ــــــ 1 ــــــ
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کوئی شخص پڑوسی کو اپنی دیوار میں کھونٹی گاڑنے سے نہ روکے۔ ابوہریرہ یہ روایت سناتے، پھر کہتے تھے: کیا وجہ ہے، میں دیکھتا ہوں کہ تم اِس سے منہ پھیرے ہوئے ہو؟ خدا کی قسم، میں وہی کھونٹی تمھارے کندھوں کے درمیان گاڑ دوں گا۔ (بخاری، رقم 2295)
ــــــ 2 ــــــ
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: صدقہ دینے سے کوئی مال کبھی کم نہیں ہوتا، جو بندہ معاف کر دے، اللہ اُس کی عزت ہی بڑھاتا ہے، اور جو اللہ کی خاطر عاجزی اختیار کرے، اُس کا صلہ یہی ہے کہ اللہ اُس کا درجہ بلند کر دے۔
(مسلم، رقم 4695)
ــــــ 3 ــــــ
حضرت عیاض بن حمار رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ نے میری طرف وحی کی ہے کہ تم لوگ تواضع اختیار کرو، یہاں تک کہ نہ تم میں سے کوئی کسی پر زیادتی کرے اور نہ کسی پر اپنی بڑائی کی دھونس جمانے کی کوشش کرے۔ (ابو داؤد، رقم 4252)