غامدی سینٹر کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے مہینے میں خصوصی نشریات کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں مختلف دینی، اخلاقی اور تربیتی موضوعات پر پروگرام نشر کیے جا رہے ہیں۔ جناب جاوید احمد غامدی اور اُن کے مختلف شاگرد یہ پروگرام پیش کر رہے ہیں۔ اِن پروگراموں میں بیش تر موضوعات ماہ رمضان اور اُس میں روزے کی عبادت کے حوالے سے ہیں۔ نشر ہونے والے تمام پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’البیان‘‘
غامدی سینٹر کی رمضان ٹرانسمیشن میں ”البیان“ کے نام سے ایک پروگرام نشر ہو رہا ہے، جس میں قرآن مجید کی تلاوت اور غامدی صاحب کا ترجمۂ قرآن پیش کیا جا رہا ہے۔ غامدی صاحب کا ترجمۂ قرآن شاہ نواز صاحب، جب کہ قرآن مجید کی تلاوت مشاری راشد العفاسی کی آواز میں ہے۔ روزانہ اس کی ایک قسط غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر نشر کی جا رہی ہے۔
’’روزوں کے فضائل اور احکام‘‘
رمضان المبارک کے مہینے میں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ’’روزوں کے فضائل اور احکام‘‘کے عنوان سے رمضان سے متعلق احادیث کے دروس کی ریکارڈنگ کو نشر کیا جا رہا ہے، جن میں غامدی صاحب روزے کے فضائل اور احکام بیان کرنے کے ساتھ ساتھ روزوں کی قضا، مسافر کا روزہ اور روزے سے متعلق متفرق فقہی مسائل پر گفتگو کر رہے ہیں۔ احادیث کے دروس کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
مودودی صاحب کے ترجمۂ قرآن کا آڈیو ورژن
معروف عالم دین، مفکر، مفسر قرآن اور جماعت اسلامی کے بانی سید ابو الاعلیٰ صاحب مودودی کے شہرۂ آفاق ترجمۂ قرآن کے آڈیو ورژن کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر سلسلہ وارنشر کیا جا رہا ہے۔ اس ترجمے کو ارشد محمود صاحب نے اپنی دل کش آواز میں ریکارڈ کرایا ہے۔ رمضان المبارک میں روزانہ ایک پارے کے ترجمے کی آڈیو کو پیش کیا جا رہا ہے۔ اس ترجمۂ قرآن کی نشر ہونے والی اقساط کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
غامدی سینٹر کے اسکالرز کے ساتھ سوال و جواب کی براہ راست نشستیں
رمضان المبارک میں غامدی سینٹر نے اپنے اسکالرز کے ساتھ سوال و جواب کے مختلف لائیو پروگراموں کا اہتمام کیا ہے، جن میں لوگ دینی و اخلاقی اور رمضان سے متعلق فقہی نوعیت کے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ اس سلسلے کا پہلا سیشن ڈاکٹر عرفان شہزاد کے ساتھ 20؍فروری کو منعقد ہوا، جس میں انھوں نے زوم (Zoom) پر لوگوں کے سوالات کے جواب دیے۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ کو ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’رمضان اور قرآن: منتخب سورتیں‘‘
غامدی سینٹر کے اسکالر ڈاکٹر خالد ظہیر ’’رمضان اور قرآن: منتخب سورتیں‘‘ کے عنوان سے روزانہ کی بنیاد پر مختصر دورانیے کا ایک پروگرام پیش کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد قرآنِ مجید کی منتخب آیات کی روشنی میں رمضان کے فیوض و برکات کو سمیٹنا اور ان کے پیغام کو عام فہم انداز میں لوگوں تک پہنچانا ہے۔ اس پروگرام کی نشر ہونے والی اقساط کو ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
’’افکارِ غامدی‘‘
منظور الحسن صاحب کا ہفتہ وار یوٹیوب پروگرام ’’افکارِ غامدی‘‘ غامدی صاحب کے نظریات کو عام فہم انداز میں لوگوں تک پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس پروگرام میں غامدی صاحب کے افکار کی سادہ زبان میں وضاحت کی جاتی ہے۔ فروری 2026ء کی نشستوں میں جن اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، ان میں’’روزے کا مقصد کیا ہے؟‘‘، ’’روزے سے تقویٰ کیسے حاصل ہوتا ہے؟‘‘، ’’غامدی صاحب کی نصیحت: اپنے اندر حق کی حمیت پیدا کریں‘‘ اور ’’دین کا اصل مسئلہ: دنیا نہیں، آخرت ہے‘‘ قابلِ ذکر ہیں۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
’’رمضان: بہتر انسان بننے کا مہینا‘‘
غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ کے زیرِ اہتمام رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کا سلسلہ جاری ہے، جس میں محمد حسن الیاس صاحب ’’رمضان: بہتر انسان بننے کا مہینا‘‘کے عنوان سے خصوصی پروگرام کر رہے ہیں۔ یہ پروگرام پورے رمضان المبارک میں ہر پیر اور جمعہ کو ادارے کے یوٹیوب چینل پر نشر کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ناظرین کو دین کے حقیقی تقاضوں سے روشناس کراتے ہوئے اخلاقی و روحانی تربیت کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کی نشر ہونے والی اقساط کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’ڈائیلاگ سیریز‘‘
