مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]مارچ 2024[ ”کیا ابو ظہبی میں مندر بنانا جائز ہے؟“

شاہد محمود اردو

گذشتہ ماہ غامدی سینٹر کو ابو ظہبی میں مندر کی تعمیر کے حوالے سے ایک سوال موصول ہوا۔ اُس میں یہ پوچھا گیا کہ کیا جزیرہ نماے عرب میں آج بھی غیر مسلموں کی مستقل رہایش اور ان کے مذہبی مقامات بنانا ناجائز ہے؟ حسن الیاس صاحب نے اِس سوال کا جواب ریکارڈ کرایا۔ قرآن و حدیث کی تصریحات کی روشنی میں اس کا جواب دیتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ہماری نظر میں ان ممالک میں کسی بھی قسم کی مشرکانہ عبادت گاہ کی تعمیر دینی لحاظ سے ناجائز عمل ہے۔ ہمارے پیغمبر نے، ہمارے خدا کی ہدایت پر اس جزیرہ نماے عرب کو توحید کے لیے خاص کردیا ہے، لہذا وہاں کی مستقل سکونت صرف مسلمانوں کو حاصل ہے، وہاں صرف خدا کا ہی دین ہے جو اپنے شعائر کے ساتھ نمایاں ہوگا، باقی کسی کو اپنی عبادت گاہیں بنانے کی اجازت نہیں۔ یہ جواب دو حصوں پر مشتمل ہے جسے غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

سنڈے اسکول میں پریزنٹیشن ڈے کا اہتمام

گذشتہ ماہ جی سی آئی ایل ایجوکیشن کمیٹی نے 3 اور 4 فروری کو سنڈے اسکول کے تمام لیولز کے لیے پہلے پریزنٹیشن ڈے کا اہتمام کیا۔ اس میں 170 سے زائد افراد نے شرکت کی، جن میں 18 سیکشنز کے طلبہ، فیکلٹی ممبران، والدین اور مہمان شامل تھے۔ حاضرین کی جانب سے اس تقریب کو خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس مقابلے میں طلبہ نے مختلف موضوعات پر اپنی اپنی پریزنٹیشن دی اور بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے انعامات کا اعلان کیا گیا۔ پہلے دن کے مقابلے میں جیتنے والے طلبہ کے نام یہ ہیں: احمد ندیم، عنایہ خان، صفی الرحمٰن، ایمان رحیم، لنٹہ عثمان، شان امام علی، شارق سید، شارق صدیقی اور فتح سہیل۔ دوسرے دن کے مقابلے میں جیتنے والے طلبہ ہیں: رومیزہ فاطمہ، ارمان شہزاد، زیدان خان، دران ایوب، محسن عابدی، ایمان خرم، سید عدیل، وائزہ ارشاد، زائینہ سادات اور زینب علی۔

’’عبادات اور تزکیۂ نفس‘‘

منظور الحسن صاحب کایہ مضمون فروری 2024 کے شمارے میں شائع ہوا تھا۔ اس مضمون میں انھوں نے عبادات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ کس طرح اللہ کے ساتھ بندے کے قرب کو بڑھاتی ہیں جس کے نتیجے میں انسان کے نفس کو پاکیزگی حاصل ہوتی ہے، یعنی عبادات کے ذریعے سے تزکیۂ نفس اپنے کمال کو پہنچتا ہے۔ اُنھوں نے لکھا ہے کہ عبادات میں اولین اور اہم ترین عبادت نماز ہے، جو انسان سے گناہوں کی غلاظت کو دور کر کے اسے پاکیزہ بناتی ہے۔ زکوٰۃ اگرچہ نظم اجتماعی کی ضرورتوں پر خرچ ہوتی ہے، لیکن اس کی حقیقت عبادت کی ہے۔ یہ مال کا وہ حصہ ہے جو مال کے ساتھ ساتھ مال دینے والے کو بھی پاکیزہ بناتا ہے۔ روزہ ضبط نفس کی خاص عبادت اور اطاعت ِ الہٰی کا مظہر ہے اور اس کا مقصد تقویٰ اختیار کرنا ہے۔ حج و عمرہ کی عبادت ابلیس سے برسر جنگ ہونے اور اس جنگ میں کامیابی کے حصول کا علامتی اظہار ہیں۔ قربانی بھی اللہ کی پرستش کا اظہار ہے اور اس کا مقصد اللہ تعالیٰ کی شکر گزاری ہے۔اس کے نتیجے میں انسان کے اندر تقوے کی نشو و نما ہوتی ہے جو اللہ کی خوش نودی کا باعث بنتی ہے۔

