’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ‘‘ کے زیرِ اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کی اہم علمی و فکری تصنیف ’’برہان‘‘ کا عربی ترجمہ شائع کر دیا گیا ہے۔ معاصر مذہبی فکر کے تنقیدی مطالعے پر مبنی اس کتاب کو عثمان فاروق صاحب نے عربی زبان کے قالب میں ڈھالا ہے۔ اس ترجمے کا بنیادی مقصد غامدی صاحب کے افکار کو براہِ راست عرب دنیا کے قارئین اور اہلِ علم تک پہنچانا ہے۔ ’’برہان‘‘ کا یہ عربی ایڈیشن غامدی سینٹر کی ویب سائٹ اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر آن لائن مطالعے کے لیے دستیاب ہے، جہاں سے دنیا بھر کے قارئین اس علمی ذخیرے سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
’’الاسلام‘‘ کا بنگلہ زبان میں ترجمہ
’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ‘‘ کے زیرِ اہتمام جناب جاوید احمد غامدی کی کتاب’’الاسلام‘‘ کا بنگلہ زبان میں ترجمہ شائع کر دیا گیا ہے۔ یہ کتاب غامدی صاحب کی شہرۂ آفاق تصنیف ’’میزان‘‘ کا خلاصہ ہے، جسے امداد حسین رونی صاحب نے نہایت عمدگی سے بنگلہ زبان میں منتقل کیا ہے۔ اس اشاعت کا مقصد بنگلہ دیش سمیت دنیا بھر میں پھیلے ہوئے بنگلہ قارئین کو غامدی صاحب کے دینی و فکری نقطۂ نظر سے روشناس کرانا ہے۔ یہ ترجمہ غامدی سینٹر کی آفیشل ویب سائٹ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے، جہاں سے شائقینِ علم اسے آن لائن پڑھ سکتے ہیں۔
’’مناسکِ حج و عمرہ‘‘ کی اشاعت
’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ‘‘ کے اسکالر ڈاکٹر عامر گزدر کی نئی کتاب ’’مناسکِ حج و عمرہ‘‘ شائع کر دی گئی ہے۔ یہ کتاب حج اور عمرہ کی اصل روح اور اس کے حقیقی مقصد کو قرآن و سنت اور مستند احادیث کی روشنی میں واضح کرتی ہے۔ کتاب کی خاص بات اس کا سوال و جواب پر مبنی اسلوب ہے، جس میں ہر اہم نکتے کو پہلے سوال اور پھر اس کے جواب کی صورت میں بیان کیا گیا ہے تاکہ قاری کے ذہن میں کوئی الجھن باقی نہ رہے۔ حج و عمرہ کے خواہش مند افراد کے لیے یہ کتاب ایک بہترین رہنما ثابت ہوگی، جو انھیں اس عبادت کی معنویت کو سمجھنے میں مدد دے گی۔ یہ کتاب غامدی سینٹر کے آن لائن بک سٹور پر دستیاب ہے۔
ڈاکٹر یاسر قاضی کا غامدی سینٹر کا دورہ
دورِ حاضر کے معروف محقق، ’’The Islamic Seminary of America‘‘ کے ڈین اور ’’East Plano Islamic Center‘‘ کے ریزیڈنٹ اسکالر ڈاکٹر یاسر قاضی نے گذشتہ ماہ غامدی سینٹر کا دورہ کیا۔ اپنے اس دورے کے دوران میں انھوں نے غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن محمد حسن الیاس صاحب کے ساتھ ’’سلفیت اور اسلامی روایت‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام ریکارڈ کرایا۔ میزبان محمد حسن الیاس صاحب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحب نے اپنے فکری سفر، سلفی فکر کے ارتقا اور امت میں علمی رواداری کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اس گفتگوکی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
مصطفیٰ ایکیول (Mustafa Akyol) کی غامدی سینٹر آمد
اپریل 2026ء میں معروف ترک صحافی، مصنف اور دانش ور مصطفیٰ ایکیول (Mustafa Akyol) نے غامدی سینٹر کا دورہ کیا۔ اس دوران میں انھوں نے محمد حسن الیاس صاحب کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جس میں انھوں نے عثمانی تاریخ، مسلم دنیا میں فکری اصلاح اور جدید ریاست کے تصورات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ مزید برآں، غامدی سینٹر میں ان کی نئی کتاب ‘‘No Compulsion in Religion’’ کی تقریبِ رونمائی بھی منعقد ہوئی، جس میں انھوں نے توہینِ مذہب اور ارتداد جیسے حساس موضوعات پر اپنے تحقیقی اور اصلاحی نقطۂ نظر کو پیش کیا اور تقریب کے آخر میں حاضرین کے سوالات کے جواب دیے۔
ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث
اپریل 2026 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری غامدی صاحب کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ فرقان کی آیات 19 تا 68کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’فجر کی نماز میں تاخیر‘‘، ’’مسجد میں داخل ہونے کی دعا‘‘، ’’مسجد کے آداب ‘‘ اور ’’تصویروں والے پردے کے سامنے نماز پڑھنا‘‘۔ قرآن و حدیث کے دروس کی ان نشستوں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’افکارِ غامدی‘‘
’’افکارِ غامدی‘‘ سید منظور الحسن صاحب کا ہفتہ وار یوٹیوب پروگرام ہے، جس میں وہ غامدی صاحب کے نظریات کو عام فہم انداز میں بیان کرتے ہیں۔ اپریل 2026ء کی نشستوں میں جن اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، ان میں’’کیا شریعت کے دائرے میں اجتہاد ہو سکتا ہے؟‘‘، ’’اجتہاد کیا ہے اور اجتہاد کی اصطلاح کیسے وجود میں آئی؟‘‘، ’’جنگوں میں مسلمان اللہ کی مدد سے محروم کیوں؟‘‘ اور ’’شریعت کیا ہے؟‘‘ قابل ذکر ہیں۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
’’جدید مذہبی فکر کا بحران اور غامدی بیانیہ‘‘
گذشتہ ماہ محمد حسن الیاس صاحب نے معروف صحافی اور اینکر نجم سہروردی کےساتھ ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جس میں انھوں نے ’’جدید مذہبی فکر کا بحران اور غامدی بیانیہ‘‘ کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ علمی دنیا میں تنقید اور مکالمہ کسی بھی فکر کی نشوونما کے لیے ناگزیر ہے۔ انھوں نے روایتی افکار کے مقابلے میں نئے علمی بیانیے کی ضرورت اور اس راہ میں پیش آنے والی رکاوٹوں پر روشنی ڈالتے ہوئے زور دیا کہ فکری ارتقا ہی کے ذریعے سے عصری چیلنجز کا مقابلہ ممکن ہے۔ اس پوڈ کاسٹ کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’استفسار:ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘
’’استفسار: ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘غامدی سینٹر کے اسکالر ڈاکٹر عمار خان ناصر کا سوال و جواب پر مبنی پروگرام ہے، جس میں وہ لوگوں کی طرف سے موصول ہونے والے سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ اپریل 2026ء کی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’تبلیغی جماعت کے بنیادی استدلال کی دینی حیثیت کیا ہے؟‘‘، ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جاری کردہ سنت کو سنت ابراہیم کہنا کیسا ہے؟‘‘، ’’سیدہ مریم کو جو رزق دیا جاتا تھا، وہ مادی تھا یا روحانی؟‘‘ اور ’’سورتوں کے دعوتی مراحل کا تعین کیسے ہوتا ہے؟‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
Ask Ghamidi
غامدی صاحب سے براہِ راست دینی و اخلاقی موضوعات پر رہنمائی حاصل کرنے کے لیے غامدی سینٹر کے زیرِ اہتمام ہر ماہ ایک آن لائن نشست منعقد کی جاتی ہے۔ اس نشست کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالوں کے جواب براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ اپریل 2026ء کی نشست میں پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’نظر لگنے کی کیا حقیقت ہے؟‘‘، ’’نماز میں رفع یدین کی حقیقت کیا ہے؟‘‘، ’’ہماری زبان میں کوئی رسول کیوں نہیں آیا؟‘‘ اور’’دین سمجھنے کی ابتدا کہاں سے کریں؟‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’فواحش کی حرمت ‘‘
سید منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں سورۂ اعراف اور سورۂ انعام کی روشنی میں ’فواحش‘ کی حقیقت اور ان کی حرمت پر بحث کی ہے۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ زنا، عریانی اور جنسی بے راہ روی جیسے تمام افعال انسانی فطرت اور ضمیر کے نزدیک قبیح ہیں، اسی لیے دینِ فطرت نے نہ صرف ان برائیوں، بلکہ ان کے قریب لے جانے والے محرکات سے بھی دور رہنے کی تاکید کی ہے۔ اس مضمون میں فواحش کی مختلف صورتوں اور ان سے بچنے کے لیے دل و نگاہ کی حفاظت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
