مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]مئی 2025ء[

شاہد محمود اردو

ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث

اپریل 2025 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ طٰہٰ کی آیات 70 تا 85 کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں ’’مسلمان کی تکفیر‘‘ ، ’’تکفیر کی تہمت: ایک سنگین الزام‘‘ اور ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خواب‘‘جیسے اہم موضوعات سے متعلق احادیث پر گفتگو کی گئی۔ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

”میزان“ کا عربی ایڈیشن

کچھ عرصہ قبل غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ نے جاویداحمد غامدی صاحب کے افکار کو عالم عرب سے متعارف کرانے کے لیے اُن کی کتابوں کے عربی تراجم کا سلسلہ شروع کیا تھا، جس کا آغاز ان کی کتاب ’’الاسلام“ اور ’’مقامات‘‘ کے عربی زبان میں تراجم سے ہوا تھا۔ حال ہی میں غامدی صاحب کی کتاب ’’میزان‘‘ کا عربی ایڈیشن بھی شائع ہو چکا ہے۔ ’’میزان‘‘ کے عربی ایڈیشن کی پی ڈی ایف آن لائن دستیاب ہے، جسے بغیر کسی قیمت کے ڈاؤن لوڈ کر کے پڑھا جا سکتا ہے۔

’’اسلام اور ریاست‘‘

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ’’اسلام اور ریاست‘‘ کا موضوع زیر بحث ہے۔ اپریل 2025ء میں اس موضوع پر منعقد ہونے والی نشستوں میں غامدی صاحب نے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی بنا پر نفاذ شریعت کا جو استدلال پیش کیا جاتا ہے، اس کا تنقیدی جائزہ لیا اور نہی عن المنکر کے اطلاقات واضح کرتے ہوئے منکرات کے دائرے میں آنے والی چیزوں کو بیان کیا۔ مزید برآں، نہی عن المنکر کی بنا پر بنائے گئے قوانین پر بھی گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

بنگلہ دیش کے حلقۂ احباب کے ساتھ آن لائن نشست

اپریل 2025ء میں غامدی صاحب نے بنگلہ دیش میں موجود غامدی سینٹر کے اراکین کے ساتھ آن لائن نشست میں شرکت کی، جس میں وہاں کے اراکین نے ”تدبر قرآن“، ”میزان“ اور ترجمۂ قرآن ”البیان“ کو بنگلہ زبان میں ترجمہ کرنے کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ مزید برآں، ماہنامہ ”اشراق“ بنگلہ کی اشاعت کے حوالے سے مختلف کاموں کی تفصیل بھی بیان کی۔ نشست کے آخر میں اراکین نے غامدی صاحب سے مختلف علمی و فکری نوعیت کے سوال بھی پوچھے۔

”اپنی شخصیت کی تلاش میں گم ہمارے بچے“ کی آڈیو بک

یہ غامدی سینٹر کے اسکالر ڈاکٹر عرفان شہزاد کی کتاب ہے، جس کو غامدی سینٹر کے پلیٹ فارم سے آڈیو کی صورت میں بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کتاب میں بچوں کی تربیت، کم سن بچوں کو پڑھائی کی طرف راغب کرنا، اوائل عمر میں خدا کا تصور اور شخصیت سازی کے حوالے سے مفید نکات کو بیان کیا گیا ہے۔ اس کتاب کی آڈیو کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر قسط وار نشر کیا جا رہا ہے۔ اب تک اس کی 26 اقساط نشر ہو چکی ہیں، جنھیں ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

