پیمبرؐ کا اُسوہ جو مجھ کو ملا ہے
ہمیشہ عمل میں نے اُس پر کیا ہے
پیمبرؐ نے ہم سے یہ فرمایا اک دن
محبت سے، شفقت سے سمجھایا اک دن:
”نیا کپڑا جب بھی پہننے لگو تم
تو تعریف اپنے خدا کی کرو تم
کہو ذاتِ حق ہے پرستش کے لائق
وہی سب سے افضل، وہی سب سے فائق
اُسی سے ہر اک چیز ہم مانگتے ہیں
اُسی کی عنایت سے تن ڈھانپتے ہیں
پرانا لباس اپنا پھر تم اتارو
کسی فردِ محتاج کو جا پکارو
اُداسی کی تصویر میں رنگ بھر دو
پرانا لباس اُس کو خیرات کر دو
اگر تم سدا اِس روش پہ چلو گے
تو اپنی ترقی کا ساماں کرو گے
خدا کی پنہ تم کو حاصل رہے گی
قیامت کے دن کامیابی ملے گی“