مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]دسمبر 2024ء[ ”میزان“ کا عربی زبان میں ترجمہ

شاہد محمود اردو

کچھ عرصہ قبل غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ نے جاویداحمد غامدی صاحب کے افکار کو عالم عرب سے متعارف کرانے کے لیے اُن کی کتابوں کے عربی تراجم کا سلسلہ شروع کیا تھا، جس کا آغاز ان کی کتاب ’’الاسلام“ اور ’’مقامات‘‘ کے عربی زبان میں تراجم سے ہوا تھا۔ حال ہی میں معروف عالم دین اور محقق غطریف شہباز ندوی صاحب نے غامدی صاحب کی کتاب ’’میزان‘‘ کا عربی ترجمہ بھی مکمل کر لیا ہے۔ ’’میزان‘‘ کا عربی ایڈیشن اشاعت کے لیے تیاری کے مراحل میں ہے۔ عربی قارئین کے لیے یہ کتاب جلد ہی دستیاب ہو گی۔

شارجہ انٹرنیشنل کتاب میلے میں غامدی سینٹر کا بُک اسٹال

گذشتہ ماہ شارجہ میں ہونے والے انٹرنیشنل کتاب میلے میں غامدی سینٹر نے شرکت کی اور کتابوں کا ایک اسٹال لگایا۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس بُک اسٹال کا وزٹ کیا اور کتا بیں خریدیں۔ کتاب میلے کی اختتامی تقریب میں حمزہ علی عباسی صاحب نے ادب، ایمان اور خودشناسی پر گفتگو بھی کی۔

حمزہ علی عباسی صاحب کی کتاب کی تقریب رونمائی

نومبر 2024ء میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے حمزہ علی عباسی صاحب کو مدعو کیا، جہاں انھوں نے غامدی سینٹر کے زیر اہتمام شائع ہونے والی اپنی کتاب ’’ My Discovery of God, Islam & Judgement Day ‘‘ کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔ یہ تقریب نیاز مسلم لائبریری میں منعقد ہوئی۔ انھوں نے اپنی کتاب کا ایک نسخہ لائبریری کو تحفے میں دیا تاکہ یہ اس کے قیمتی مجموعے میں شامل ہو سکے۔

’’ حدیث: قرآن وسنت کا بیان یا اُن پر اضافہ‘‘

منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں حدیث کے بارے میں غامدی صاحب کے موقف کوبیان کیا ہے۔ دین کے ماخذ اور سنت کی تعریف بیان کرنے کے بعد لکھتے ہیں کہ حدیث میں عقائد کا بیان بھی ہے اوراعمال کا بھی، مگر یہ بیان اُنھی عقائد و اعمال کی شرح وفرع اور تفہیم و تبیین پر مبنی ہے،جو قرآن میں مذکور اور سنت میں جاری ہیں۔ اِس میں جو شرعی احکام نقل ہوئے ہیں، اُن کی نوعیت نئے احکام کی نہیں، بلکہ قرآن و سنت کے احکام کی تشریح و تعبیر اور اُن پر آپ کے عملی نمونے کی ہے۔ چنانچہ قرآن و سنت کے احکام بھی دین ہیں اور حدیث میں نقل اُن کی شرح و فرع، تفہیم و تبیین اور اُن پر عمل کے لیے آپ کا اسوۂ حسنہ بھی دین ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق امریکہ‘‘ کے نومبر 2024ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت‘‘

حسن الیاس صاحب نے اپنے اس مضمون میں انبیا کی دعوت کے دائرے اور ان کی ہدایت کے آفاقی اثرات کے حوالے سے مسلمانوں کے عمومی موقف کو بیان کرتے ہوئے قرآنی دلائل سے اس دعوے کا رد بھی کیا ہے کہ تمام انبیا اپنی اپنی قوموں میں مبعوث کیے گئے اور اُن کی تعلیمات اُنھی کی رعایت سے تھیں، لہٰذا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت بھی عربوں ہی کے ساتھ مخصوص ہے۔لکھتے ہیں کہ انبیا کی تعلیمات اور دعوت کے مشمولات اپنی اصل کے اعتبار سے زمان و مکان کی قید سے آزاد اپنے وجود میں ایک عالم گیر پیغام، آفاقی صداقت اور تمام انسانوں کے لیے ہدایت کا منبع ہوتے ہیں۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت اور قرآن کا پیغام پوری انسانیت کے لیےہے۔ یہ مضمون ’’اشراق امریکہ‘‘ کے نومبر 2024ء کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری آن لائن خانقاہ میں معز امجد صاحب ہر ہفتے اصلاحِ نفس کے پہلو سے ایک نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں لوگوں کے نفس کی اصلاح اور تربیت کے حوالے سے مختلف موضوعات کو زیر بحث لایا جاتا ہے اور اس سے متعلق لوگوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کی منعقد ہونے والی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں:’’ایمان و عمل صالح‘‘، ’’اپنے ایمان پر غور و فکر کی ترغیب‘‘، ’’حقیقی ایمان درست عمل پر ابھارتا ہے‘‘، ’’اپنے محرکات کا فہم‘‘ اور ’’ایمان اور توہمات میں فرق‘‘۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