غامدی سینٹر کے زیرِ اہتمام رمضان المبارک کے حوالے سے ایک خصوصی ’’ڈائیلاگ سیریز‘‘ جاری ہے، جس میں اسکالرز ڈاکٹر عامر گزدر اور شمس الدین شگری صاحب رمضان سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں رمضان کی اہم عبادات کے حوالے سے ’’اعتکاف کی حقیقت و مقصد‘‘، ’’تہجد، تراویح اور وتر کی تفہیم‘‘ اور ’’سحر و افطار سے متعلق فقہی و قانونی سوالات‘‘ جیسے عنوانات زیرِ بحث لائے جا رہے ہیں۔ ان نشستوں کا مقصد ناظرین کو رمضان کے معمولات کی اصل روح اور ان کے شرعی احکام سے واقف کرانا ہے۔ اس مکالمے کی نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
” ابو القاسم محمد احمد ؛ نبی آخر الزمان کی زندگی کی کہانی‘‘
غامدی سینٹر کی رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کے سلسلے میں سیرت النبی کو بچوں اور نوجوانوں تک پہنچانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے کا نام ’’ابو القاسم محمد احمد ؛ نبی آخر الزمان کی زندگی کی کہانی ‘‘ ہے۔ اسے نعیم احمد بلوچ صاحب بیان کر رہے ہیں۔ اس کے میزبان دانیال بلوچ ہیں۔ اس کی روزانہ ایک قسط ادارے کے یو ٹیوب چینل سے نشر کی جا رہی ہے۔
’’المورد‘‘ ہند کے ساتھ سوال و جواب کی نشست
فروری 2026ء میں غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن محمد حسن الیاس صاحب نے ’’المورد‘‘ ہند کے زیرِ اہتمام ایک براہِ راست نشست میں شرکت کی۔ اس پروگرام میں ’’المورد‘‘ ہند کے شرکا کے ساتھ سوال و جواب کا خصوصی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں مختلف علمی و فکری موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور شرکا کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے تفصیلی جواب دیے گئے۔ اس نشست کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
’’قرآن رمضان کے لیے‘‘
رمضان المبارک کی مناسبت سے شہزاد سلیم صاحب کا پروگرام’’قرآن رمضان کے لیے‘‘ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر روزانہ نشر کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام میں شہزاد سلیم صاحب قرآن مجید کے منتخب مقامات پر گفتگو کر رہے ہیں۔ یہ پروگرام انگریزی زبان میں ہے اور اس کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث
فروری 2026 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری غامدی صاحب کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ نور کی آیات 3 تا 35 کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’ صحابہ کے ہاں نماز کی اہمیت‘‘، ’’نماز کو ترک کرنا گویا کفر اختیار کرنا ہے ‘‘، ’’ سات سال کے بچے کو نماز کی ترغیب ‘‘ اور ’’ایام کے دنوں میں عورت سے معاملات کے حدود‘‘۔ قرآن و حدیث کے دروس کی ان نشستوں کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’استفسار:ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘
غامدی سینٹر کے پلیٹ فارم سے جاری سوال و جواب کے مقبول سلسلے ’’استفسار: ڈاکٹر عمار خان ناصر کے ساتھ‘‘کی فروری 2026ء کی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’ اتنے عظیم خدا کو میرے اعمال سے کیا دل چسپی ہے؟‘‘، ’’ کیا اسلامی ریاست قائم کرنا دینی فریضہ ہے؟‘‘، ’’ کھانے کے بعد انگلیاں چاٹنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ ‘‘ اور ’’ فقہ حنفی میں ریاست کے خلاف بغاوت کا حکم کیا ہے؟ ‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
Ask Ghamidi
غامدی صاحب سے براہِ راست دینی و اخلاقی موضوعات پر رہنمائی حاصل کرنے کے لیے غامدی سینٹر کے زیرِ اہتمام ہر ماہ ایک آن لائن نشست منعقد کی جاتی ہے۔ اس نشست کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالوں کے جواب براہ راست غامدی صاحب سے حاصل کر سکیں۔ فروری 2026ء کی نشست میں پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’ریاست اور اداروں کے بارے میں تجزیہ کرنے کی اخلاقیات کیا ہیں؟‘‘، ’’کیا انسان موجودہ فطرت کے ساتھ جنت میں جائیں گے؟‘‘، ’’نیشنل سیونگز کے ادارے میں سرمایہ کاری کرنا جائز ہے ؟‘‘ اور ’’اللہ تعالیٰ ہم سے عبادت کیوں کرانا چاہتے ہیں؟‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’ اخلاقیات کی پانچ حرمتیں ‘‘
