مواد پر جائیں

خبر نامہ ’’المورد امریکہ‘‘ ]نومبر 2025ء[ ’’علم النبی‘‘ کی تقریب رونمائی

شاہد محمود اردو

اکتوبر 2025ء میں جاوید احمد غامدی صاحب کی عظیم علمی تصنیف ’’علمی النبی‘‘ کی پہلی جلد نو سال کی تحقیق کے بعد شائع ہو گئی ہے۔ اس کتاب کی تقریب رونمائی گذشتہ ماہ ’’المورد‘‘، لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں غامدی صاحب، حسن الیاس صاحب اور ’’المورد‘‘ کے دیگر اسکالرز نے شرکت کی۔ یہ کتاب دین کی حکمت، ایمان و اخلاق، اور ماضی اور مستقبل سے متعلق نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اخبار کا مجموعہ ہے۔ اس میں موجود احادیث کی شرح و وضاحت غامدی صاحب نے، جب کہ ان کے ترجمہ و تحقیق کا فریضہ حسن الیاس صاحب اور ڈاکٹر عامر گزدر نے سر انجام دیا ہے۔ یہ کتاب اب دنیا بھر میں قارئین کے لیے دستیاب ہے۔

غامدی صاحب کا دورۂ پاکستان

اکتوبر 2025ء میں غامدی صاحب نے پاکستان کا دورہ کیا۔ غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن حسن الیاس صاحب بھی ان کے ہم راہ تھے۔ غامدی صاحب اپنے اس دورے کے دوران میں ’’المورد‘‘ پاکستان گئے اور وہاں پر ’’المورد‘‘ کے اسکالرز، رفقا اور اپنے دیرینہ دوستوں سے ملاقات کی۔ مزید برآں، لاہور اور کراچی میں ’’المورد‘‘ پاکستان کے زیر اہتمام ہونے والے پبلک سیشنز میں شرکت کی، جس میں پاکستان کےمختلف شہروں سے آئے لوگوں کی کثیر تعداد نے غامدی صاحب سے علمی، فکری، سیاسی اور دینی نوعیت کے سوالات پوچھے۔ ان تمام سیشنز کا اہتمام و انتظام جواد احمد غامدی صاحب کی زیر نگرانی ہوا ۔

’’دین کا مقصد کیا ہے؟‘‘

اکتوبر 2025ء میں غامدی سینٹر کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن محمد حسن الیاس صاحب پاکستان کے دورے پر تھے۔ اس دوران میں حسن الیاس صاحب کو پی ٹی وی کے معروف پروگرام ’’ابتداء–سبوخ سید کے ساتھ‘‘ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ اس پروگرام میں ’’دین کا مقصد کیا ہے؟‘‘ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے حسن الیاس صاحب نے بتایا کہ دین کا مقصد تزکیہ ہے اور عبادات بدن ، خور و نوش اور اخلاق کی پاکیزگی پر قائم رہنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔ لفظ ’کافر‘ پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حقیقت کا جانتے بوجھتے انکار کرنے والے کو کافر کہتے ہیں اور ہم دنیا میں کسی کے کفر و ایمان کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں رکھتے۔ اس پروگرام کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

’’افکارِ غامدی‘‘

’’افکار غامدی‘‘ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پرشروع کیا گیا ہفتہ وار پروگرام ہے۔اس میں ماہنامہ ’’اشراق امریکہ‘‘ کے مدیر سید منظور الحسن صاحب غامدی صاحب کے افکار کی شرح و وضاحت کر رہے ہیں۔ اس پروگرام میں مختلف موضوعات کو زیر بحث لاتے ہوئے عام فہم انداز میں بات کو سمجھایا جاتا ہے۔ اکتوبر 2025ء میں اس پروگرام کی نشر ہونے والی اقساط کے عنوان یہ ہیں: ’’مسلح جدوجہد یا اخلاقی جدوجہد––مسلمانوں کا صحیح لائحۂ عمل کیا ہونا چاہیے؟‘‘، ’’صحابہ کی تاریخ کا مطالعہ ضروری کیوں؟‘‘ اور ’’تزکیۂ نفس کیا ہے اور کیسے حاصل ہوتا ہے؟‘‘ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