’’کم سن بچیوں سے نکاح: قرآن مجید سے غلط استدلال‘‘
محمد حسن الیاس صاحب نے اپنے اس مضمون میں سورۂ طلاق کی آیت 4 کے حوالے سے اس غلط فہمی کا ازالہ کیا ہے کہ قرآن کم سن بچیوں کے نکاح کا جواز پیش کرتا ہے۔ مضمون میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ آیت نکاح کے جواز کے لیے نہیں، بلکہ طلاق کے بعد عدت کے تعین کے لیے نازل ہوئی ہے، اور اس کا اطلاق صرف ان خواتین پر ہوتا ہے جو بلوغت کی عمر کو پہنچنے کے باوجود کسی طبی وجہ سے حیض سے محروم ہوں۔ نکاح ایک مضبوط سماجی عہد ہے، جس کے لیے جسمانی بلوغ کے ساتھ ذہنی پختگی اور رشد و ہدایت بھی لازمی تقاضا ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے اپریل 2026ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
’’مولانا اصلاحی اور ڈاکٹر اسرار احمد: تعلقات اور اختلافات ‘‘
نعیم احمد بلوچ صاحب نے ’’حیات امین‘‘ کی گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں مولانا اصلاحی اور ڈاکٹر اسرار احمد کے مابین علمی اشتراک اور پھر پیدا ہونے والے تنظیمی و فکری اختلافات کی روداد بیان کی ہے۔ تحریر کے مطابق مولانا نے ابتداءً ڈاکٹر صاحب کے دینی جذبے کی قدر کرتے ہوئے ’’میثاق‘‘ کی ادارت ان کے سپرد کی، تاہم بعد ازاں ڈاکٹر صاحب کی قائم کردہ انجمن کے آمرانہ قواعد، بیعت کی شرط اور بعض متنازع فکری دعاوی کے باعث مولانا نے ان سے مکمل براءت کا اظہار کر دیا۔
’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری علمی پروگرام ’’تفہیم الآثار‘‘ میں اپریل 2026ء کی نشستوں میں جن اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، ان میں سے چند یہ ہیں: ’’حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا فہم قرآن‘‘، ’’حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کا فہم قرآن‘‘ اور ’’حضرت علی رضی اللہ عنہ کا فہم قرآن‘‘۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘
اپریل 2026ء میں معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ پر محمد حسن الیاس صاحب کے جاری پروگرام ’’Ask Hassan Ilyas‘‘میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوال یہ ہیں: ’’دین میں اتنے مولوی کیوں ہیں؟‘‘، ’’گاڑی میں نماز کیسے ادا کریں؟‘‘، ’’فرشتوں کو انسان کے فساد کا علم کیسے ہوا؟‘‘ اور’’انبیا کے معجزات کی نوعیت کیا ہے؟‘‘۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہفتہ وار ’’آن لائن خانقاہ‘‘کے نام سے تربیتی نشست کا سلسلہ جاری ہے۔ اس نشست کا مقصد انسانی نفس کی اصلاح اور اخلاقی تربیت ہے۔ اس پروگرام میں معز امجد صاحب اصلاحِ نفس کے ساتھ ساتھ شرکا کے سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ کی نشستوں میں پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’شعور پر انسان کا اختیار زیادہ ہے یا ماحول کا؟‘‘، ’’غصے پرکیسے قابو پائیں؟‘‘، ’’اپنی قوت ارادی کو کیسے بڑھائیں؟‘‘ اور ’’لاشعور پر کس حد تک کنٹرول حاصل کر سکتے ہیں؟‘‘۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’اخلاق اور اخلاقیات‘‘
جدید تعلیم یافتہ طبقے کو جاوید احمد غامدی صاحب کے افکار اور ان کی معرکہ آرا کتاب ’’میزان‘‘ کے مباحث سے متعارف کرانے کے لیے شہزاد سلیم صاحب کی علمی نشستوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے اپریل 2026ء میں ’’اخلاق اور اخلاقیات‘‘ کے موضوع پر دو لیکچرز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان لیکچرز کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتاہے۔
اردو گھر ڈیلس کے زیرِ اہتمام نثری نشست ’’مناثرہ‘‘ کا انعقاد