”وائس آف ریسرچ“

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ’’وائس آف ریسرچ‘‘ کے نام سے ہونے والے سیمینارز کا سلسلہ جاری ہے، جہاں محققین اور اسکالرز اپنی تحقیق پیش کرتے ہیں۔اپریل 2025ء میں ڈاکٹر اشفاق احمد نے ’’کیا قرآن سائنس کی کتاب ہے؟‘‘ کے موضوع پر علمی و فکری گفتگو کی اور لوگوں کی طرف سے پوچھے جانے والے سوالات کے جواب دیے۔ اس سیمینار میں ’’ کائنات کیسے بنی؟‘‘، ’’کہکشائیں، ستارے، شمسی نظام، بلیک ہولز، مادہ اور ڈارک میٹر کس طرح کام کرتے ہیں؟‘‘، ’’کیا قرآن میں جدید سائنسی دریافتوں کا ذکر پہلے سے موجود ہے؟‘‘ اور ’’قرآن مجید کی کون سی آیات کائنات کے بارے میں نئی سائنسی دریافتوں کی طرف اشارہ کرتی ہیں؟‘‘جیسے اہم سوالات کو زیر بحث لایا گیا۔ یہ سیمینار آن لائن رابطے کی ایک ایپ ’’زوم‘‘ پر ہوتا ہے، دل چسپی رکھنے والے حضرات ان سیمینارز میں براہ راست شرکت کر کے اپنے سوالات پوچھ سکتے ہیں۔

’’ شریعت میں حلال و حرام کے احکام ‘‘

سید منظور الحسن صاحب کا یہ مضمون شریعت میں حلال و حرام کے احکام کی وضاحت کرتا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ دینِ اسلام کا مقصد انسان کے نفس کو پاک کرنا ہے، جس کے لیے شریعت نے چار قسم کے احکام دیے ہیں: عبادات، جسمانی صفائی، خور و نوش کی پاکیزگی اور اخلاقی تطہیر۔ حرام وہ چیزیں ہیں جو نفس، عمل یا خوراک کو آلودہ کرتی ہیں۔ اخلاقی اعتبار سے پانچ چیزیں، یعنی فواحش، حق تلفی، ناحق زیادتی، شرک، بدعت اور خور و نوش میں چار چیزیں ، یعنی مردار، خون، سؤر کا گوشت، غیراللہ کے نام کا ذبیحہ حرا م قرار دی گئی ہیں۔ اس مضمون کو ماہنامہ ”اشراق امریکہ“ کے اپریل 2025ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘

غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب نے معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ کے ساتھ ’’Ask Hassan Ilyas‘‘کے نام سے ایک پروگرام کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ سوال و جواب پر مبنی پروگرام ہے، جس میں حسن الیاس صاحب حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے علمی و فکری اور دینی سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس پروگرام میں جن سوالات کو زیر بحث لایا گیا، ان میں سے چند اہم سوال یہ ہیں: ’’غامدی صاحب نے فلسطین کے حوالے سے امریکی صدر کے بیان کی مذمت کیوں نہیں کی؟‘‘، ’’فلسطینی قوم کے فیصلے کو آپ کیسے دیکھتے ہیں؟‘‘، ’’ آدم علیہ السلام کو پہلا نبی کیوں بنایا گیا؟‘‘، ’’آدم علیہ السلام کی تخلیق پر فرشتوں نے کیا اعتراض کیا؟‘‘ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

”سفر در سفر–– معز امجد کے ساتھ“

گذشتہ ماہ غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ”سفر در سفر“ کے زیر عنوان جاری سیریز میں معز امجد صاحب نے مختلف اخلاقی اور علمی موضوعات پر پروگرام ریکارڈ کرائے۔ ان پروگراموں میں زیر بحث آنے والے چند اہم موضوعات یہ ہیں: ”کیا جدید دریافتیں خدا کی یاد میں رکاوٹ تو نہیں“، ’’بچے اور شعور کی سیڑھیاں‘‘ ، ’’خود کو بہتر کیسے بنائیں؟‘‘ اور ”غامدی صاحب سے تعارف کیسے ہوا؟“ ان پروگراموں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