”اسلام اسٹڈی سرکل“

نومبر 2024ء میں شہزاد سلیم صاحب نے ”اسلام اسٹڈی سرکل“ پروگرام میں قرآن مجید، حدیث اور بائیبل کے جن موضوعات پر بات کی، ان کے عنوانات بالترتیب یہ ہیں: ’’اللہ کی رسی‘‘، ’’ شفقت دکھانا ‘‘ اور ’’والدین کا احترام‘‘۔ مزید برآں، نشست کے آخر میں ’’میرا رول ماڈل‘‘ کے موضوع پر گفتگوکی گئی اور زیر بحث آنے والے موضوعات سے متعلق پوچھے جانے والے سوالوں کے جواب دیے گئے۔ اس نشست کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز کے زیر عنوان گذشتہ ماہ منعقد ہونے والے پروگراموں میں تلاوت قرآن کے دوران میں صحابۂ کرام پر طاری ہونے والی خوف و خشیت کی کیفیت کے حوالے سے آثار کا مطالعہ کیا گیا۔ مزید برآں، ’’ قرآن مجید سیکھنے کی ترغیب اور اس کا صحیح مفہوم‘‘ اور ’’روز قیامت قرآن مجید کی سفارش کے حق دار‘‘ جیسے اہم نکات پر بھی گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے غامدی صاحب کی تفسیر ”البیان“ میں سے سورۂ آل عمران کی آیات 180 تا 200 اور سورۂ نساء کی آیات 1 تا 22 کا انگریزی زبان میں درس دیا۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’عدالت ِالہٰی میں پیغمبر کا مقدمہ‘‘

ذکوان ندوی صاحب نے اپنے اس مضمون میں قرآن مجید سے غفلت و اعراض برتنے والوں اور اس کی تعلیما ت کو پس پشت ڈالنے والوں کی بدبختی اور ان کے بارے میں اللہ کی سخت وعید کو بیان کیا ہے۔ لکھتے ہیں کہ قرآن مجید کو کتاب مہجور بنانے والوں کے خلاف روز قیامت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خود ان کے اس جرم کی گواہی دیتے ہوئے اللہ کے سامنے ان کی شکایت درج کرائیں گے اور کتاب اللہ کے سوا جن چیزوں پر آج ہم نے اپنا سارا وقت اور توانائی صرف کر رکھی ہے، ان کے ذریعے سے ہم خود پیغمبر کی طرف سے کیے جانے والے مقدمے کی تردید نہیں کر سکیں گے۔ یہ مضمون ’’اشراق امریکہ‘‘ کے نومبر 2024ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

’’اصول و مبادی‘‘

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ ’’میزان‘‘ کے مختلف موضوعات پر انگریزی زبان میں لیکچر ز ریکارڈ کراتے ہیں۔ نومبر 2024ء میں شہزاد سلیم صاحب نے میزان لیکچرز سیریز کے تحت ’’اصول و مبادی ‘‘ کے موضوع پر انگریزی زبان میں دو لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان لیکچرز کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 4 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔

شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ لوگوں سے آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان سیشنز میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں شہزاد سلیم صاحب سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے 30 سے زائد سیشنز ہوئے۔ان سیشنز میں لوگوں نے شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری کے مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“

دنیا نیوز پر نشر ہونے والے غامدی صاحب کے ہفتہ وار پروگرام ’’علم و حکمت: غامدی کے ساتھ‘‘ میں نومبر 2024ء میں ہونے والے پروگراموں میں ’’علما کے درجات اور خصوصیات‘‘ کے موضوع پر 3 پروگرام نشر ہوئے۔ مزید برآں، ناظرین کی طرف سے موصول ہونے والے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔ ان پروگراموں میں زیر بحث آنے والے سوالوں میں سے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’ کسی معلم کا محقق بننے کی خواہش کرنا کیسا ہے؟‘‘، ’’ دین کا واعظ بننے کے لیے کیا کرنا ضروری ہے؟‘‘ اور ’’ کیا واعظ بننے کے لیے دنیاوی آسایشوں کو ترک کرنا ضروری ہے؟‘‘ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

Ask Dr. Shehzad Saleem

یہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست ہے، جس میں ڈاکٹر شہزاد سلیم لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔

ڈاکٹر شہزاد سلیم کے مختلف موضوعات پر لیکچر زکی ریکارڈنگ

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر انگریزی زبان میں لیکچرز ریکارڈ کراتے ہیں۔ نومبر 2024 ء میں انھوں نے جن موضوعات پر لیکچرز ریکارڈ کرائے، وہ یہ ہیں: ’’قرآن کے فراموش شدہ اسباق‘‘ اور ’’انسانیت‘‘۔ ان لیکچرز کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