مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]ستمبر 2023[ 23 اعتراضات کے جواب میں:”حدیث کیا ہے؟“ کا آغاز

شاہد محمود اردو

23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ”حدیث کیا ہے؟“ کا موضوع زیر بحث ہے۔ ان نشستوں میں تابعین کے دور میں حدیث پر کام، حدیث کی تحقیق کے اصول، اس کے رد و قبول کے معیارات اور محدثین کی روایت جیسے اہم موضوعات زیر بحث رہے۔ستمبر 2023 میں اس موضوع کی چار نشستیں نشر ہوئی ہیں۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

حسن الیاس صاحب کا دورۂ پاکستان

’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ‘‘ کے ڈائریکٹر ریسرچ ایند ایکیڈیمکس محمد حسن الیاس جناب جاوید احمد غامدی کے ہم راہ بین الاقوامی دعوتی دورے پر ہیں۔ اِس سفر کے دوران میں وہ پاکستان بھی تشریف لائے۔ انھوں نے پاکستان کے شہر اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں مختلف دینی پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ حسن الیاس صاحب نے حاضرین کی طرف سے پوچھے گئے مختلف علمی، اخلاقی اور دینی سوالات کے جوابات دیتے ہوئے پاکستان میں معاشرتی جبر، مذہبی فکر کی تبدیلی اور اپنے علمی و فکری سفر کے بارے میں اظہار خیال بھی کیا۔ قرآن مجید کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ہمارے ہاں کسی بھی علمی روایت میں قرآن مجید کو وہ حیثیت اور اہمیت نہیں دی گئی جو اسے دی جانی چاہیے تھی اور جس کا مطالبہ خود اللہ کی کتاب کرتی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ کیسے ہمارے ہاں مسجد کے منبر کو فرقوں کی ترویج کے لیے استعمال کیا گیا اور اب ہم کیسے اس فرقہ پرستی سے نکل سکتے ہیں۔ مزید برآں انھوں نے امریکہ میں غامدی سینٹر کے دعوتی مشن میں پاکستانیوں کے تعاون کو بھی سراہا۔ یہ تقریب کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ اس تقریب کی ویڈیو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’نئی نسل کو دین کی تعلیم کیسے دیں؟‘‘

امریکہ و یورپ میں مسلمان اپنے بچوں کی دینی تعلیم کے بارے میں بہت فکر مند ہیں۔ نہ درس گاہوں میں اسلام کی تعلیم دی جاتی ہے، نہ ریاستی سطح پر اِس کا بندوبست ہوتا ہے اور نہ معاشرتی ماحول کوئی کردار ادا کرتا ہے۔ یہ مسئلہ بارہا جناب جاوید احمد غامدی کے سامنے رکھا گیا ہے۔ اِس کے جواب میں اُنھوں نے جو گفتگو کی اور اس کے حل کے لیے جو تجاویز دی ہیں، اُنھیں سید منظور الحسن نے ایک مضمون کی صورت میں تحریر کیا ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق امریکہ‘‘ کے ستمبر 2023 کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کی آڈیو ادارے کے یو ٹیوب چینل پر سنی جا سکتی ہے۔

’’البیان‘‘ اور ’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

غامدی صاحب کی تفسیر قرآن ’’البیان‘‘ اور اسلام پر ان کی کتاب ’’میزان‘‘کی انگریزی زبان میں تدریس کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پچھلے ماہ ’’البیان‘‘ کی 4 نشستوں کا انعقاد ہو ا، جن میں سورۂ بقرہ کی آیات 83 تا 121 زیر بحث آئیں۔ ’’میزان‘‘ سیریز کے تحت ’’The Political Shariah‘‘ اور ‘‘The Economic Shariah’’ کے عنوان سے ڈاکٹر شہزاد سلیم نے دو لیکچرز ریکارڈ کیے۔ یہ لیکچرز غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

’’کچھ نئے کچھ پرانے اعتراضات‘‘

محمد حسن الیاس صاحب نے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران میں سید محمد شاہ کاظمی کے ساتھ ’’کچھ نئے کچھ پرانے اعتراضات‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام ریکارڈ کروایا، جس میں الحاد اور خدا کے وجود پر اٹھنے والے سوالوں کے جواب دیے گئے۔ انھوں نے بتایا کہ غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جلد ہی جناب جاوید احمد غامدی صاحب کے ساتھ الحاد کے موضوع پر ایک ویڈیو سیریز کا آغاز کیا جائے گا، جس میں خدا کے وجود سے متعلق پیدا ہونے والے سوالات اور الحاد کے ایک ایک پہلو کو زیر بحث لایا جائے گا۔ یہ پروگرام ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔ مزید برآں انھوں نے پاکستان میں روایتی اسکالرز، یونیورسٹی کے پروفیسرز اور علما سے ملاقاتیں بھی کیں۔

ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث

جی سی آئی ایل کے زیر اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہ ستمبر میں 15نشستوں کا انعقاد ہوا۔ غامدی صاحب نے ان نشستوں میں سورۂ نحل (16) کی آیات65تا90 کا درس دیا۔ درسِ حدیث میں’’اخلاقیات‘‘ کے تحت آنے والے متعدد موضوعات پرمختلف احادیث کی شرح و وضاحت کی گئی۔ قرآن و حدیث کا یہ درس غامدی سینٹر کے یوٹیوب پر چینل پر موجود ہے۔

’’رازِ حیات‘‘

”غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ“ کے ریسرچ اسکالر اور ماہنامہ ’’اشرا ق‘‘ امریکہ کے مدیر سید منظور الحسن صاحب عرصۂ دراز سے اپنے قلم کے ذریعے سے فکر اسلامی کی ترویج و توسیع کا کام کر رہے ہیں۔ ان کی تصنیف کا دائرہ غامدی صاحب کے افکار کی شرح و وضاحت ہے۔ اب انھوں نے منتخب موضوعات پر گفتگوؤں کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔ ’’رازِ حیات‘‘ اسی سلسلے کا ہفتہ وار پروگرام ہے، جو ہر پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق 7 بجے رات یو ٹیوب چینل سے نشر ہوتا ہے۔ اِس میں انسان کے اخلاق و کردار کی تعمیر کو ہدف بنایا گیا ہے۔ مختصر دورانیے کی گفتگوؤں میں عام فہم انداز میں بات کو سمجھایا جاتا ہے۔ گذشتہ ماہ جو ایپی سوڈ نشر ہوئے ان کے عنوان ہیں: ’’ذمہ دار اور غیر ذمہ دارافراد کون ہوتے ہیں؟‘‘ اور ’’دلوں پر مہر لگنے سے کیا مراد ہے؟‘‘ یہ پروگرام غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں۔

’’ربیع الاول‘‘

جناب حسن الیاس صاحب نے اس مضمون میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ اقدس سے متعلق بعض غلط تصورات کی نشان دہی کی ہے۔ انھوں نے بیان کیا ہے کہ آپ کی ذاتِ با برکات کے حوالے سے یہ تصورات صحیح نہیں ہیں کہ ’’یہ کائنات اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے بنائی تھی۔‘‘، ’’رسول اللہ سے عشق ہی جنت میں لے جائے گا۔‘‘، ’’سارے نبی تیرے در کے سوالی‘‘ اور ’’حاضر و ناظر‘‘ ۔ اُنھوں نے بتایا ہے کہ ان تصورات کا دین سے کوئی تعلق نہیں اور یہ محض مسلمانوں کے اپنے ذہن کی اختراع ہیں ۔ انھوں نے مزید واضح کیا کہ آپ کی ذاتِ اقدس سے محبت و عقیدت کا تعلق اُسی ہدایت کے مطابق استوار ہونا چاہیے، جو قرآن و سنت کے مطابق ہے اور آپ کے اسوۂ حسنہ کی روشنی میں مطلوب ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق امریکہ‘‘ کے ستمبر 2023 کے شمارے میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر شہزاد سلیم کے مختلف لیکچر زکی ریکارڈنگ

ستمبر 2023 میں ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب نے ’’اسلام کے سیاسی احکام‘‘ اور ’’اسلامی سزائیں‘‘ کے عنوان سے دو لیکچر ریکارڈ کروائے۔ Lessons of Life Seriesکے زیر عنوان 6 لیکچرز ریکارڈ ہوئے۔ ان کے موضوعات’’دوسروں پر تنقید کے آداب‘‘، ’’والدین کے آنسو‘‘، ’’بچوں کے وعدے‘‘، ’’دکھاوا اور خود نمائی‘‘، ’’باطنی سکون کا راز‘‘، ’’دشمنوں کو دوست بنانا‘‘ ہیں۔ یہ لیکچرز انگریزی زبان میں ہیں اور غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

