جنوری 2026 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری غامدی صاحب کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ مومنون کی آیات 44 تا 118 اور سورۂ نور کی پہلی دو آیات کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں طہارت کے احکام سے متعلق روایات پر گفتگو کی گئی۔ درس حدیث کی ان نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’قرآن کو ہاتھ لگانے سے پہلے طہارت حاصل کرنا‘‘، ’’جنابت کے پانی سے متعلق ایک اشکال کا بیان‘‘، ’’کیا جنابت کے بعد فوراً غسل کرنا لازم ہے؟ ‘‘ اور ’’کیا جنابت میں انسان ناپاک ہو جاتا ہے؟‘‘ ۔ قرآن و حدیث کے دروس کی ان نشستوں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’ورلڈ ریلیجن پاڈ کاسٹ‘‘
گذشتہ ماہ حسن الیاس صاحب نے ’’ورلڈ ریلیجن پاڈ کاسٹ‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام ریکارڈ کرایا۔ اس کا بنیادی مقصد مختلف عالمی مذاہب، بالخصوص اسلام اور ہندومت کے درمیان مکالمے کے ذریعے سے فکری ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ اس پروگرام میں مذہب کو محض روایتی تناظر میں دیکھنے کے بجاے عقلی اور منطقی بنیادوں پر سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس پروگرام میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’اسلام کیا ہے اور کب شروع ہوا؟‘‘، ’’اسلام کی تعریف اور حقیقت کیا ہے؟‘‘، ’’کیا اسلام دوسرے مذاہب سے مختلف ہے؟‘‘ اور ’’جدید دور میں الحاد کا چیلنج‘‘۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’افکارِ غامدی‘‘
منظور الحسن صاحب کا ہفتہ وار یوٹیوب پروگرام ’’افکارِ غامدی‘‘ غامدی صاحب کے نظریات کو عام فہم انداز میں لوگوں تک پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس پروگرام میں غامدی صاحب کے افکار کی سادہ زبان میں وضاحت کی جاتی ہے۔ جنوری 2026ء کی نشستوں میں جن اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، ان میں’’علم کی زبان کیا ہے؟‘‘، ’’غامدی صاحب کی نصیحت: سچے طالب علم بنیں‘‘، ’’کیا ریاست شخصی معاملات میں مداخلت کر سکتی ہے؟‘‘ اور ’’کیا عالم کی دعوت کو دین کی دعوت کہنا درست ہے؟‘‘ قابلِ ذکر ہیں۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
’’استفسار:ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘
غامدی سینٹر کے پلیٹ فارم سے جاری سوال و جواب کے مقبول سلسلے ’’استفسار: ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘کی جنوری 2026ء کی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’روایت اور تجدد کے حدود کیا ہیں؟‘‘، ’’تفاسیر میں اختلاف کیوں؟‘‘، ’’غدیر خم والی حدیث میں اہل بیت سے کون مراد ہیں؟‘‘ اور ’’فرقہ بازی میں نہ پڑنے سے کیا مراد ہے؟‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
Ask Ghamidi
غامدی صاحب سے براہِ راست دینی و اخلاقی موضوعات پر رہنمائی حاصل کرنے کے لیے غامدی سینٹر کے زیرِ اہتمام ہر ماہ ایک آن لائن نشست منعقد کی جاتی ہے۔ اس نشست کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالوں کے جواب براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ جنوری 2026ء کی نشست میں پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’صرف عمرہ کرنے سے حج ادا ہو جاتا ہے؟‘‘، ’’ قبرستان جانے کے آداب کیا ہیں؟‘‘، ’’ کیا تصوف کے بغیر روحانی سکون ممکن ہے؟‘‘ اور ’’نبوت کا انکار توہین کیوں نہیں؟‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’ٹیپو سلطان اور نظام حیدر آباد: دو کردار، دو رویے، دو نتائج ‘‘
محمد حسن الیاس صاحب نے اپنے اس مضمون میں ٹیپو سلطان اور نظام حیدرآباد کے کرداروں کے ذریعے سے مسلمانوں کے دو مختلف تاریخی رویوں، یعنی جذباتی مزاحمت اور حقیقت پسندانہ تدبیر کا موازنہ کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ جہاں ٹیپو سلطان کی شجاعت نے شہادت کا لازوال رومان پیدا کیا، وہیں نظام حیدرآباد نے بدلتی حقیقت کو بھانپ کر ادارہ سازی اور علم کے ذریعے سے قوم کی بقا کا راستہ نکالا۔ مضمون کا لبِ لباب یہ ہے کہ قوموں کو مستقل عزت اور استحکام محض جذباتی نعروں سے نہیں، بلکہ طویل المیعاد حکمتِ عملی، تعلیم اور مستحکم اداروں کی بنیاد رکھنے سے حاصل ہوتا ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے جنوری 2026ء کےشمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