سید منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں سورۂ اعراف کی روشنی میں اخلاقیات کی اُن پانچ بنیادی حرمتوں کی وضاحت کی ہے جنھیں شریعت نے حرام ٹھہرایا ہے، یعنی فواحش، حق تلفی، ناحق زیادتی، شرک اور اللہ پر افترا۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ قرآن و حدیث میں مذکور تمام اخلاقی برائیاں انھی پانچ اصولی انواع کے تحت آتی ہیں اور ان کے علاوہ کسی اور چیز کو حرام قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مضمون میں یہ نکتہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ عبادات کے شرائط یا آدابِ زندگی سے متعلق ممانعتیں’ حرمت‘ کے زمرے میں نہیں آتیں۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
’’ عورت کی تادیب:مخاطب شوہر یا معاشرہ؟‘‘
محمد حسن الیاس صاحب نے اپنے اس مضمون میں سورۂ نساء کی آیت 34 کی روشنی میں یہ واضح کیا ہے کہ عورت کی نافرمانی کی صورت میں تادیب کا مخاطب معاشرہ نہیں، بلکہ صرف شوہر ہے۔ ان کا استدلال ہے کہ قرآن کے طرزِ بیان کے مطابق خطاب اگرچہ عام ہو، مگر حکم اسی کردار کے لیے ہوتا ہے جس کا سیاق میں ذکر ہو، اور یہاں بستر الگ کرنے جیسی ہدایات صرف شوہر ہی کے دائرۂ اختیار میں آتی ہیں۔ علاوہ ازیں، معاشرے کا کردار اس وقت شروع ہوتا ہے، جب معاملہ گھریلو حدود سے نکل کر سماجی بگاڑ کی صورت اختیار کر لے، جس کا ذکر اگلی آیت میں الگ سے موجود ہے۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے فروری 2026ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔
’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز
غامدی سینٹر کے علمی پروگرام ’’تفہیم الآثار‘‘ میں صحابہ و تابعین سے منسوب آثار کی شرح اور ان پر مبنی سوال و جواب کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پروگرام کی میزبانی ڈاکٹر سید مطیع الرحمٰن کر رہے ہیں، جب کہ ڈاکٹر عمار خان ناصر بہ طور مہمان شریک ہیں۔ فروری 2026ء کی نشستوں میں جن اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، ان میں سے چند یہ ہیں: ’’سیدنا ابو ہریرہ اور روایتِ حدیث‘‘، ’’اسرائیلیات کی روایت‘‘، ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے صحابہ کے تفسیری سوالات‘‘ اور ’’صحابہ میں قرآن مجید کے علما‘‘۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘
فروری 2026ء میں معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ پر محمد حسن الیاس صاحب کے جاری پروگرام ’’Ask Hassan Ilyas‘‘میں زیر بحث آنے والے چند اہم سوال یہ ہیں: ’’احتجاج کی اخلاقیات اور حدود کیا ہیں؟ ‘‘، ’’ اسلام میں اختلاط مرد و زن کے آداب کیا ہیں؟‘‘، ’’ کیا یہود کا دعویٰ ہے کہ عزیر علیہ السلام اللہ کے بیٹے ہیں؟‘‘ اور ’’ سود اور کاروبار میں کیا فرق ہے؟‘‘ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’قراءت کا اختلاف‘‘
شہزاد سلیم صاحب 23 اعتراضات کی ویڈیو سیریز میں اب تک کے زیر بحث آنے والے تمام موضوعات کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کر رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شہزاد سلیم صاحب نے23 اعتراضات کی سیریز میں زیر بحث آنے والے موضوع ’’قراءت کا اختلاف‘‘ کا خلاصہ بیان کیا۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔
’’حیاتِ امین‘‘
نعیم احمد بلوچ صاحب نے اپنے اس مضمون میں مولانا امین احسن اصلاحی کی زندگی کے سب سے بڑے سانحے، یعنی ان کے صاحب زادے ابو صالح اصلاحی کی طیارہ حادثے میں وفات اور مولانا کے بے مثال صبر و استقامت کا تذکرہ کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مولانا نے اس صدمے کو اپنے رب کی رضا سمجھ کر قبول کیا اور بیٹے کی عمرے کی نیت اور وفات کی علامات کو اپنے لیے سامانِ اطمینان پایا۔ مضمون میں میاں طفیل محمد کے ایک خواب کا بھی ذکر ہے، جس نے مولانا کے دل سے غم کا بوجھ ہلکا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ مضمون ’’اشراق‘‘ امریکہ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
’’اخلاق اور اخلاقیات‘‘