بحرین میں غامدی صاحب کا چار روزہ قیام

گذشتہ ماہ جناب جاوید احمد غامدی اور حسن الیاس صاحب نے بحرین کا دورہ بھی کیا۔ اس دورے میں ’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ‘‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فرحان سید بھی ان کے ہم راہ تھے۔ بحرین میں ان کا چار روزہ قیام تھا۔ اس دورے میں پانچ مختلف نشستیں ہوئیں جن میں سعودی عرب سے آئے لوگوں نے بھی شرکت کی اور مستقبل میں بحرین میں مختلف دینی اور دعوتی پروگرامز کے انعقاد کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ غامدی صاحب کا بحرین کا یہ پہلا دورہ تھا۔

’’حیاتِ امین‘‘

یہ جلیل القدر عالم دین، مفسر قرآن اور مدرسۂ فراہی کے عظیم محقق امام امین احسن اصلاحی کی سوانح حیات ہے۔ اس کا مقصد مولانا کی ذاتی زندگی کے ساتھ ساتھ ان کی علمی اور فکری میراث سے آنے والی نسلوں کو واقف کرانا ہے۔ اس کام کے لیے ”المورد امریکہ“ کے اسکالر نعیم احمد بلوچ کی خدمات کو مختص کیا گیا ہے۔ اس کی پہلی قسط ماہنامہ ”اشراق امریکہ“ کے ستمبر 2023 کے شمارے میں شائع ہو ئی ہے۔ اس میں مصنف نے مولانا کی جاے پیدایش، تاریخ پیدایش، خاندان، گھریلو ماحول، ابتدائی تعلیم اور مولانا کے بچپن کے واقعات کا تفصیلی ذکر کیا ہے۔

’’سوال و جواب سید منظور الحسن کے ساتھ‘‘

یہ غامدی سینٹر کا نیا ہفتہ وار پروگرام ہے، جو ہر جمعہ کے روز پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے نشر ہوتا ہے۔ اس پروگرام کے میزبان سید حاشر حسن ہیں جو نوجوانوں کے ذہنوں میں اسلام کے متعلق اٹھنے والے سوالوں کے ساتھ ساتھ معاشرتی اور سیاسی معاملات کو منظور صاحب کے سامنے رکھتے ہیں اور منظور صاحب دین و اخلاق کی روشنی میں ان کے جواب دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے چار پروگرام نشر کیے گئےگئے۔ ان کے عنوانات یہ ہیں:’’ پڑھے لکھے نوجوانوں کا دین پر اعتماد کیوں ختم ہو رہا ہے اور اس کا قصووار کون ہے؟ کیا قرآن واقعی اللہ کی کتاب ہے؟ نوجوانوں کی دین سے دوری کے کیا اسباب ہیں؟ عرس کیوں منایا جاتا ہے؟ یہ ایپی سوڈ ادارے کے یو ٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

فلپائن میں غامدی صاحب کا مختصر قیام

جناب جاوید احمد غامدی اور محمد حسن الیاس صاحب نے دعوتی سرگرمیوں کے سلسلے میں ماہ ستمبر میں مختلف ممالک کا دورہ کیا۔ اپنے دورۂ پاکستان کے بعد انھوں نے بحرین میں مختصر قیام کیا اور وہاں سے آسٹریلیا جاتے ہوئے فلپائن میں کچھ گھنٹوں کے لیے رکے۔ فلپائن میں مقامی پاکستانی احباب نے اطلاع ملتے ہی جناب جاوید احمد غامدی صاحب کا استقبال کرتے ہوئے بے لوث محبت کا اظہار کیا۔ سوال و جواب کی نشست کے ساتھ ساتھ پرتکلف عشائیے کا بھی اہتمام تھا۔ اس موقع پر مقامی دیوبندی علما نے بھی بہت عزت افزائی فرمائی ۔پاکستانی سفارت خانے کے تمام احباب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نوجوانوں کی دینی تربیت

نوجوان نسل ہمارامستقبل ہے۔ اُس کے ذہن میں اٹھنے والے دینی اور فکری سوالات کا جواب اہل علم کی ذمہ داری ہے۔ اِسی مقصد کے پیش نظر ”غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ“ وقتاً فوقتاً اہل علم و دانش کو مدعو کر کے اُن کے ساتھ نوجوانوں کے مکالموں کا اہتمام کرتا ہے۔اِس ضمن میں ”قرآن اور زندگی کا معما“ کے موضوع پر محمد بشار الیاس کی میزبانی میں ڈاکٹر خالد ظہیر صاحب کے ساتھ پروگرام ریکارڈ کیے گئے۔ اس میں نئی نسل کے قرآن مجید اور دین پر اٹھنے والے سوالات کو بے تکلف انداز میں زیر بحث لایا گیا۔ اسی موضوع پر ڈاکٹر خالد ظہیر صاحب نے شارق بٹ صاحب کے ساتھ انگریزی میں بھی تبادلۂ خیال کیا تاکہ انگریزی سمجھنے والے نوجوان بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔ ستمبر 2023 میں اس موضوع پر دو پروگرام نشر کیے گئے،جو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل سے نشر ہو رہی ہے۔

