مواد پر جائیں

معارف نبوی

اردو

ــــــ 1 ــــــ

حضرت اوسط بن اسمٰعیل بجلی سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم دنیا سے رخصت ہو گئے تو اُنھوں نے ابوبکر رضی اللہ عنہ کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پچھلے سال اِسی جگہ کھڑے تھے، پھر وہ (آپ کو یاد کر کے) رونے لگے، پھر کہا: آپ نے فرمایا تھا: تم اپنے لیے سچائی کو لازم کر لو، کیونکہ سچائی نیکی کے ساتھ ہے، اور یہ دونوں جنت میں ہوں گی۔ اور تم جھوٹ سے پرہیز کرو، کیونکہ جھوٹ برائی کے ساتھ ہے، اور یہ دونوں دوزخ میں ہوں گے، اور اللہ تعالیٰ سے عافیت چاہو، اِس لیے کہ ایمان و یقین کے بعد کوئی چیز عافیت سے بڑھ کر نہیں ہے۔ تم آپس میں ایک دوسرے سے حسد نہ کرو، بغض نہ رکھو ، قطع تعلق نہ کرو اور باہم دشمنی نہ کرو، بلکہ اللہ کے بندے بھائی بھائی بن کر رہو، جیسا کہ اللہ نے تمھیں ہدایت فرمائی ہے۔(ابن ماجہ، رقم 3847)

ــــــ 2 ــــــ

حضرت عیاض بن حمار رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ نے میری طرف وحی کی ہے کہ تم لوگ تواضع اختیار کرو، یہاں تک کہ نہ تم میں سے کوئی کسی پر زیادتی کرے اور نہ کسی پر اپنی بڑائی کی دھونس جمانے کی کوشش کرے۔ (ابوداؤد، رقم 4252)

ــــــ 3 ــــــ

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ غرور و تکبر خیمے والوں میں ہے جو چِلّا کر بولتے ہیں اور وقار و اطمینان بھیڑ بکری والوں میں ہے۔ (مسلم، رقم 80)

مقامات