مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]جولائی 2026ء[ مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی پر ڈاکو منٹری

شاہد محمود اردو

غامدی سینٹر کے زیرِ اہتمام جلیل القدر علمی و سیاسی شخصیات پر ڈاکومنٹریز بنانے کے سلسلے کی چوتھی کڑی ریلیز کر دی گئی ہے۔ 1 گھنٹا 10 منٹ پر محیط اس نئی ڈاکومنٹری کا عنوان ’’سید ابوالاعلیٰ مودودی: غلبۂ اسلام کی تحریک کا سالارِ اعلیٰ‘‘ ہے۔ اس میں مولانا کی پیدایش سے لے کر تقسیم ہند تک کے واقعات، ان کے فکری رجحانات اور ’’جماعت اسلامی‘‘ کی فکری اور عملی جدوجہد کا بہت تفصیل سے جائزہ لیا گیا ہے۔ یہ اس ڈاکومنٹری کا پہلا حصہ ہے۔ دوسرے حصے میں پاکستان کے بعد کے حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس ڈاکومنٹری کی تحقیق و تحریر کی ذمہ داری کے فرائض نعیم احمد بلوچ صاحب نے سرانجام دیے ہیں اور آواز ہمایوں مجاہد تارڑ صاحب کی ہے۔ اس سے پہلے غامدی سینٹر سے مولانا وحید الدین خان، علامہ شبلی نعمانی اور مولانا ابوالکلام آزاد پر ڈاکومنٹریز ریلیز کی جا چکی ہیں۔

’’کیا صرف غامدی صاحب کا فہمِ قرآن درست ہے؟‘‘

جون 2026ء میں محمد حسن الیاس صاحب نے لندن میں معروف مصنف اور صحافی عظیم الرحمٰن عثمانی صاحب کے ساتھ ایک علمی نشست ریکارڈ کرائی۔ اس میں انھوں نے نئے علمی زاویوں کے سامنے آنے پر روایتی مذہبی طبقے کے تحفظات اور ان کی علمی پوزیشن کا حقیقت پسندانہ جائزہ لیا۔ اس مکالمے میں علم کی دنیا میں اختلافِ راے کی اہمیت، غامدی صاحب کے بیانیے پر اٹھنے والے اعتراضات اور مسلم معاشرے میں فتوے بازی کے بجاے علمی اخلاص کو سمجھنے کی ضرورت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس نشست کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

”وائس آف ریسرچ“

”وائس آف ریسرچ“ کے نام سے غامدی سینٹر کے شروع کیے گئے آن لائن سیمینارز کا سلسلہ جاری ہے۔ ان سیمینارز میں محققین اور اسکالرز اپنی تحقیق پیش کرتے ہیں۔ اس کا مقصد تحقیقی مزاج، مکالمے کے فروغ اور تنقیدی سوچ کے ذریعے سے تحقیقی ماحول پیدا کرنا ہے۔ گذشتہ ماہ ڈاکٹر صہیب خالق نے ’’مسلم جمہوریت کے لیے ادارہ جاتی یا نظریاتی راستے‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔ اس سیمینار میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: کیا اسلامی تہذہب جدید دنیا کے ساتھ ہم آہنگ ہے؟ کچھ مسلم ممالک میں جمہوریت کا وجود کیوں ہے، جب کہ دوسروں میں نہیں ہے؟ اور ایک جدید مسلم ریاست میں ایمان، رواداری اور آزادی ایک ساتھ کیسے رہ سکتے ہیں؟ان سیمینارز کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

غامدی سینٹر کے بنگلہ زبان میں نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا آغاز

غامدی سینٹر نے عالمی سطح پر فہمِ دین کی ترویج کے لیے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دیتے ہوئے گذشتہ ماہ بنگلہ زبان بولنے والے ناظرین کے لیے فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر نئے آفیشل چینلز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ان تمام پلیٹ فارمز پر بنگلہ زبان میں ڈب کیا گیا علمی و تعلیمی مواد مستقل بنیادوں پر اپلوڈ کیا جا رہا ہے تاکہ بنگلہ زبان سے وابستہ افراد اسلام کے متوازن فکری مباحث سے براہِ راست مستفید ہو سکیں۔ دل چسپی رکھنے والے حضرات ان نئے چینلز اور اپڈیٹس تک رسائی کے لیے غامدی سینٹر کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈلز وزٹ کر سکتے ہیں۔

ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث

جون 2026 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری غامدی صاحب کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ شعراء کی آیات 116 تا 227 اور سورۂ نمل کی آیات 1 تا 8کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’نماز کی مختلف دعائیں‘‘، ’’نماز میں خدا کی حمد وثنا کی فضیلت‘‘، ’’تکبیر کے بعد دعا‘‘ اور ’’رسول اللہ کی دعائیں‘‘۔ قرآن و حدیث کے دروس کی ان نشستوں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

’’افکارِ غامدی‘‘

سید منظور الحسن صاحب کا ہفتہ وار یوٹیوب پروگرام ’’افکارِ غامدی‘‘غامدی صاحب کے نظریات کو عام فہم اور مختصر اسلوب میں پیش کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ جون 2026ء کے دوران میں نشر ہونے والی نشستوں میں متعدد علمی و فکری موضوعات پر گفتگو کی گئی، جن میں مشرک کے اچھے اعمال کی جزا، عقیدے اور عمل کے گناہ کا فرق، اللہ تعالیٰ کی بے نیازی کا حقیقی مفہوم اور اجتہادی کاموں سے متعلق بڑی غلط فہمیوں جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

’’استفسار:ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘

’’استفسار: ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘غامدی سینٹر کے اسکالر ڈاکٹر عمار خان ناصر کا سوال و جواب پر مبنی پروگرام ہے، جس میں وہ لوگوں کی طرف سے موصول ہونے والے سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ جون 2026ء کی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: رؤیت باری تعالیٰ کا ذکر قرآن مجید میں کیوں نہیں؟ کیا صحیحین میں موجود روایات باللفظ ہیں؟ حدیث اور سنت کی درجہ بندی کیسے ہو گی؟ اور کیا نظم قرآن کا تصور خارج سے قرآن پر مسلط کیا گیا ہے؟ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

Ask Ghamidi

غامدی صاحب سے براہِ راست دینی و اخلاقی موضوعات پر رہنمائی حاصل کرنے کے لیے غامدی سینٹر کے زیرِ اہتمام ہر ماہ ایک آن لائن نشست منعقد کی جاتی ہے۔ اس نشست کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالوں کے جواب براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ جون 2026ء کی نشست میں پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: حضرت آدم واپس جنت میں کیوں نہیں گئے؟ جانوروں کو ذبح کرنے کا اخلاقی جواز کیا ہے؟ کیا دنیوی زندگی بہتر بنانے کی کوشش نہ کرنے پر بھی مواخذہ ہو گا؟ اور اسقاط حمل کب جائز ہے؟ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’ناحق زیادتی کی حرمت‘‘

مدیرِ ’’اشراق، امریکہ‘‘ سید منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں قرآنی آیات کی روشنی میں ’بغی‘، یعنی ناحق زیادتی کی حقیقت اور اس کی مختلف اخلاقی و شرعی صورتوں پر تفصیلی بحث کی ہے۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ اپنی طاقت یا اثر و رسوخ کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے حدود سے تجاوز کرنا اور دوسروں کے حقوق پر دست درازی کرنا ایک بدترین گناہ ہے، جو ظلم، سرکشی اور ضد و تکبر کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ مضمون میں بتایا گیا ہے کہ قتل، چوری، سود، جوا، غصبِ مال اور فساد فی الارض جیسی تمام برائیاں اسی حرمت کے دائرے میں آتی ہیں۔ یہ مضمون ماہنامہ ’’اشراق، امریکہ‘‘ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

قرآن فہمی کے لیے عربی زبان کورس کا آغاز

غامدی سینٹر نے قرآنِ مجید کو براہِ راست سمجھنے کے لیے’’نحو اور صرف کے ذریعے سے فہمِ قرآن‘‘ کے نام سے عربی زبان کا ایک پروگرام متعارف کرایا ہے۔ اس کورس کا مرکزی ہدف طلبہ کو عربی زبان کے بنیادی قواعد، یعنی نحو اور صَرف سے اس انداز میں روشناس کرانا ہے تاکہ وہ قرآنِ کریم کے مفاہیم کو خود سمجھنے کے قابل ہو سکیں۔ یہ پروگرام ان افراد کے لیے انتہائی مفید ہے، جو روایتی ترجمے پر انحصار کرنے کے بجاے زبان کی گہرائی کے ذریعےسے کلامِ الٰہی سے براہِ راست تعلق قائم کرنا چاہتے ہیں۔ دل چسپی رکھنے والے حضرات اس کورس کی مزید تفصیلات کے لیے غامدی سینٹر کی ویب سائٹ پر وزٹ کر سکتے ہیں۔