’’بھلا تو نے دیکھاتھا دل چیر کر؟‘‘

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارکہ کی منظوم ترجمانی کی اشاعت کا سلسلہ بھی شروع کیا گیاہے۔ سید منظور الحسن نے فضائل اخلاق پر مبنی حدیثوں کو نظم کی صورت میں ڈھالا ہے۔یہ نظمیں جناب جاوید احمد غامدی کی نظر ثانی سے بھی گزری ہیں۔ یہ کام بچوں کی دینی تعلیم کے لیے ہے، لہٰذا اِن نظموں کا اسلوب عام فہم ہے۔ ستمبر کے ’’اشراق امریکہ‘‘ میں صحیح مسلم کی ایک روایت کی منظوم ترجمانی شائع ہوئی ہے۔ اِس کا عنوان ہے: ’’ بھلا تو نے دیکھاتھا دل چیر کر؟ ‘‘۔ نظم کے آخری دو شعر یہ ہیں:

زُباں سے جو خود کو مسلماں کہے

رسالت پہ ایماں کو ظاہر کرے

ہمیں اُس کی تکفیر کا حق نہیں

یہی اصلِ دیں ہے، یہی شرحِ دیں

ہفتہ وار سوال و جواب کی نشست

غامدی سینٹر میں ستمبر کے مہینے کی ہفتہ وار سوال و جواب کی نشست کا انعقاد ہوا۔ سوال و جواب کی اس نشست میں ’’سیدنا علی اور امیر معاویہ، یزید اور واقعہ کربلا‘‘،’’ولی عہد کی بحث، معاویہ اور یزید کا تقرر‘‘ جیسے اہم موضوعات کو زیر بحث لایا گیا۔ سوال و جواب کی ہفتہ وار ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب کے نجی مشاورتی سیشن

گذشتہ ماہ مختلف لوگوں نے ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب سے نجی طور پر ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں لوگوں نے ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری اور ازدواجی مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔

”اشراق امریکہ“ کا انگریزی ورژن

’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ‘‘ کی تمام علمی اور دعوتی سرگرمیاں ابلاغ کے جدید ذرائع کو مد نظر رکھتے ہوئے انجام دی جاتی ہیں۔ موجودہ دور میں انگریزی زبان کوعالمی سطح پر ذرائع ابلاغ کے لیے ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ انگریزی زبان کی اس اہمیت کے پیش نظر ’’المورد امریکہ‘‘ نے ”اشراق امریکہ“ کو انگریزی میں بھی شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، تاکہ انگریزی جاننے والوں کی ایک بڑی تعداد بھی مدرسۂ فراہی کے علمی اور فکری لٹریچر سے مستفید ہو سکے۔ اس پر کام جاری ہے اور جلد ہی ’’اشراق امریکہ‘‘ کا انگریزی ورژن بھی مطالعے کے لیے دستیاب ہو گا۔

Ask Dr. Shahzad Saleem

یہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست ہے، جس میں ڈاکٹر شہزاد سلیم لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔اس کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر ’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ‘‘ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 3 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کی رہنمائی میں محمد حسن الیاس نے جاری کیا۔

’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘

ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب نے ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے عنوا ن سے ایک سیشن کا آغاز کیا ہے۔ اس میں وہ مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں بحث کرتے ہیں۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں قرآن مجید کی آیات سے ایک موضوع منتخب کر کے اس کی وضاحت کی جاتی ہے۔ دوسرے حصے میں منتخب احادیث نبوی پر گفتگو ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں بائیبل کے کسی اقتباس کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پروگرام کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ پچھلے مہینے کے سیشن میں ”سچائی“، ”ہمدردی‘‘، ”عفو و درگزر“ اور ”تکبر پر قابو پانا‘‘ جیسے موضوعات زیر بحث رہے۔ یہ سیشن انگریزی زبان میں ہوتا ہے۔ ان کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