Ask Ghamidi

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام ’’Ask Ghamidi ‘‘ کے عنوان سے جاری سوال و جواب کی آن لائن نشست میں گذشتہ ماہ پوچھے جانے والے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’کیا غیر اسلامی ممالک میں جمعہ کی نماز پڑھنا جائز ہے؟‘‘، ’’کیا ہم قرآن کی زبان نہ بچا سکے؟ ‘‘، ’’ کیا پاکستان جیسے ممالک میں ووٹ کے لیے صرف 18 سال عمر کی شرط کافی ہے؟ ‘‘ اور ’’کیا غامدی صاحب واقعات سے قانون اخذ کرتے ہیں؟‘‘۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

’’بریلویت کا امن سے تشدد تک کا سفر‘‘

محمد حسن الیاس صاحب نے گذشتہ ماہ پاکستان کے دورے کے دوران میں قاسم جامی صاحب کے ساتھ ’’بریلویت کا امن سے تشدد تک کا سفر‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام ریکارڈ کرایا۔ اس پروگرام میں انھوں نے ریاستی پالیسی اور مذہبی قیادت، انتہا پسند تنظیموں کا مستقبل اور مختلف منہاج فکر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عقیدت کا منہاج کبھی بھی معاشرے کو امن پسندی کی طرف لے کر نہیں جا سکتا، اس لیے کہ عقیدت علمی و فکری مقدمہ نہیں ہوتا، جس میں اختلاف راے کی گنجایش ہو سکتی ہے۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

ہفتہ وار درسِ قرآن و حدیث

اکتوبر 2025 ء میں غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری جناب جاوید احمد غامدی کے لائیو درسِ قرآن و حدیث کی نشستوں میں غامدی صاحب نے سورۂ حج کی آیات 42 تا 58 کا درس دیا، جب کہ درس حدیث کی نشستوں میں بدعت اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خوابوں سے متعلق احادیث پر گفتگو کی گئی۔ قرآن و حدیث کے دروس کی یہ نشستیں غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

’’ تطہیرِ اخلاق کے بنیادی اصول ‘‘

سید منظور الحسن صاحب نے اپنے اس مضمون میں غامدی صاحب کے نظریات کی روشنی میں بتایا ہے کہ اخلاق کے فضائل و رذائل کی بنیاد عملِ صالح پر ہے، جو عقل اور فطرت کے مطابق ہوتا ہے۔ سورۂ نحل (16) کی آیت 90 کو قرآن مجید کے تمام اوامر و نواہی کا جامع خلاصہ قرار دیتے ہوئے لکھتے ہیں کہ اس آیت میں دین کے معروفات و منکرات، شریعت کے اوامر و نواہی اور اخلاق کے فضائل و رذائل کے بنیادی اصولوں کو متعین کیا ہے۔یعنی اعمال کے ایجابی اور سلبی، دونوں پہلوؤں کی تعیین فرمائی ہے۔ یہ مضمون ماہنامہ ’’اشراق امریکہ‘‘ کے اکتوبر 2025ء کے شمارے میں پڑھا جا سکتا ہے۔

’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری ’’تفہیم الآثار‘‘ سیریز کے زیر عنوان اکتوبر 2025ء میں منعقد ہونے والی نشستوں میں ’’علماے صحابہ اور سنت کی تعلیم‘‘، ’’مرتدین کے خلاف جہاد سے متعلق صحابہ کی راے ‘‘، ’’روایتِ حدیث سے متعلق ارشاداتِ نبویہ ‘‘ ، ’’ایمان کے بغیر قرآن کا علم ادھورا ہے‘‘ اور ’’خلفاے راشدین کا عمل: سنت کا تسلسل‘‘ جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یو ٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

’’سوال و جواب حسن الیاس کے ساتھ‘‘

معروف یوٹیوب چینل ’’مسلم ٹو ڈے‘‘ پر محمد حسن الیاس صاحب کے پروگرام ’’Ask Hassan Ilyas‘‘ کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ سوال و جواب پر مبنی پروگرام ہے، جس میں حسن الیاس صاحب حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے علمی و فکری اور دینی سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ اکتوبر 2025ء میں اس پروگرام میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’جوہری ہتھیاروں پر اسلام کی راے کیا ہے؟‘‘، ’’ غامدی صاحب کے نزدیک حدیث کیا ہے؟‘‘، ’’ کیا حجرِ اسود جنت کا پتھر ہے؟‘‘ اور ’’اسلام میں جنات کا تصور ‘‘۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