’’خیارِ مجلس: حدیث اور فقہی تعبیرات‘‘

محمد حسن الیاس صاحب نے اپنے اس مضمون میں خرید و فروخت کے بعد سودا منسوخ کرنے کے اختیار سے متعلق روایتی فقہی موقف پر علمی نقد کیا ہے۔ انھوں نے غامدی صاحب کے نقطۂ نظر کی روشنی میں اس بات کو واضح کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ان ہدایات کا اصل مقصد لین دین میں کسی لکیر کے فقیر بننے کے بجاے عدل، خیر خواہی اور رفعِ نزاع ہے۔ جدید دور کے تجارتی ضوابط یا تحریری معاہدے اگر منسوخیِ بیع کی کوئی واضح صورت مقرر کر دیں تو معاملہ اسی عرف کے تحت ہوگا، کیونکہ دین کا اصل مدعا معاملات میں محض قانونی گرفت کے بجاے اخلاقی مروت اور سہولت پیدا کرنا ہے۔ یہ مضمون ماہنامہ ’’اشراق، امریکہ‘‘ کے جون 2026ء کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز

غامدی سینٹر کے زیرِ اہتمام صحابہ و تابعین کے آثار کی شرح و وضاحت اور منتخب آثار پر مبنی سوال و جواب کے لیے پروگرام ’’تفہیم الآثار‘‘ کی ریکارڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جون 2026ء کی نشستوں میں’’حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کا فہمِ قرآن‘‘، ’’حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کا فہمِ قرآن‘‘ اور ’’تفسیر بالراے کا حکم‘‘ جیسے اہم موضوعات کو کو زیرِ بحث لایا گیا۔ دل چسپی رکھنے والے ناظرین ان پروگراموں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھ سکتے ہیں۔

’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘

معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ پر نشر ہونے والے پروگرام ‘‘Ask Hassan Ilyas’’ میں محمد حسن الیاس صاحب نے جون 2026ء کی نشستوں میں کئی اہم علمی و فکری سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔ اس دوران میں جن اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، ان میں لائف انشورنس سے متعلق اسلامی احکام، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اجتہادات، خدا کے زمان و مکان سے ماورا ہونے کی حقیقت اور اسلام میں گرگٹ کو مارنے کے حکم سے متعلق روایات کی اصل حیثیت شامل ہیں۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’اخلاق اور اخلاقیات‘‘

جدید تعلیم یافتہ طبقے کو جاوید احمد غامدی صاحب کے افکار اور ان کی کتاب ’’میزان‘‘ کے مباحث سے متعارف کرانے کے لیے شہزاد سلیم صاحب کی علمی نشستوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے جون 2026ء میں ’’اخلاق اور اخلاقیات‘‘ کے موضوع پر ایک لیکچر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ان لیکچرز کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتاہے۔

غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ

انسانی نفس کی اصلاح اور اخلاقی تربیت کے مقصد سے غامدی سینٹر نے ایک خصوصی تربیتی پروگرام ’’آن لائن خانقاہ‘‘ متعارف کرایا ہے۔ اس ہفتہ وار نشست میں معز امجد صاحب تزکیۂ نفس کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ شرکا کے سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ منعقد ہونے والے پروگراموں میں نماز کے اعمال و اذکار، نماز کے ذریعے سے ذکرِ دوام کی تربیت اور دل کا غصہ کیسے ختم کریں جیسے موضوعات کو زیر بحث لایا گیا۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘

شہزاد سلیم صاحب ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے عنوا ن سے ہر ماہ ایک سیشن کاانعقاد کرتے ہیں۔ اس میں وہ مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں گفتگو کرتے ہیں۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ جون 2026ء میں اس پروگرام میں قرآن مجید، حدیث اور بائیبل کے جن موضوعات پر بات کی گئی، ان کے عنوانات بالترتیب یہ ہیں: ’’نماز: گناہوں کو مٹانے والی‘‘، ’’الزامات سے بچنا‘‘ اور ’’اللہ سے محبت‘‘۔ مزید برآں، نشست کے آخر میں موضوعات سے متعلق پوچھے جانے والے سوالوں کے جواب دیے گئے۔ اس نشست کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