’’ اللہ کی اطاعت کو نبی کی اطاعت سے معلق کرنے کا مطلب ‘‘
منظور الحسن صاحب کا یہ مضمون جناب جاوید احمد غامدی کی ایک گفتگو سے ماخوذ ہے، جس میں اللہ کی اطاعت کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت سے معلق کرنے کی تشریح کی گئی ہے۔ مضمون میں یہ نکتہ واضح کیا گیا ہے کہ انسانوں کے لیے الٰہی ہدایت کے حصول کا واحد اور مستند ذریعہ صرف انبیاے کرام کی ذات ہے، کیونکہ وحی اور حقائقِ غیب تک رسائی صرف انھی کو عطا کی جاتی ہے۔ روے زمین پر اب دین کا تنہا ماخذ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کی ہستی ہے اور آپ ہی کے قول و فعل سے قیامت تک ہدایت میسر آ سکتی ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘
جنوری 2026ء میں معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ پر محمد حسن الیاس صاحب کے جاری پروگرام ’’Ask Hassan Ilyas‘‘میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوال یہ ہیں: ’’خود کشی جرم یا قابل رحم؟ ‘‘، ’’طلاق کا درست طریقہ کیا ہے؟‘‘، ’’کیا فرد نفاذِ شریعت کا اعلان کر سکتا ہے؟ ‘‘ اور ’’کیا خدا پر ہمارا یقین بغیر دلیل کے ہے؟ ‘‘۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
سہ ماہی ’’صالحات‘‘
جی سی آئی ایل کے پلیٹ فارم سے خواتین کے لیے شائع ہونے والے سہ ماہی جریدے ’’صالحات‘‘ کا جنوری تا مارچ کا تازہ شمارہ شائع ہو گیا ہے۔اس جریدے میں خواتین کے لیے خاص طور پر علمی، ادبی اور سماجی موضوعات پر دل چسپ اور آسان اردو میں تحاریر شائع ہوتی ہیں۔ تازہ شمارے کے اہم مضامین میں حسن الیاس صاحب کا مضمون ’’عورت کی تادیب: مخاطب شوہر یا معاشرہ؟ ‘‘، محترمہ نسرین خان کا سفرنامہ ’’دل دروازے‘‘، ثوبیہ نورین صاحبہ کا مضمون ’’لڑائی جھگڑے‘‘ اور فابیہ احسان صاحبہ کا مضمون ’’طلاق کے ممنوعات‘‘ اور دیگر تحریریں بھی شامل ہیں۔ اس شمارے کے مدیر نعیم احمد بلوچ صاحب ہیں اور نائب مدیر وجیہہ حسان واحدی صاحبہ ہیں۔
’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز
غامدی سینٹر کے علمی پروگرام ’’تفہیم الآثار‘‘ میں صحابہ و تابعین سے منسوب آثار کی شرح اور ان پر مبنی سوال و جواب کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پروگرام کی میزبانی ڈاکٹر سید مطیع الرحمٰن کر رہے ہیں، جب کہ ڈاکٹر عمار خان ناصر بہ طور مہمان شریک ہیں۔ جنوری 2026ء کی نشستوں میں جن اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، ان میں سے چند یہ ہیں: ’’حضرت علی اور روایتِ حدیث‘‘، ’’سیدہ عائشہ اور روایتِ حدیث‘‘، ’’سیدنا ابو ہریرہ اور روایتِ حدیث‘‘ اور ’’قرآن کی ہر آیت پر کبھی نہ کبھی عمل ہو گا؟‘‘۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’صلاۃ التسبیح: فقہ وحدیث کی روشنی میں‘‘
ڈاکٹر عامر گزدر نے اپنے اس تحقیقی مضمون میں صلاۃ التسبیح سے متعلق سیدہ ام سلمہ، سیدنا عباس اور فضل بن عباس رضی اللہ عنہم سے مروی روایات کا فنی و تحقیقی جائزہ لیا ہے۔ انھوں نے اسانید کے تفصیلی مطالعے سے یہ ثابت کیا ہے کہ ان تمام طرق میں کذاب، متروک اور مجہول راویوں کی موجودگی کے باعث یہ روایات ثبوت کے درجے تک نہیں پہنچتیں اور علمی اعتبار سے ’موضوع‘یا ’ضعیف‘ ہیں۔ لہٰذا فنِ روایت کی روشنی میں ان احادیث سے صلاۃ التسبیح کے اثبات کے لیے استدلال کرنا قطعاً جائز نہیں ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے جنوری 2026ء کےشمارے میں دیکھا جا سکتا ہے۔
’’مولانا اصلاحی کا تعلیمی مشن اور ابو صالح اصلاحی کی یادیں‘‘
نعیم بلوچ صاحب نے ’’حیات امین‘‘ کی جنوری میں شائع ہونے والی قسط میں مولانا اصلاحی کی علمی مصروفیات اور ان کےصاحب زادے ابو صالح کی زندگی کے اہم واقعات اور طیارہ حادثے میں ان کی الم ناک وفات کا ذکر کیا ہے۔ مضمون میں بتایا گیا ہے کہ مولانا اصلاحی نے جدید تعلیم یافتہ طبقے کو قرآن و حدیث اور کلاسیکی عربی ادب پر مشتمل ایک جامع نصاب کے ذریعے سے فکری محاذ کے لیے تیار کیا تاکہ وہ الحاد کے خلاف دو دھاری تلوار ثابت ہوں۔ علاوہ ازیں، مولانا کے صاحب زادے اور نام ور صحافی ابو صالح اصلاحی کی 1965ء میں طیارہ حادثے میں وفات اور ان کی علمی و اخلاقی وجاہت پر آغا شورش کاشمیری کے پُر اثر تعزیتی مضمون کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے، جو ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاکیزہ شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔
