ــــــ 1 ــــــ
عیاض بن حمار مجاشعی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دن اپنے خطبے میں فرمایا: دوزخ میں پانچ طرح کے لوگ ہوں گے: وہ کم زور آدمی جس کے ہاں کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی، یہ جو تم میں زیردست ہوتے ہیں، نہ گھر بناتے ہیں اور نہ مال و منال کے لیے کوئی جدوجہد کرتے ہیں۔وہ خیانت کرنے والا آدمی کہ جس کی حرص چھپی نہیں رہ سکتی اور معمولی چیز میں بھی خیانت کر گزرتا ہے۔ وہ آدمی جو صبح و شام تمھیں تمھارے گھر والوں اور تمھارے مال کے بارے میں دھوکا دیتا رہتا ہے۔ اِس کے بعد نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بخل یا جھوٹ کا ذکر کیا اور آخر میں فرمایا کہ اور حد سے گزر جانے والا بدخلق۔( مسلم،رقم5113)
ــــــ 2 ــــــ
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جس نے کسی معاہد کو ناحق قتل کیا،وہ جنت کی خوشبو بھی نہیں سونگھے گا، دراں حالیکہ اُس کی خوشبو چالیس برس کی مسافت پر بھی محسوس ہوتی ہے۔(بخاری، رقم2946)
ــــــ 3 ــــــ
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:تین لوگ ایسے ہیں کہ جن سے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن نہ بات کریں گے، نہ اُن کی طرف نگاہ التفات سے دیکھیں گے اور نہ اُنھیں پاک کریں گے اور اُن کے لیے دردناک عذاب ہے: ایک،جو بڑھاپے میں بھی زنا سے باز نہ آئے، دوسرا، جو بادشاہ ہو کر بھی لوگوں سے جھوٹ بولتا ہو اور تیسرا وہ شخص جس کو مفلسی بھی اِس سے باز نہ رکھ سکے کہ وہ حق کے مقابلے میں اکڑ بیٹھے۔
(مسند اسحاق، رقم168)