سنڈے اسکول کے لیے داخلوں کا آغاز

غامدی سینٹرکے زیر اہتمام بچوں کی فکری و اخلاقی تربیت کے لیے ’’سنڈے اسکول 2026ء‘‘ پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس تعلیمی پروگرام کا بنیادی مقصد بچوں کو دل چسپ انداز میں اسلام کے حقیقی تصورات سے روشناس کرانا ہے۔ اسکول کے نصاب میں خاص طور پر قرآن مجید، سیرتِ طیبہ اور بنیادی اسلامی اقدار کو شامل کیا گیا ہے، تاکہ طلبہ اپنے دین کی واضح سمجھ بوجھ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط کردار کے مالک بن سکیں۔پروگرام کے لیے باقاعدہ داخلوں کا آغاز جولائی 2026ء سے ہو رہا ہے۔ مزید تفصیلات اور رجسٹریشن کے لیے غامدی سینٹر کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کی جا سکتی ہے۔

23 اعتراضات سیریز کا انگریزی زبان میں خلاصہ

شہزاد سلیم صاحب 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’قراءت کا اختلاف‘‘ کا خلاصہ بیان کیا۔ ان نشستوں کا مقصد اب تک ہونے والی طویل گفتگو کو مختصر اور جامع صورت میں انگریزی داں طبقے تک پہنچانا ہے۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

مولانا امین احسن اصلاحی اور ڈاکٹر اسرار احمد میں اختلاف کی حقیقت

نعیم احمد بلوچ صاحب ماہنامہ ’’اشراق، امریکہ‘‘ میں ’’حیات امین‘‘ کے نام سے مولانا امین احسن صلاحی کی سوانح عمری لکھ رہے ہیں۔ جون 2026ء میں شائع ہونے والی قسط میں انھوں نے ڈاکٹر اسرار احمد صاحب کے ساتھ مولانا کے تعلق خاطر اور اختلافات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ مصنف نے ان سارے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے، جن سے یہ تعلق آخر میں انقطاع تک پہنچا۔

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“

جون 2026ء میں ’’دنیا نیوز‘‘ پر نشر ہونے والے غامدی صاحب کے ہفتہ وار پروگرام ”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: تنگ نظر اور جھگڑالو پڑوسی کے ساتھ کیا معاملہ کرنا چاہیے؟ حضرت عمر نے کمیٹی میں اپنے بیٹے کو کیوں شامل نہ کیا؟ کیا پیغمبر کی تکذیب کرنے والی قوم بھی عذاب کی مستحق بن جاتی ہے؟ اور سورۂ فلق اور سورۂ ناس کی شان نزول کیا ہے؟ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن

شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن مشاورتی سیشنز خاندانی اور سماجی الجھنوں کا شکار افراد کو ایک موثر اخلاقی و شرعی حل فراہم کر رہے ہیں۔ یہ نشستیں خاص طور پر ان لوگوں کی مدد کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں، جو اپنے نجی معاملات میں ایک معتبر اور مخلصانہ راے کے خواہش مند ہیں۔ جون 2026ء میں منعقد ہونے والے 30 سے زائد سیشنز میں بنیادی توجہ والدین کی مشکلات اور نوجوان نسل کی نفسیاتی و تربیتی الجھنوں پر دی گئی تاکہ ان کا عملی حل نکالا جا سکے۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

شرعی مسائل کے عصری اور قانونی اطلاقات کے لیے ’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ‘‘ عالمی سطح پر مسلمانوں کی فکری رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ اسی تناظر میں گذشتہ ماہ نکاح، طلاق، وراثت اور روزمرہ کے معاشی و معاشرتی مسائل سے متعلق متعدد فتاویٰ جاری کیے گئے۔ یہ فتاویٰ محمد حسن الیاس صاحب نے جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں مرتب کیے۔ واضح رہے کہ فتویٰ ایک دینی راے کا نام ہے، یہ کوئی قانونی حکم نامہ یا عدالتی فیصلہ نہیں ہوتا۔

’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

شہزاد سلیم صاحب نے غامدی صاحب کی تفسیر ’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جون 2026ء میں سورۂ توبہ کی آیات 13 تا 63کا درس دیا۔ اس تدریسی کاوش کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر انگریزی داں اہلِ علم کو قرآن مجید کے جدید اور منفرد فہم سے براہِ راست مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ان تمام دروس کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