انگریزی دان طبقے کو جاوید احمد غامدی صاحب کی کتاب’’میزان‘‘ کے مباحث سے روشناس کرانے کے لیے شہزاد سلیم صاحب کی ’’میزان لیکچر سیریز‘‘ جاری ہے۔ فروری 2026ء میں اس سلسلے کے تحت ’’اخلاق اور اخلاقیات‘‘ کے موضوع پر دو لیکچرز ریکارڈ کیے گئے، جو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہیں۔
غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ
معز امجد صاحب غامدی سینٹر کے پلیٹ فارم سے ہر ہفتے ’’آن لائن خانقاہ‘‘کے نام سے ایک تربیتی نشست منعقد کرتے ہیں، جس کا مقصد انسانی نفس کی اصلاح اور اخلاقی تربیت ہے۔ اس پروگرام میں اصلاحِ نفس کے ساتھ ساتھ شرکا کے سوالات کے تسلی بخش جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ ماہ کی نشستوں میں جن اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی، وہ یہ ہیں: ’’ منفی خیالات اور خود کو الزام دینے سے کیسے بچیں؟ ‘‘، ’’ کیا آسایش ضرورت بن سکتی ہے؟‘‘، ’’کیا سوچ کو روکنا ہے یا بدلنا ہے؟ ‘‘ اور ’’ ہپناٹزم کیا ہے؟ ‘‘۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘
شہزاد سلیم صاحب ”اسلام اسٹڈی سرکل“ کے عنوا ن سے ہر ماہ ایک سیشن کاانعقاد کرتے ہیں۔ اس میں وہ مختلف دینی، اخلاقی اور سماجی موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں گفتگو کرتے ہیں۔ یہ سیشن تین حصوں پر مشتمل ہے: پہلے حصے میں قرآن مجید کی آیات سے ایک موضوع منتخب کر کے اس کی وضاحت کی جاتی ہے۔ دوسرے حصے میں منتخب احادیث نبوی پر گفتگو ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں بائیبل کے کسی اقتباس کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پروگرام کے آخر میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دیے جاتے ہیں۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“
فروری 2026ء میں ’’دنیا نیوز‘‘ پر نشر ہونے والے غامدی صاحب کے ہفتہ وار پروگرام ”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“ میں ’’اسلام اور ریاست‘‘ کے موضوع پر دو، جب کہ ’’رمضان کی فضیلت‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام نشر ہوا۔ ان پروگراموں میں پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’کیا جدید ریاست میں قانون کو اخلاقیات سے آزاد ہونا چاہیے؟‘‘، ’’طاقت کے حصول کے لیے دین نے کن چیزوں کا خیال رکھنے کا پابند کیا ہے؟‘‘، ’’ روزے کا اجر اس قدر غیر معمولی کیوں ہے؟‘‘ اور ’’ عبادات میں تعداد مقرر کرنے کی کیا حکمت ہے؟ ‘‘ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔
شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن
سماجی و خاندانی مسائل کے حل کے لیے شہزاد سلیم صاحب کے آن لائن مشاورتی سیشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ ماہ منعقد ہونے والے 30 سے زائد سیشنز میں والدین کی مشکلات اور نوجوان نسل کی نفسیاتی و تربیتی الجھنوں کے حل سے متعلق گفتگو کی گئی۔ یہ نشستیں ان افراد کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہو رہی ہیں، جو اپنے نجی معاملات میں شرعی اور اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے مخلصانہ مشورہ چاہتے ہیں۔
دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا
غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ شرعی مسائل کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کی رہنمائی کا اہم مرکز بن چکا ہے۔ گذشتہ ماہ نکاح و طلاق، وراثت اور مختلف معاشی و معاشرتی معاملات سے متعلق متعدد فتاویٰ جاری کیے گئے۔ جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں یہ فتاویٰ محمد حسن الیاس صاحب نے مرتب کیے۔ واضح رہے کہ فتویٰ ایک دینی راے کا نام ہے، یہ کوئی قانونی حکم نامہ یا عدالتی فیصلہ نہیں ہوتا۔
’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس
شہزاد سلیم صاحب نے غامدی صاحب کی تفسیر ’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جنوری 2026ء میں سورۂ اعراف کی آیات 47 تا 135 کا درس دیا۔ یہ اقدام اس مقصد کے تحت کیا جا رہا ہے کہ انگریزی زبان جاننے والے اہلِ علم بھی ’’البیان‘‘ کے فہم سے فائدہ اٹھا سکیں۔ مذکورہ نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔
Ask Dr. Shehzad Saleem
شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ سوال و جواب کی لائیو نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں وہ لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