Ask Ghamidi

یہ سوال و جواب کی آن لائن نشست ہوتی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں اٹھنے والے دینی اور اخلاقی موضوعات سے متعلق مختلف سوالوں کے جوابات براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ ہر ماہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس نشست میں حصہ لیتی ہے۔ اپریل 2025ء میں اس نشست میں لوگوں کی طرف سے پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’کیا کاروبار کی ترقی کے لیے سود پر قرض لینا جائز ہے؟‘‘، ’’کیا قیامت کے دن غیر مسلموں کو رعایت ملے گی؟‘‘، ’’کیا خانقاہ مسجد کے متوازی ادارہ ہے؟‘‘، ’’آنکھ، کان اور زبان کا زنا کس زمرے میں آتا ہے؟‘‘، ’’فرد اور معاشرے پر جوے کے کیا اثرات ہوتے ہیں؟‘‘اور ’’شوال کے روزوں کو کسی دوسرے مہینے میں رکھنے سے کیا ثواب کم ہو جاتا ہے؟‘‘ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

سہ ماہی ’’صالحات‘‘

سہ ماہی ’’صالحات‘‘ خواتین کے لیے علمی و ادبی اور فکری جریدہ ہے، جوغامدی سینٹر کی جانب سے ڈیلس امریکہ سے شائع ہوتا ہے۔ یہ حسن الیاس صاحب کی زیر سرپرستی اور نعیم بلوچ صاحب کی ادارت میں شائع ہوتا ہے ۔ وجیہہ حسان واحدی اس کی نائب مدیر ہیں ۔ اپریل تا جون کے شمارے میں زکوٰۃ اور اس کے مسائل پر حسن الیاس صاحب کا مضمون ، ملکۂ سبا پر نعیم بلوچ صاحب کا مضمون اور نور الہدیٰ شاہ کی کہانی ’’انوکھی معافی‘‘ جیسی اہم تحریریں شامل ہیں۔ ’’نوادرات‘‘ کے عنوان سے مولانا امین احسن اصلاحی کے 1949 ءکے خط کو بہ طورِ خاص شامل کیا گیا ہے، جو انھوں نے جیل میں قید کے دوران میں اپنی اہلیہ انوار بیگم کو لکھا تھا۔ ’’صالحات‘‘ پی ڈی ایف اور آڈیو ورژن میں دستیاب ہے۔ اسے غامدی سینٹر کی ویب سائٹ اور یو ٹیوب چینل سے بلا قیمت ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری ’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز کے زیر عنوان اپریل 2025ء میں منعقد ہونے والی نشستوں میں ’’جزیرہ نماے عرب کے اہل کتاب اور مجوس کے ساتھ معاملہ ‘‘، ’’صحابہ کے جہاد کی نوعیت اور پس منظر‘‘، ’’خاص امتیاز رکھنے والی سورتیں اور آیات‘‘ اور ’’مشقت سے قرآن پڑھنے کا اجر‘‘ جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’زیورات پر زکوٰۃ––دین کا حکم کیا ہے؟‘‘

محمد حسن الیاس صاحب نے اپنے اس مضمون میں زیورات پر زکوٰۃ کے حوالے سے دینی حکم کو بیان کرتے ہوئے اس حوالے سے فقہا کے درمیان پائے جانے والے اختلاف کا ذکر کیا ہے۔ لکھتے ہیں کہ خواتین کے زیورات پر زکوٰۃ کے وجوب کا مسئلہ اجتہادی امور میں سے ایک ہے، جس میں فقہا کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔ احناف کے نزدیک ہر قسم کے زیورات پر زکوٰۃ واجب ہے، جب کہ دیگر فقہاے مالکیہ، شوافع اور حنابلہ کے نزدیک صرف وہ زیورات زکوٰۃ کے دائرے میں آتے ہیں جو استعمال میں نہ ہوں اور صرف ذخیرہ اندوزی یا سرمایہ کاری کے لیے رکھے گئے ہوں۔ یہ مضمون ماہنامہ ”اشراق امریکہ“ کے اپریل 2025ء کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری آن لائن خانقاہ کا سلسلہ جاری ہے۔ معز امجد صاحب ہر ہفتے اصلاحِ نفس کے پہلو سے اس کی ایک نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں لوگوں کے نفس کی اصلاح اور تربیت کے حوالے سے مختلف موضوعات کو زیر بحث لایا جاتا ہے اور اس سے متعلق لوگوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کی منعقد ہونے والی نشستوں میں’’کیا مدد نہ مانگنا کم زوری ہے؟‘‘، ’’اپنا دفاع کہاں تک‘‘، ’’دنیا کو آزمایش سمجھنے کا نفسیاتی اثر‘‘ اور ’’کہیں آپ متکبر تو نہیں؟‘‘ جیسے اہم سوالات کو زیر بحث لایا گیا۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘

ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے عنوا ن سے ہر ماہ ایک سیشن کاانعقاد کرتے ہیں۔ اس میں وہ مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں بحث کرتے ہیں۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں قرآن مجید کی آیات سے ایک موضوع منتخب کر کے اس کی وضاحت کی جاتی ہے۔ دوسرے حصے میں منتخب احادیث نبوی پر گفتگو ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں بائیبل کے کسی اقتباس کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پروگرام کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ پچھلے مہینے کے سیشن میں ”بائیبل میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں پیشین گوئیاں“، ”ریاکاری سے بچنا‘‘اور ”وقت ضائع کرنے سے کیسے بچیں؟‘‘ جیسے موضوعات زیر بحث رہے۔ یہ سیشن انگریزی زبان میں ہوتا ہے۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’حیات امین‘‘

نعیم بلوچ صاحب نے ’’حیات امین‘‘ کی گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں بیان کیا ہے کہ قیامِ پاکستان کے بعد مولانا امین احسن اصلاحی اور جماعت اسلامی کی قیادت کو مسلم لیگ کی حکومت سے شدید اختلافات کا سامنا ہوا، جس کے نتیجے میں ان پر سختیاں کی گئیں اور جیل بھیج دیا گیا۔ اختلافات کی بنیاد پاکستان کے آئینی تشخص، جہاد کشمیر پر موقف اور سرکاری نظام سے دوری پر تھی۔ جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کی کوشش کر رہی تھی اور سیکولر نظام کو ’’طاغوتی‘‘ سمجھتی تھی۔ شدید عوامی دباؤ اور جماعت کی تحریک کے نتیجے میں 12؍ مارچ 1949ء کو ’’قراردادِ مقاصد‘‘ منظور ہوئی، جسے جماعت نے اسلامی ریاست کی بنیاد قرار دیا۔ اس مضمون کو ’’اشراق امریکہ‘‘ کے اپریل 2025ء کے شمارے میں دیکھا جا سکتا ہے۔

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“

اپریل 2025ء میں ’’دنیا نیوز‘‘ پر نشر ہونے والے غامدی صاحب کے ہفتہ وار پروگرام میں ’’یورپ میں مذہبی قیادت کے خلاف بغاوت کے اسباب‘‘ کے موضوع پر دو پروگرام، جب کہ ’’جہاد کا مقصد اور شرائط‘‘ کے موضوع پر ایک پروگرام نشر ہوا۔ ان پروگراموں میں زیر بحث آنے والے سوالوں میں سے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’مذہبی علما کی اصل ذمہ داری کیا ہے؟‘‘، ’’نشاۃ ثانیہ کے بعد اہل مغرب کی مذہب سے دوری کے کیا اسباب تھے؟‘‘، ’’جہاد کے حکم کا مخاطب فرد ہے یا معاشرہ؟‘‘ اور ’’ جہاد کب فرض ہوتا ہے؟ ‘‘ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’مبادی تدبر سنت‘‘ اور ’’نظم قرآن‘‘

