ــــــ 1 ــــــ
حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے (اپنے صحابہ سے) فرمایا: دجال کے فتنے سے اللہ کی پناہ مانگو۔ صحابہ نے کہا: ہم دجال کے فتنے سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں۔ (مصنف ابن ابی شیبہ، رقم 29121)
ــــــ 2 ــــــ
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: آگاہ رہو، میں تمھیں دجال کے بارے میں ایک ایسی بات بتاتا ہوں جو کسی نبی نے اپنی قوم کو نہیں بتائی ۔وہ یقیناً ایک آ نکھ سے اندھا ہے اور اپنے ساتھ جنت اور دوزخ کی طرح کے مقامات لیے ہوئے آئے گا۔ سو جس کے بارے میں وہ کہے گا کہ باغ ہے، وہ در حقیقت آگ ہوگی۔میں نے تمھیں اِس سے اُسی طرح خبر دار کر دیا ہے، جس طرح نوح (علیہ السلام) نے اِس کے بارے میں اپنی قوم کو خبردار کیاتھا۔(صحيح مسلم،رقم 2936)
ــــــ 3 ــــــ
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کوئی نبی مبعوث نہیں ہوا، مگر یہ کہ اُس نے اپنی امت کو جھوٹے اور یک چشم دجال سے ضرور خبردار کیا ہے۔چنانچہ تم بھی اُس سے پوری طرح خبردار رہو۔جان رکھو کہ وہ بائیں آنکھ سے اندھا ہے، اُس پر ایک موٹی جھلی ہے۔ اور تمھارا پروردگار جس کی ہستی بڑی بابرکت اور بلندوبرتر ہے، یک چشم نہیں ہے۔ دجال کی دونوں آنکھوں کے مابین ’کافر‘ لکھا ہواہے۔ جو نبی بھی مبعوث ہوا،اُس نے اپنی امت کو جھوٹے یک چشم سے ضرور خبردار کیا ہے۔آ گاہ رہو، وہ یک چشم ہے، جب کہ تمھارا رب یک چشم نہیں ہے۔اور یہ بھی کہ اُس کی دونوں آنکھوں کے درمیان لفظ ’کافر‘ لکھا ہوا ہے، جسے ہر صاحب ایمان پڑھ لے گا، چاہے وہ اَن پڑھ ہو یاپڑھا لکھاہو۔ (صحيح بخاری، رقم7131)