’’ایمان و عقائد‘‘
انگریزی دان طبقے کو جاوید احمد غامدی صاحب کی کتاب’’میزان‘‘ کے مباحث سے روشناس کرانے کے لیے شہزاد سلیم صاحب کی ’’میزان لیکچر سیریز‘‘ جاری ہے۔ جنوری 2026ء میں اس سلسلے کے تحت ’’ایمان و عقائد‘‘ کے موضوع پر دو لیکچرز ریکارڈ کیے گئے، جو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہیں۔
غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ
معز امجد صاحب غامدی سینٹر کے پلیٹ فارم سے ہر ہفتے ’’آن لائن خانقاہ‘‘کے نام سے ایک تربیتی نشست منعقد کرتے ہیں، جس کا مقصد انسانی نفس کی اصلاح اور اخلاقی تربیت ہے۔ اس پروگرام میں اصلاحِ نفس کے ساتھ ساتھ شرکا کے سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ ماہ کی نشستوں میں چند نہایت اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی، جن میں ’’مینی فسٹیشن کا کیا مطلب ہے؟‘‘، ’’انسان میں تخیل کی صلاحیت‘‘، ’’انسان کی صلاحیتوں پر ماحول کا اثر‘‘ اور ’’خود آگاہی کا شعور نہ ہونا‘‘ شامل ہیں۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘
ڈاکٹر شہزاد سلیم ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے عنوا ن سے ہر ماہ ایک سیشن کاانعقاد کرتے ہیں۔ اس میں وہ مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں گفتگو کرتے ہیں۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہے: پہلے حصے میں قرآن مجید کی آیات سے ایک موضوع منتخب کر کے اس کی وضاحت کی جاتی ہے۔ دوسرے حصے میں منتخب احادیث نبوی پر گفتگو ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں بائیبل کے کسی اقتباس کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پروگرام کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“
جنوری 2026ء میں ’’دنیا نیوز‘‘ پر نشر ہونے والے غامدی صاحب کے ہفتہ وار پروگرام ”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“میں ’’دین پر غور و فکر کے اصول‘‘ کے موضوع پر تین، جب کہ ’’اسلام اور ریاست‘‘ کے موضوع پر ایک پروگرام نشر ہوا۔ ان پروگراموں میں پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’دین پر غور و فکر کرنے میں حدیث کس حد تک معاون ہو سکتی ہے؟‘‘، ’’کیا انگریزی کیلنڈر کو اختیار کرنا شرک ہے؟‘‘، ’’ریاست فطری حقیقت ہے یا جدید دور کی ایجاد؟‘‘ اور ’’کیا ریاست کی موجودہ شکل انسانی فطرت کا اظہار ہے؟‘‘ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن
سماجی و خاندانی مسائل کے حل کے لیے شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن مشاورتی سیشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ ماہ منعقد ہونے والے 30 سے زائد سیشنز میں والدین کی مشکلات اور نوجوان نسل کی نفسیاتی و تربیتی الجھنوں کے حل سے متعلق گفتگو کی گئی۔ یہ نشستیں ان افراد کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہو رہی ہیں، جو اپنے نجی معاملات میں شرعی اور اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے مخلصانہ مشورہ چاہتے ہیں۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ شرعی مسائل کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کی رہنمائی کا اہم مرکز بن چکا ہے۔ گذشتہ ماہ نکاح و طلاق، وراثت اور مختلف معاشی و معاشرتی معاملات سے متعلق متعدد فتاویٰ جاری کیے گئے۔ جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں یہ فتاویٰ محمد حسن الیاس صاحب نے مرتب کیے۔ واضح رہے کہ فتویٰ ایک دینی راے کا نام ہے، یہ کوئی قانونی حکم نامہ یا عدالتی فیصلہ نہیں ہوتا۔
’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
ڈاکٹر شہزاد سلیم نے غامدی صاحب کی تفسیر ’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جنوری 2026ء میں سورۂ اعراف کی آیات 31 تا 46 کا درس پیش کیا۔ یہ اقدام اس مقصد کے تحت کیا جا رہا ہے کہ انگریزی زبان جاننے والے اہلِ علم بھی ’’البیان‘‘ کے فہم سے فائدہ اٹھا سکیں۔ مذکورہ نشستوں کی ویڈیو ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔
Ask Dr. Shehzad Saleem
ڈاکٹر شہزاد سلیم ہر ماہ سوال و جواب کی لائیو نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں وہ لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