لفظِ ’’تبیین‘‘ کا مفہوم

گذشتہ ماہ 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کے موضوع ”حدیث کیا ہے؟“ کی نشستوں میں لفظِ ’’تبیین‘‘ کے مختلف معانی پر گفتگو کی گئی ۔ اس لفظ کے مفہوم کو کھولتے ہوئے یہ سوال بھی زیر بحث آیا کہ کیا لفظ تبیین کے مفہوم میں تخصیص، ترمیم، تغیر، اضافہ اور نسخ شامل ہے یا نہیں۔ اس کے علاوہ قرآن مجید کے ان مقامات کو بھی زیر بحث لایا گیا جہاں تبیین کا لفظ استعمال ہوا ہے۔ مزید برآں لفظِ تبیین کے مفہوم کے بارے میں غامدی صاحب کی راے پر کیے جانے والے اعتراضات کے جوابات بھی دیے گئے۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

معز امجد صاحب کی غامدی سینٹر آمد

گذشتہ ماہ معز امجد صاحب غامدی سینٹر کی دعوت پر امریکہ پہنچے۔ معز صاحب غامدی صاحب کے شاگرد اور 1988 سے ان کے ساتھ وابستہ ہیں۔متعدد کتابوں کے مصنف اور انڈراسٹینڈنگ اسلام کے نام سے ایک ویب سائٹ کے بانی بھی ہیں۔ غامدی سینٹر میں قیام کے دوران میں وہ مختلف علمی و فکری مجالس میں شرکت کے ساتھ ساتھ امریکہ کے مختلف شہروں کا دورہ بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ غامدی سینٹر کے اسٹوڈیو میں رمضان کے حوالے سے ایک خصوصی سیریز بھی ریکارڈ کرائیں گے۔

قرآن و حدیث کا ہفتہ وار درس

جنوری 2024 میں غامدی صاحب کے قرآن و حدیث کے لائیو درس میں درس قرآن کی نشستوں میں سورۂ بنی اسرائیل کی 33 تا 41 آیات کا درس دیا گیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں ”خوش لباسی اور تکبر“ کے حوالے سے احادیث پر بات ہوئی ۔ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

نعیم بلوچ صاحب کی غامدی سینٹر آمد

نعیم احمد بلوچ صاحب 1981 ءسے غامدی صاحب کے مختلف کاموں سے وابستہ ہیں۔ ان دنوں وہ جی سی آئی ایل کے ساتھ بہ طور ایڈیٹر ، سکرپٹ رائٹر اور ریسرچر منسلک ہیں ۔ غامدی سینٹر میں ان کی آمد کا مقصد ادارے میں مختلف موضوعات پر ریکارڈنگز اور مستقبل کے لیے مختلف پراجیکٹس کی پریزنٹیشن ہے ۔ ان کا یہ دورہ 21 فروری سے لے کر یکم اپریل تک ہے ۔

’’تعلیم کا کاروبار‘‘

ڈاکٹر عرفان شہزاد نے اس مضمون میں ہمارے معاشرے میں تعلیم کے حوالے سے پائے جانے والے اس عمومی خیال کو غلط قرار دیا ہے کہ تعلیم کو کاروبار بنانا کوئی لائق تحسین عمل نہیں ہے۔ اس خیال پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ لوگوں کا عمومی خیال ہے کہ تعلیم و تدریس پیغمبرانہ پیشہ ہے، اس لیے اس کی کوئی اجرت ہی نہیں ہونی چاہیے یا پھر قدر ِضرورت ہونی چاہیے۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ پیغمبروں کا کام خدا کا دین لوگوں تک پہنچانا اور اس کی تعلیم دینا تھا، نہ کہ سائنسی، سماجی علوم اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعلیم دینا۔ لکھتے ہیں کہ وسائل کی کمی کے سبب سے معیاری تعلیم نہ دلا سکنا افسوس ناک ہے، مگر اس کا علاج نجی تعلیمی اداروں سے ایثار کے مطالبے میں نہیں، وسائل میں اضافے اور سرکاری اسکولوں کے معیار میں بہتری لانے میں ہے۔ یہ مضمون فروری 2024 کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

ہندوستان اور پاکستان میں مذہبی آزادی

گذشتہ ماہ جناب حسن الیاس نے ہندوستان کے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا ،جس میں ان سے ہندوستان اور پاکستان میں مذہبی آزادی کے حوالے سے سوال کیا گیا۔ ہندوستان میں مسلمانوں کی مذہبی آزادی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حسن صاحب نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو اپنے نظریات پر عمل کرنے کی آزادی حاصل نہیں ہے اور وہاں مذہب کے حوالے سے ریاست، معاشرے اور قانون کی سطح پر مسلمانوں پر بہت پابندیاں ہیں، اورپاکستان اور ہندوستان، دونوں ملکوں میں نیشن اسٹیٹ کے اصول کو نہیں اپنایا گیا۔ اس انٹرویو کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘

ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے عنوا ن سے ایک سیشن میں مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں بحث کرتے ہیں۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ پہلے حصے میں قرآن مجید کی آیات سے ایک موضوع منتخب کر کے اس کی وضاحت کی جاتی ہے۔ دوسرے حصے میں منتخب احادیث نبوی پر گفتگو ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں بائیبل کے کسی اقتباس کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پروگرام کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ یہ سیشن انگریزی زبان میں ہوتا ہے۔ ان سیشنز کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

