یہ مجموعہ متفرق مقالات پر مشتمل ہے۔ اِنھیں مختلف تعلیمی اور توضیحی ضرورتوں کے پیشِ نظر وقتاً فوقتاً لکھا گیا ہے۔”حدیث کی جمع و تدوین“ اور”علم حدیث کی بنیادی اصطلاحات“ میں اُن مضامین کا خلاصہ ہے، جو تاریخ حدیث اور اصولِ حدیث کے زیرِ عنوان جامعات اور مدارس میں پڑھائے جاتے ہیں۔ اِن کی تالیف میں یہ کوشش کی گئی ہے کہ جملہ مباحث کے فنی معیارات کو مجروح کیے بغیر اِنھیں سلیس اسلوب میں پیش کیا جائے۔ ”حدیث و سنت کی حجیت: مدرسۂ فراہی کے موقف کا تقابلی جائزہ “ راقم کے ایم فل کے مقالے کی تلخیص ہے۔ یہ مقالہ جی سی یونیورسٹی، لاہور کے شعبۂ علوم اسلامیہ کے زیرِ اہتمام تحریر کیا گیا تھا۔”تفسیر قرآن میں عربی زبان و ادب سے استشہاد“ بھی یونیورسٹی کے زمانۂ تعلیم ہی کا ایک مضمون ہے۔”حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی سرگذشتِ رسالت“ کو اپنی کتاب ”نزولِ مسیح ــــــ غامدی صاحب کا موقف“ کی تسوید کے دوران میں تحریر کیا تھا۔ مقصد یہ تھا کہ اِس اہم موضوع پر کام کرتے ہوئے مسیح علیہ السلام کی دعوت کے مختلف مراحل پوری طرح پیشِ نظر رہیں۔”اسلام اور مصوری “اور”اسلام اور موسیقی“ دو مفصل مقالات ہیں، اِن میں استاذِ گرامی جناب جاوید احمد غامدی کے موقف کی روشنی میں مذکورہ موضوعات کے جملہ مباحث کی تنقیح کی گئی ہے۔