جماعت اسلامی کا تاریخی بحران اور مولانا اصلاحی کی علمی خدمات

’’حیات امین‘‘ کی اکتوبر میں شائع ہونے والی قسط میں نعیم احمد بلوچ صاحب نے لکھا ہے کہ 1956ء میں جماعت اسلامی کے نائب امیر سمیت تقریباً 56 اراکین جماعت سے علیحدہ ہوئے۔ یہ علیحدگی کوئی عام اختلاف نہیں تھا، بلکہ جماعت کے جائزہ کمیٹی کے فیصلوں سے پیدا ہونے والے اختلاف کی وجہ سے ہوئی۔ مولانا مودودی نے بھی اس وقت امارت سے استعفا دیا، لیکن ماچھی گوٹھ کے اجتماع میں مولانا اصلاحی کی موثر تقریر نے مولانا مودودی کو اپنا استعفا واپس لینے پر راضی کیا ۔ 1958ء میں مولانا اصلاحی جماعت کی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہو گئے، لیکن جماعت سے علیحدگی کے بعد بھی مولانا اصلاحی اور مولانا مودودی کے درمیان علمی مباحث جاری رہے۔ مولانا مودودی نے عملی سیاست میں حکمت عملی کے تحت بعض اصولوں میں تبدیلی کی مثالیں دیں، جب کہ مولانا اصلاحی نے اصولی موقف پر زور دیتے ہوئے خلافت اور دیگر اہم مسائل پر تفصیلی علمی جوابات دیے۔ یہ مضمون ’’اشراق امریکہ‘‘ کے گذشتہ ماہ کے شمارے میں دیکھا جا سکتا ہے۔

غامدی سینٹر میں سماجی سرگرمیاں

اکتوبر 2025ء میں جاوید احمد غامدی صاحب اور حسن الیاس صاحب پاکستان کے دورے پر تشریف لائے۔ ان کے دورۂ پاکستان کے باعث غامدی سینٹر میں باقاعدہ علمی و فکری نشستیں وقتی طور پر معطل رہیں، تاہم سماجی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ غامدی سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فرحان سید صاحب کی زیرِ نگرانی اتوار کے روز معاشرتی و سماجی محافل کا انعقاد کیا گیا، جن میں رفقاے سینٹر نے بھرپور شرکت کی۔ شرکا نے مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا اور باہمی مکالمے کے ذریعے سے علمی و فکری ہم آہنگی کو فروغ دیا گیا۔ نشست کے اختتام پر ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔ مزید برآں، ادارے میں پہلی بار آنے والے بعض مہمانوں کو غامدی سینٹر کا وزٹ بھی کرایا گیا۔

’’داستان حیات: ڈاکٹر شہزاد سلیم‘‘

اگست 2025ء میں جناب حسن الیاس نے غامدی سینٹر کے معروف اسکالر ڈاکٹر شہزاد سلیم کا ایک تفصیلی انٹرویو کیا۔ اس گفتگو میں ڈاکٹر شہزاد سلیم نے اپنے علمی و فکری سفر، غامدی صاحب سے اپنی پہلی ملاقات کے محرکات، خاندانی پس منظر اور ذاتی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اس انٹرویو کی ترتیب و تدوین کے بعد اسے ماہنامہ ’’ اشراق امریکہ‘‘ میں قسط وار شائع کیا جا رہا ہے۔ گذشتہ ماہ شائع ہونے والی قسط میں بتایا گیا ہےکہ انجینئرنگ کی تعلیم کے دوران میں ان میں دینی علم کا شوق پیدا ہوا اور انھوں نے جاوید احمد غامدی کی رہنمائی میں غیر رسمی تعلیم کا آغاز کیا۔ غامدی صاحب کے مشورے سے انھوں نے اپنی انجینئرنگ مکمل کی ۔ بعد ازاں، وہ ’’المورد‘‘ سے مستقل طور پر وابستہ ہوگئے، جہاں انھوں نے عربی، قرآن اور اسلامی علوم میں غامدی صاحب اور مولانا اصلاحی، دونوں سے استفادہ کیا۔

’’ایمان و عقائد‘‘

شہزاد سلیم صاحب ’’میزان لیکچرز سیریز‘‘ کے تحت غامدی صاحب کی کتاب ’’میزان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ انھوں نے اس سیریز کے تحت ’’ایمان و عقائد‘‘کے موضوع پر انگریزی زبان میں دو لیکچرز ریکارڈ کرائے۔ ان لیکچرز کی ریکارڈنگ کو غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