مولانا اصلاحی کے شب وروز کے مشاغل

’’حیات امین‘‘ کی گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں نعیم بلوچ صاحب مولانا امین اصلاحی کے امام فراہی سے براہ تلمذ کے مختلف واقعات کا ذکرنے کے بعد ان کے شب و روز کے مشاغل کے بارے میں لکھتے ہیں کہ مولانا صبح تین بجے بیدار ہو تے، نما ز تہجد سے فارغ ہو کر پڑھنے میں مشغول ہو جاتے۔ مدرسہ میں روزانہ تین سے چار گھنٹے کی تدریس کی مصروفیت رہتی۔ ظہر کی نما ز کے بعد کچھ دیر کے لیے مو لا نا فراہی کے کمرے میں جا تے اور قرآن کے مختلف مقا ما ت کے بارے میں ان سے سوالا ت کرتے۔ شا م کے وقت فٹ بال اور والی بال کھیلنے جا تے۔ جس دن کھیل کا موقع نہ ملتا، اس دن گھنٹا بھر عصر کے بعد سیر ضرور کرتے۔ رات کو پا بند ی سے نو بجے سو جاتے۔ اس کے علا وہ دن میں نہ سوتے۔یہ مضمون ’’اشراق، امریکہ‘‘ کے فروری 2024 کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر شہزاد سلیم کے متعدد موضوعات پر لیکچرز

Lessons of Life Series کے زیر عنوان ڈاکٹر شہزاد سلیم نے مارچ 2024 میں 4 لیکچرز ریکارڈ کیے، جن کے موضوعات یہ ہیں: ’’سب اچھا ہے‘‘، ’’ذکر الہٰی‘‘، ’’اعتدال کی تلوار‘‘، ’’امرا کی آزمایش‘‘۔ اس کے علاوہ انھوں نے ’’انسانیت‘‘ اور ’’کامیاب شادی‘‘ پر بھی لیکچرز دیے۔ یہ لیکچرز غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

”تبدیلی کا مذہبی بیانیہ“

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہونے والی ہفتہ وار سوال و جواب کی نشست میں ”تبدیلی کا مذہبی بیانیہ“ کےعنوان سے گفتگو کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ ماہ اس موضوع کے زیر عنوان ہونے والی نشستوں میں مذہبی، انقلابی اور سیاسی جماعتوں کے منشور، دعوے اور ان کے عملی نتائج پر گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’البیان‘‘ اور ’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

گذشتہ ماہ ڈاکٹر شہزاد سلیم نے غامدی صاحب کی تفسیرِ قرآن ’’البیان‘‘ اور اسلام پر ان کی کتاب ’’میزان‘‘پر انگریزی زبان میں 5 لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ’’البیان‘‘ کی 4 نشستوں میں سورۂ بقرہ کی آیات 224 تا 260 زیر بحث آئیں، جب کہ ’’میزان‘‘ سیریز کے تحت ‘‘The Social Shariah’’ کے عنوان سے ایک لیکچر ہوا جس میں طلاق کے مسئلے پر گفتگو ہوئی۔ یہ لیکچرز غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

”البیان“ ترجمۂ قرآن کی آڈیو بک

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام تذکیر بالقرآن پراجیکٹ کے تحت گذشتہ ماہ سورۂ مائدہ اور سورۂ انعام کی آیات 1 تا 55 کی تلاوت اور ترجمہ پیش کیا گیا۔ غامدی صاحب کا ترجمۂ قرآن شاہ نواز صاحب، جب کہ قرآن مجید کی تلاوت مشاری راشد العفاسی کی آواز میں ہے۔ ہر ہفتے اس کی ایک قسط غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر نشر کی جاتی ہے۔

Ask Dr. Shehzad Saleem

یہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست ہے، جس میں ڈاکٹر شہزاد سلیم لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ اس کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ دنیا نیوز چینل پاکستان کا ایک معروف پروگرام ہے، جو کئی برس سے نشر ہو رہا ہے۔ یہ ڈیلس میں ریکارڈ ہوتا ہے اور ہفتہ وار نشر ہوتا ہے۔ میزبانی کے فرائض حسن الیاس صاحب انجام دیتے ہیں۔ فروری 24 میں ’’ سوال و جواب‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام اور ’’اسلامی تہذیب کے بنیادی عناصر‘‘ کے عنوان سے تین پروگرام نشر ہوئے۔ ان پروگراموں میں حفظ فروج، حفظ مراتب، عبودیت، تہذہبی حساسیت، تہذیبی روایت کی تعلیم، تعلیمی نظام کی خامیاں اور سجدۂ تعظیمی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

والدین ، نو عمری اور ازدواجی زندگی کے مسائل

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ لوگوں سے آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان سیشنز میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں شہزاد سلیم صاحب سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ لوگوں نے شہزاد سلیم صاحب سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری اور ازدواجی مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