’’غامدی صاحب: ایک شاگرد کی نظر میں‘‘
یہ حسن الیاس صاحب کے پوڈ کاسٹ کا عنوان ہے، جو انھوں نے شمس الدین حسن شگری صاحب کے ساتھ ریکارڈ کرایا۔ اس پوڈ کاسٹ میں حسن الیاس صاحب نے اپنی ابتدائی طالب علمانہ زندگی کے احوال پر گفتگو کے ساتھ ساتھ غامدی صاحب کے ساتھ اپنے علمی و فکری سفر کی روداد بیان کی ہے۔ غامدی صاحب کی نجی زندگی پر بات کرتے ہوئے انھوں نےان کی شخصیت کے منفرد پہلوؤں کو بیان کیا اور بتایا کہ بہ طور والد اور استاد وہ کن خوبیوں کے حامل ہیں۔ مزید برآں، فکر فراہی کی بنیاد، نظریات اور غامدی صاحب کے علمی و فکری مقام کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ اس پوڈ کاسٹ کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
”اصول تکفیر“
گذشتہ ماہ محمد طلحہ علوی صاحب نے غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری آن لائن سیمینار ”وائس آف ریسرچ“ میں ’’اصول تکفیر‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔ اس سیمینار میں زیر بحث آنے والے اہم نکات یہ ہیں: ’’مسئلۂ تکفیر پر اہل علم کی مختلف فقہی آرا‘‘، ’’جاوید احمد غامدی صاحب کا تصور تکفیر‘‘، ’’ریاست کا حق تکفیر‘‘، ’’اللہ اور رسول کا حق تکفیر‘‘، ’’تکفیر کے مذہبی و سماجی اثرات‘‘ اور ’’مسئلۂ تکفیر اور جماعت احمدیہ‘‘۔ دل چسپی رکھنے والے حضرات ان سیمینارز میں براہ راست شرکت کر کے اپنے سوالات پوچھ سکتے ہیں۔
’’اسلام اور ریاست‘‘
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں ’’اسلام اور ریاست‘‘ کے زیر عنوان اگلے موضوع کا آغاز کیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ اس موضوع پر منعقد ہونے والی نشستوں میں غامدی صاحب نے اسلام اور ریاست کے حوالے سے اپنا نقطۂ نظر بیان کیا۔ مزید برآں، فرد، معاشرے، سیاست اور ریاست سے متعلق دینی احکام پر بھی گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’حدیث و سنت اور تصوف‘‘
گذشتہ ماہ غامدی صاحب نے جناب شمس الدین حسن شگری کو طویل دورانیے پر مبنی انٹرویو دیا۔ اس انٹرویو کو ’’حدیث و سنت اور تصوف‘‘ کا عنوان دیا گیا، جس میں حدیث و سنت کی تعریف، حجیت حدیث، منکر حدیث، تصوف اور وحدت ادیان سے متعلق اہم سوالات کو زیر بحث لایا گیا۔ اس انٹرویو کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’رؤیتِ باری تعالیٰـــ غامدی صاحب کا موقف ‘‘
منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں معراج کے موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت سے دیدار الٰہی سے متعلق غامدی صاحب کے موقف کو بیان کیا ہے۔ علما کے دو مختلف نقطہ ہاے نظر بیان کرنے کے بعد قرآن و حدیث کی روشنی میں ان کے اسقام کی نشان دہی کی ہے۔ غامدی صاحب کا موقف بیان کرنے کے بعد لکھا ہے کہ معراج کی روایت میں چونکہ بالکل صراحت کے ساتھ بیان ہوا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ذات باری کا مشاہدہ رؤیا کے عالم میں کیا تھا، اس لیے اس کو قرآن مجید کے اُن نصوص کے خلاف قرار نہیں دیا جا سکتا، جو باری تعالیٰ کی رؤیت بصری کے امکان کو رد کرتے ہیں۔ اس مضمون کو ماہنامہ ”اشراق امریکہ“ کے فروری 2025ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘
غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب نے معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ کے ساتھ ’’Ask Hassan Ilyas‘‘کے نام سے ایک پروگرام کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ سوال و جواب پر مبنی پروگرام ہے، جس میں حسن الیاس صاحب حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے علمی و فکری اور دینی سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس پروگرام میں باغ فدک، مسئلۂ تقدیر، سنت، انکار حدیث، خلافت کا احیا، اتمام حجت اور حدیث عمار کے متعلق سوالات کو زیر بحث لایا گیا۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز کے زیر عنوان آثار کی شرح و وضاحت کا سلسلہ جاری ہے۔ فروری 2025ء میں ’’تفہیم الآثار‘‘ سریز میں زیر بحث آنے والے آثار میں جن اہم نکات پر بات کی گئی، وہ یہ ہیں: ’’قرآن مجید کو نزاع اور جدال کی بنیاد بنانا‘‘، ’’علم کے بغیر تفسیر قرآن کی سنگینی‘‘، ’’قرآن مجید کی محکم اور متشابہ آیات‘‘، ’’علم قرآن کی جستجو‘‘، ’’قرآن مجید کے مضامین اور قرآن کا ظاہر و باطن ‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری آن لائن خانقاہ کا سلسلہ جاری ہے۔ معز امجد صاحب ہر ہفتے اصلاحِ نفس کے پہلو سے اس کی ایک نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں لوگوں کے نفس کی اصلاح اور تربیت کے حوالے سے مختلف موضوعات کو زیر بحث لایا جاتا ہے اور اس سے متعلق لوگوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کی منعقد ہونے والی نشستوں میں’’غیر متواضع ہونے کی لطیف علامتیں‘‘، ’’انسان کی حس جمالیات‘‘، ’’انسان کی کوشش کا نتیجہ خیز ہونا‘‘ اور ’’نماز مشکل میں کیسے مدد کرتی ہے؟‘‘ جیسے اہم نکات پر گفتگو کی گئی۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
Ask Ghamidi
یہ سوال و جواب کی آن لائن نشست ہوتی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں اٹھنے والے دینی اور اخلاقی موضوعات سے متعلق مختلف سوالوں کے جوابات براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ ہر ماہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس نشست میں حصہ لیتی ہے۔ فروری 2025ء میں اس نشست میں لوگوں کی طرف سے پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’کیا دنیا میں قتل کی سزا پانے والے کو آخرت میں بھی اس کی سزا ملے گی؟‘‘، ’’سورۂ مومنون کی آیت 6 میں کن لونڈیوں کی طرف اشارہ ہے؟‘‘ اور ’’پیداوار پر 5 فی صد اور 10 فی صدزکوٰۃ کی تعیین کا کیا معیار کیا ہے؟‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
شہزاد سلیم صاحب غامدی صاحب کی تفسیر ”البیان“ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں تاکہ انگریزی جاننے والے حضرات بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔ فروری 2025ء میں انھوں نے سورۂ نساء کی آیات 104 تا 152 کا انگریزی زبان میں درس دیا۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
”تقسیم ہند اور مولانا اصلاحی“
نعیم احمد بلوچ صاحب ”حیات امین“ کے عنوان سے مولانا امین احسن اصلاحی کی سوانح قلم بند کر رہے ہیں، جسے ”اشراق امریکہ“ میں سلسلہ وار شائع کیا جا رہا ہے۔ گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں انھوں نے تقسیم ہند کے حوالے سے مولانا اصلاحی کے موقف کو بیان کیا ہے۔ لکھتے ہیں کہ مولانا اصلاحی کے نزدیک مسلم ہندو کی بحث فضول اور پاکستان کے قیام کا مطالبہ بھی مسئلے کا کوئی حل نہیں تھا۔ البتہ، جب پاکستان بن گیا تو انھوں نے جماعت اسلامی کے مرکزی حصے کا ساتھ دیتے ہوئے یہ راے قائم کی کہ جماعت اسلامی کو اپنی جد و جہد کا محور اب پاکستان ہی کو بنانا چاہیے۔
غامدی صاحب کی ہفتہ وار سوال و جواب کی نشستیں
غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ہر ہفتے سوال و جواب کی لائیو نشست منعقد کی جاتی ہے، جس میں حسن الیاس صاحب غامدی سینٹر کو موصول ہونے والےمختلف نوعیت کے سوال غامدی صاحب کے سامنے رکھتے ہیں اور غامدی صاحب ان کا جواب دیتے ہیں۔ فروری 2025ء میں منعقد ہونے والی ان نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’غامدی صاحب امریکہ کی مذمت کیوں نہیں کرتے؟‘‘، ’’باغ فدک: سیدنا ابوبکر کا فیصلہ‘‘، ’’دین خاموش ہے سے کیا مراد ہے؟‘‘، ’’کیا فکر فراہی روایت کے اندر کھڑی ہے؟‘‘، ’’کیا ہم جنس پرستی فساد فی الارض ہے؟‘‘ اور ’’کیا تہذیبی روایت طاقت کے بغیر حاصل ہو سکتی ہے؟‘‘۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘
ڈاکٹر شہزاد سلیم صاحب ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے عنوا ن سے ہر ماہ ایک سیشن کاانعقاد کرتے ہیں۔ اس میں وہ مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں بحث کرتے ہیں۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں قرآن مجید کی آیات سے ایک موضوع منتخب کر کے اس کی وضاحت کی جاتی ہے۔ دوسرے حصے میں منتخب احادیث نبوی پر گفتگو ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں بائیبل کے کسی اقتباس کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پروگرام کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ پچھلے مہینے کے سیشن میں ”اللہ کی پناہ“، ”اعمال صالحہ‘‘، ”خود کو برتر سمجھنا“ اور ”باقاعدگی سے ادا کی جانے والی نمازیں‘‘ جیسے موضوعات زیر بحث رہے۔ یہ سیشن انگریزی زبان میں ہوتا ہے۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ دنیا نیوز چینل پاکستان کا ایک معروف پروگرام ہے، جو کئی برس سے نشر ہو رہا ہے۔ یہ ڈیلس میں ریکارڈ ہوتا ہے اور ہفتہ وار نشر ہوتا ہے۔ میزبانی کے فرائض غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب انجام دیتے ہیں۔ فروری 2025ء میں ’’مکتبِ فراہی کے فکری حاصلات‘‘ کے عنوان سے 4 پروگرام ریکارڈ کیے گئے اور دنیا نیوز سے نشر ہوئے۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’مبادی تدبر قرآن‘‘
شہزاد سلیم صاحب ’’میزان لیکچرز سیریز‘‘ کے تحت غامدی صاحب کی کتاب ’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ انھوں نے اس سیریز کے تحت ’’مبادی تدبر قرآن‘‘ کے موضوع پر انگریزی زبان میں دو لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان لیکچرز کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، امریکہ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance)اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت 3 فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔
23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز کا انگریزی زبان میں خلاصہ
شہزاد سلیم صاحب 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’غنا اور موسیقی‘‘ کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے دو لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان پروگرامز کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
Ask Dr. Shehzad Saleem
شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ سوال و جواب کی لائیو ماہانہ نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں وہ لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
سنڈے اسکول میں پریزنٹیشن ڈے کا انعقاد
غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ کے زیر اہتمام چلنے والے سنڈے اسکول میں گذشتہ ماہ پریزنٹیشن ڈے کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، والدین اور کمیونٹی کے اراکین سمیت 150 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد طلبہ کو مختلف صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینا تھا۔ طلبہ نے مختلف اسلامی موضوعات پر بات کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ اس پروگرام میں اٹھارہ ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں سے آٹھ ٹیموں کو بہترین کارکردگی پر انعامات دیے گئے۔ پریزنٹیشن ڈے کی کامیابی طلبہ، اساتذہ اور والدین کی تعلیم سے محبت اور اسلامی تعلیمات کے ساتھ گہری وابستگی کو ظاہر کرتی اور اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ایسے پروگرام ذہنی نشوونما اور کمیونٹی کے ساتھ تعلق کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