Ask Ghamidi

پچھلے ماہ اگست میں Ask Ghamidi کی 32 ویں نشست ہوئی۔ یہ آن لائن نشست ہوتی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں اٹھنے والے دینی اور اخلاقی موضوعات سے متعلق مختلف سوالوں کے جوابات براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نےاس نشست میں حصہ لیا۔

انگریزی ترجمۂ قرآن کا تعارف

امام العصر جناب جاوید احمد غامدی کا ترجمۂ قرآن تراجم کی تاریخ میں اس لحاظ سے پہلا ترجمۂ قرآن ہے جس میں قرآن کا نظم اس کے ترجمے ہی سے واضح ہو جاتا ہے۔ موجودہ دور میں انگریزی زبان کی اہمیت کے پیش نظر ’’المورد امریکہ‘‘ نے یہ ضروری سمجھا کہ مدرسۂ فراہی کی عظیم دریافت، یعنی نظم قرآن کو انگریزی زبان کے جاننے والوں تک پہنچایا جائے۔ اسی مقصد کے پیش نظر ’’المورد امریکہ‘‘ کے اسکالر ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب نے غامدی صاحب کے ترجمۂ قرآن کا انگریزی زبان میں ترجمہ کیا ہے۔ ’’المورد امریکہ‘‘ نے گذشتہ برس شکاگو میں ایک نشست کا اہتمام کیا جس میں ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب نے انگریزی میں کیے گئے ترجمۂ قرآن کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے ان پہلوؤں پر روشنی ڈالی جس کی بنیاد پر یہ باقی تراجم سے منفرد حیثیت اختیار کر جاتا ہے۔ اس کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

دنیا نیوز کے لیے ”علم و حکمت“ کے پروگراموں کی ریکارڈنگ

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ دنیا نیوز چینل پاکستان کا ایک معروف پروگرام ہے، جو کئی برس سے نشر ہو رہا ہے۔ یہ ڈیلس میں ریکارڈ ہوتا ہے اور ہفتہ وار نشر ہوتا ہے۔ میزبانی کے فرائض حسن الیاس صاحب انجام دیتے ہیں۔ ستمبر 23 میں 4 پروگرام ریکارڈ کیے گئے اور دنیا نیوز سے نشر ہوئے۔ ان پروگراموں میں احتجاج کی اخلاقیات،قومی ریاست کا قیام اور اس کے عناصر اور قومی ریاست میں حکومت کی نوعیت جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی اور ناظرین کی طرف سے بھیجے گئے متفرق سوالوں کے جواب دیے گئے۔

الطاف احمد اعظمی کی وفات

الطاف احمد اعظمی صاحب مدرسۃ الاصلاح، سراے میر، اعظم گڑھ کے فارغ التحصیل تھے۔ طبیب بھی تھے۔ جامعۂ ہمدرد سے پی ایچ ڈی کی ڈگری لی۔ مدرسۃ الاصلاح کو اس خطے کے جلیل القدر عالم امام حمید الدین فراہی کے ساتھ نسبت ہے۔ اگست 2023 بروز اتوار وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ’’اشراق امریکہ‘‘ کے ستمبر کے شمارے میں ان کی وفات پر جناب خورشید ندیم، محمد غطریف شہباز اور محمد مرسلین اصلاحی کے مضامین شائع ہوئے۔ مصنفین نے مرحوم کی علمی، ادبی اور دینی خدمات کے ساتھ ساتھ ان کے نظریات، تصانیف اور شعری مجموعے کے محاسن کا ذکر کیا اور ان کے شخصی محاسن بیان کرتے ہوئے لکھا کہ سوچنا اور سوال اٹھانا الطاف احمد اعظمی کی فطرت میں شامل تھا اور بے لاگ انداز میں جو سمجھتے تھے اس کا اظہارکردیتے۔ اور غالباً یہی چیز ہے جس کی وجہ سے ان میں علمی تواضع و انکساری کم اورحد درجہ خود اعتمادی وبے پناہ جرأت ِاظہارپائی جاتی تھی۔ یہ مضامین ’’اشراق امریکہ‘‘ کے ستمبر 2023 کے شمارے میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

اوساکا، جاپان میں ڈاکٹر شہزاد سلیم کا لیکچر

ڈاکٹر شہزاد سلیم نے پچھلے ماہ جاپان کے شہر اوساکا میں طلبا کو ’’اسلام اور ریاست: عام غلط فہمی‘‘کے موضوع پر لیکچر دیا۔ اس لیکچر میں طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