مواد پر جائیں

معارف نبوی

اردو

ــــــ 1 ــــــ

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب بیمار ہوئے تو آپ کی کسی بیوی نے اُس گرجے کا ذکر کیا جو اُنھوں نےسرزمین حبشہ میں دیکھا تھااور جس کا نام ’ ’ماریہ‘ ‘ تھا۔ (نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج میں سے) ام سلمہ اور ا م حبیبہ چونکہ حبشہ جا چکی تھیں تو اُنھوں نے بھی اُس گرجے کی خوب صورتی اور اُس میں تصویروں کے بارے میں بیان کیا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ سنا تو اپنا سر اٹھایا اور ارشاد فرمایا: وہ اِسی طرح کے لوگ ہیں کہ جب اُن میں کوئی صالح آدمی مرجاتا ہے تو اُس کی قبر پر کوئی عبادت گاہ تعمیر کرتے،پھراُس میں وہ صورت بنا لیتے تھے۔ قیامت کے دن یہی لوگ اللہ کے نزدیک بدترین خلائق ہوں گے۔

(بخاری ،رقم 1261)

ــــــ 2 ــــــ

ابو مرثد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قبروں پر نہ بیٹھا کرو اور نہ اُن کی طرف رخ کر کے کبھی نماز پڑھو۔ (مسلم،رقم 1620)

ــــــ 3 ــــــ

ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی آگ کے دہکتے انگارے پر بیٹھ جائے،پھر وہ اُس کے کپڑے جلا دے اور اُس کی کھال تک پہنچ جائے، یہ اِس سے بہتر ہے کہ وہ کسی مسلمان کی قبر پر بیٹھے۔ (مسلم،رقم 1617)