اردو گھر ڈیلس کے زیرِ اہتمام غامدی سینٹر میں ایک منفرد نثری نشست ’’مناثرہ‘‘کا انعقاد کیا گیا، جس میں قلم کاروں نے اپنی طبع زاد تخلیقات پیش کیں۔ 25؍ اپریل بروز ہفتہ منعقد ہونے والی اس ادبی محفل میں شرکا نے مضمون، افسانہ، انشائیہ، مقالہ اور مکالمہ سمیت نثر کی مختلف اصناف میں اپنے جوہر دکھائے۔محفل کے شرکا نے متعین وقت کے اندر اپنے تخلیقی فن پارے پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی اور اردو نثر کی خوب صورتی کو اجاگر کیا۔
’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘
اپریل 2026ء میں شہزاد سلیم صاحب نے ”اسلام اسٹڈی سرکل“ پروگرام میں قرآن مجید، حدیث اور بائیبل کے جن موضوعات پر بات کی، ان کے عنوانات بالترتیب یہ ہیں: ’’نماز: برائی سے بچنے کا ایک ذریعہ‘‘، ’’قابلِ رشک دو اشخاص‘‘ اور ’’انصاف‘‘۔ مزید برآں، نشست کے آخر میں موضوعات سے متعلق پوچھے جانے والے سوالوں کے جواب دیے گئے۔ اس نشست کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
23 اعتراضات سیریز کا انگریزی زبان میں خلاصہ
شہزاد سلیم صاحب 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’قراءت کا اختلاف‘‘ کا خلاصہ بیان کیا۔ ان نشستوں کا مقصد اب تک ہونے والی طویل گفتگو کو مختصر اور جامع صورت میں انگریزی داں طبقے تک پہنچانا ہے۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ دنیا نیوز چینل پاکستان کا ایک معروف پروگرام ہے، جو کئی برس سے نشر ہو رہا ہے۔ یہ ڈیلس میں ریکارڈ ہوتا ہے اور ہفتہ وار نشر ہوتا ہے۔ میزبانی کے فرائض غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب انجام دیتے ہیں۔اپریل 2026ء میں نشر ہونے والے پروگراموں میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’دین کی دعوت میں علم کے زور کا زیادہ اثر ہوتا ہے یا حسن اخلاق کا؟‘‘، ’’جنت میں اللہ تعالیٰ کے دیدار کا کیا مطلب ہے؟‘‘، ’’عام آدمی کو براہ راست قرآن مجید کا ترجمہ پڑھنے سے کیا فائدہ ہو گا؟‘‘ اور ’’آخرت میں جزا و سزا کس بنیاد پر ہو گی؟‘‘ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن
سماجی و خاندانی مسائل کے حل کے لیے شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن مشاورتی سیشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ ماہ منعقد ہونے والے 30 سے زائد سیشنز میں والدین کی مشکلات اور نوجوان نسل کی نفسیاتی و تربیتی الجھنوں کے حل سے متعلق گفتگو کی گئی۔ یہ نشستیں ان افراد کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہو رہی ہیں، جو اپنے نجی معاملات میں شرعی اور اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے مخلصانہ مشورہ چاہتے ہیں۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ‘‘ شرعی مسائل کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کی رہنمائی کا اہم مرکز بن چکا ہے۔ گذشتہ ماہ نکاح و طلاق، وراثت اور مختلف معاشی و معاشرتی معاملات سے متعلق متعدد فتاویٰ جاری کیے گئے۔ جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں یہ فتاویٰ محمد حسن الیاس صاحب نے مرتب کیے۔ واضح رہے کہ فتویٰ ایک دینی راے کا نام ہے، یہ کوئی قانونی حکم نامہ یا عدالتی فیصلہ نہیں ہوتا۔
’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
شہزاد سلیم صاحب نے غامدی صاحب کی تفسیر ’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپریل 2026ء میں سورۂ اعراف کی آیات 136 تا 206 اور سورۂ انعام کی آیات 1 تا 41کا درس دیا۔ اس تدریسی کاوش کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر انگریزی داں اہلِ علم کو قرآن مجید کے اس جدید اور منفرد فہم سے براہِ راست مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ان تمام دروس کی یکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