مواد پر جائیں

معارف نبوی

اردو

ــــــ 1 ــــــ

حضرت ام کلثوم بنت عقبہ رضی اللہ عنہا کی روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنا کہ آپ نے فرمایا: وہ شخص جھوٹا نہیں ہے جو لوگوں کے درمیان صلح کرائے اور اِس کے لیے اچھی بات کہے یا کسی اچھی بات کو بڑھا کر بیان کر دے۔ (ترمذی، رقم 1857)

ــــــ 2 ــــــ

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سچائی کو اختیار کرو، اِس لیے کہ سچائی نیکی کی طرف رہنمائی کرتی ہے، اور نیکی جنت کی طرف لے جاتی ہے۔ (یاد رکھو)، آدمی سچ بولتا ہے، پھر بولتے بولتے اللہ کے نزدیک ’صدیق‘ لکھ دیا جاتا ہے۔ اور جھوٹ سے بچو، اِس لیے کہ جھوٹ گناہ کی طرف رہنمائی کرتا ہے اور گناہ دوزخ میں لے جاتا ہے۔ (یاد رکھو)، آدمی جھوٹ بولتا ہے، پھر بولتے بولتے اللہ کے نزدیک ’کذاب‘ لکھ دیا جاتا ہے۔ (مسلم، رقم 4727)

ــــــ 3 ــــــ

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: منافق کی تین نشانیاں ہیں، اگرچہ وہ روزے رکھتا ہو، نمازیں پڑھتا ہو اور خود کو مسلمان سمجھتا ہو: جب بات کرے تو جھوٹ بولے، وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے اور جب امانت لے تو اُس میں خیانت کرے۔ (مسند احمد، رقم 8484)

مقامات