شہزاد سلیم صاحب ’’میزان لیکچرز سیریز‘‘ کے تحت غامدی صاحب کی کتاب ’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ انھوں نے اس سیریز کے تحت ’’مبادی تدبر سنت‘‘ ، ’’ نظم قرآن‘‘ اور ’’قرآن کا تاریخی پس منظر‘‘کے موضوع پر انگریزی زبان میں لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان لیکچرز کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

غامدی صاحب کی ہفتہ وار سوال و جواب کی نشستیں

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہر ہفتے سوال و جواب کی لائیو نشست منعقد کی جاتی ہے، جس میں حسن الیاس صاحب غامدی سینٹر کو موصول ہونے والےمختلف نوعیت کے سوال غامدی صاحب کے سامنے رکھتے ہیں اور غامدی صاحب ان کا جواب دیتے ہیں۔ اپریل 2025ء میں منعقد ہونے والی ان نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’غامدی صاحب کا فلسطین پر موقف کیا ہے؟‘‘، ’’قرآن و سنت سے پیدا ہونے والے علوم کون سے ہیں؟‘‘ اور ’’علامات قیامت کا ماخذ کیا ہے؟‘‘سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

شہزاد سلیم صاحب کے مختلف موضوعات پر لیکچرز

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر انگریزی زبان میں لیکچرز ریکارڈ کراتے ہیں۔ اپریل 2025 ء میں انھوں نے جن موضوعات پر لیکچرز ریکارڈ کرائے، وہ یہ ہیں: ’’قرآن سے روحانی اسباق‘‘، ’’فلسفۂ نماز‘‘، ’’خیرات‘‘، ’’ خوشگوار زندگی گزارنے کا طریقہ‘‘ اور ’’الوداع رمضان‘‘۔ ان لیکچرز کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance) اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت متعدد فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔

Ask Dr. Shehzad Saleem

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں وہ لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

غامدی سینٹر میں عید ملن پارٹی کا اہتمام

گذشتہ ماہ عید کے روز غامدی سینٹر میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ لوگ عید کی نماز ادا کرنے کے بعد غامدی سینٹر میں جمع ہوئے۔ اس تقریب میں مقامی لوگوں کے علاوہ غامدی سینٹر اور المورد، امریکہ کی ٹیم کے لوگوں نے اپنے اہل و عیال کے ساتھ اور بورڈ اور جنرل باڈی کے بعض ممبران نے بھی شرکت کی۔

’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

شہزاد سلیم صاحب غامدی صاحب کی تفسیر ”البیان“ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں تاکہ انگریزی جاننے والے حضرات بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔ اپریل 2025ء میں انھوں نے سورۂ مائدہ کی آیات 1 تا 35 کا انگریزی زبان میں درس دیا۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’GOD’S EXPECTATIONS FROM US‘‘

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ’’GOD’S EXPECTATIONS FROM US‘‘ کے عنوان سے 8 مئی 2025ء سے ایک آن لائن کورس شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس کورس کی کلاس عامر یزدانی صاحب کی زیر نگرانی ہر جمعرات کو سینٹرل یو ایس وقت کے مطابق رات 9 بجے Zoom پر ہواکرے گی، جس کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹا ہے۔ چھ ہفتوں پر مشتمل اس کورس کی بنیاد فراہی مکتبِ فکر اور جاوید احمد غامدی کی قرآن فہمی پر رکھی گئی ہے۔ اس کا مقصد قرآن فہمی کے ذریعے سے دین کی اصل روح تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ یہ کورس ایسے افراد کے لیے ہے جو دین کو براہِ راست قرآن کے ذریعے سے سمجھنے کے خواہش مند ہیں اور یہ مسلمانوں اور غیر مسلموں، دونوں کے لیے ہے۔ اس کی زبان انگریزی ہوگی۔ کورس کی فیس $49.99 مقرر کی گئی ہے۔ دل چسپی رکھنے والے حضرات غامدی سینٹر کی ویب سائٹ پر جا کر اندراج کرا سکتے ہیں۔