مواد پر جائیں

ندیم

جاوید احمد غامدی اردو

خوشا یہ وقت کہ پھولوں نے پیرہن بدلا

چمن میں ماہ سے اتری ہے رات کی مہماں

مری نگاہ کتابوں کے ڈھیر سے اٹھی

کہ اس ہجومِ خموشاں میں کچھ نہیں پنہاں

مرے ندیم، کئی بار آخرِ شب میں

مرے چراغ کی لو میں بنی تری تصویر

کنارِ آب چناروں میں ڈوب کر ابھری

خیالِ خواب میں خوابِ خیال کی تعبیر

ندیمِ شوق، اِدھر نو برس سے شام و سحر

رہِ حیات میں کانٹوں کی جستجو میں ہوں

یہ وہ سفر ہے کہ تو اِس سے بے خبر تونہیں

ترے سوا میں زمانے میں کس سے عرض کروں

یہ دور اہلِ محبت کو سازگار نہیں

ترا خیال بھی اب تو وفا شعار نہیں