سلیم صاحب سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے 25 سے زائد سیشنز ہوئے۔ان سیشنز میں لوگوں نے شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری کے مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔

23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کا انگریزی زبان میں خلاصہ

شہزاد سلیم صاحب 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’موت کی سزا‘‘کے دوسرے حصے کا خلاصہ بیان کیا۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance) اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت متعدد فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔

Ask Dr. Shehzad Saleem

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں وہ لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

شہزاد سلیم صاحب غامدی صاحب کی تفسیر ”البیان“ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں تاکہ انگریزی جاننے والے حضرات بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔ جون 2025ء میں انھوں نے سورۂ مائدہ کی آیات 67 تا 120 کا انگریزی زبان میں درس دیا۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