غامدی سینٹر کی آن لائن خانقاہ

غامدی سینٹر کے زیر اہتمام جاری آن لائن خانقاہ کی گذشتہ ماہ منعقد ہونے والی نشستوں میں زیر بحث آنے والے چند اہم نکات یہ ہیں: ’’ کیا آسانی اور خوش حالی بھی آزمایش ہیں؟‘‘، ’’ارادہ و اختیار کی آزادی اور خدا کا اذن‘‘، ’’ایمان میں وجدان کا کردار‘‘ ، ’’خوف پر قابو پانا‘‘ اور ’’ نظر بد کا اثر––حقیقت اور حدود‘‘۔ آن لائن خانقاہ کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

’’اسلام اسٹڈی سرکل ‘‘

اکتوبر 2025ء میں شہزاد سلیم صاحب نے ”اسلام اسٹڈی سرکل“ پروگرام میں قرآن مجید، حدیث اور بائیبل کے جن موضوعات پر بات کی، ان کے عنوانات بالترتیب یہ ہیں: ’’اللہ کی رحمت‘‘، ’’حقیقی غریب‘‘اور ’’ہمت نہ ہارنا ‘‘۔ مزید برآں، نشست کے آخر میں ’’بری عادتیں‘‘ کے موضوع پر گفتگوکی گئی اور زیر بحث آنے والے موضوعات سے متعلق پوچھے جانے والے سوالوں کے جواب دیے گئے۔ یہ سیشن انگریزی زبان میں ہوتا ہے۔ اس سیشن کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

”علم و حکمت: غامدی کے ساتھ“

اکتوبر 2025ء میں ’’دنیا نیوز‘‘ پر نشر ہونے والے غامدی صاحب کے ہفتہ وار پروگرام کے موضوعات یہ تھے:’’صحابۂ کرام کی عظمت و اہمیت‘‘، ’’صحابۂ کرام کی دینی خدمات‘‘ اور ’’قرآن مجید اور انسانی نفسیات‘‘۔ ان پروگراموں میں زیر بحث آنے والے سوالوں میں سے چند اہم سوالات یہ ہیں: ’’صحابۂ کرام کی سب سے غیر معمولی دینی خدمت کیا ہے؟‘‘، ’’کیا صحابۂ کرام حدیث سننے کے بعد اس کو لکھا بھی کرتے تھے؟‘‘، ’’ کیا قرآن مجیدمیں انسانی نفسیات کی رعایت کرتے ہوئے احکام دیے گئے ہیں؟‘‘ اور ’’کیا صحابۂ کرام نے اپنی دینی ذمہ داری کو بدرجۂ کمال پورا کیا؟‘‘ ۔ ان پروگراموں کی ریکارڈنگ ادارے کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر شہزاد سلیم کے آن لائن نجی مشاورتی سیشن

ڈاکٹر شہزاد سلیم ہر ماہ لوگوں سے آن لائن نجی مشاورتی سیشن کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان سیشنز میں لوگ اپنے مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے مسائل میں ڈاکٹر شہزاد سلیم سے مشاورت کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ اس سلسلے کے 30 سے زائد سیشنز ہوئے۔ان سیشنز میں لوگوں نے ڈاکٹر شہزاد سلیم سے والدین کو درپیش مشکلات اور نو عمری کے مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی۔

دینی آرا پر مبنی فتاویٰ کا اجرا

شریعت کے قانونی اطلاقات کے حوالے سے لوگ اکثر ’’غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ‘‘ سے رابطہ کرتے ہیں۔ انھیں نکاح و طلاق، وراثت (inheritance) اور بعض دیگر معاشی اور معاشرتی پہلوؤں سے اطلاقی آرا کی ضرورت ہوتی ہے۔ گذشتہ ماہ اسی نوعیت کی مختلف ضرورتوں کے تحت متعدد فتوے جاری کیے گئے۔ انھیں جناب جاوید احمد غامدی کے فکر کی روشنی میں حسن الیاس صاحب نے جاری کیا۔

’’البیان‘‘ کی انگریزی زبان میں تدریس

شہزاد سلیم صاحب غامدی صاحب کی تفسیر ”البیان“ کی انگریزی زبان میں تدریس کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں تاکہ انگریزی جاننے والے حضرات بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔ اکتوبر 2025ء میں انھوں نے سورۂ انعام کی آیات 93 تا 152 کا انگریزی زبان میں درس دیا۔ ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

Ask Dr. Shehzad Saleem

شہزاد سلیم صاحب ہر ماہ سوال و جواب کی لائیو نشست منعقد کرتے ہیں، جس میں وہ لوگوں کے ذہنوں میں اٹھنے والے مختلف دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔ اس نشست میں لوگ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں اپنے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ سوال و جواب کی ان نشستوں کی ریکارڈنگ غامدی سینٹر کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جا سکتی ہے۔